وحدت نیوز(ڈیرہ مرادجمالی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ڈیرہ مراد جمالی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹ فیڈر بحالی تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں کیونکہ پٹ فیڈر وہ واحد فیڈر ہے جو بلوچستان کے ایک وسیع رقبے کو سیراب کرتا ہے دریائے سندھ سے آباد ہونے والے اس خطے میں پانی کی قلت کا نوٹس لیا جاۓ۔دریائے سندھ سے نکلنے والے پٹ فیڈر کینال کو سات ہزار کیوسک پانی کی بجائے فقط تین ہزار کیوسک پانی دیا جارہا ہے جس کے باعث کسان اور زمین دار طبقہ انتہائی مشکل صورتحال میں ہے اور زراعت تباہ ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نصیرآباد کے کسانوں اور زمینداروں کی طرف سے کٸے گئے مطالبات اور اسلام آباد احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ نصیر آباد ڈویژن کی اس نہر کی بحالی کے لئے اپنا فریضہ ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کو اتحاد اور وحدت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر اہلسنت برادران کے ساتھ مل کر بھرپور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔ لبیک یا حسین اور لبیک یا رسول اللہ کے نعروں کے تحت لاکھوں عاشقان اہلبیت اپنے گھروں سے نکل کر کربلا کے شہداء کے ساتھ تجدید عہد کریں گے۔