وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے قائد اعظم محمد علی جناح کی 72ویں برسی کے موقعہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد اعظم کے اصولوں سے انحراف نے ملک کو تکفیریت اور دہشت گردی کے چنگل میں پھنسا دیا۔ قائد اعظم کی جدوجہد بیرونی ڈکٹیشن سے پاک ایک ایسی عظیم اور خود مختار ریاست کے لیے تھی جہاں ریاست کا کسی فرد کے مذہب سے کوئی سروکار نہیں، ریاست میں بسنے والا ہر فرد یکساں مذہبی آزادی کاحق رکھتا ہے۔طاقت کے زور پر دوسروں کے عقائد یا مذہب پر حملہ کرنا قائد کے فرمودات کی نفی ہے۔یہی عناصر قائد کے پاکستان کو شدت پسند ریاست میں بدلنے کے لیے بے تاب ہیں ۔جن طاقتوں نے قیام پاکستان کی مخالفت کی آج انہی کے پیروکار مستحکم و خوشحال پاکستان کی راہ میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عظیم قائد کے رہنما اصولوں پرکاربند رہے بغیر ایک عظیم فلاحی ریاست کی تشکیل ممکن نہیں۔ قائد اعظم کے حقیقی پاکستان کی شناخت ایک پُرامن اور تفرقہ بازی سے پاک ریاست سے ہو گی۔ تمام طبقات کو وطن عزیز کی خوشحالی میں اپنے حصے کا کردار ادا کرکے اپنی حب الوطنی کو ثابت کرنا ہو گا۔آج کا دن اس عہد کا تقاضہ کرتا پے کہ محض یوم پیدائش یا برسی کی تقریبات منانے سے حق ادا نہیں ہوتا ۔ملک سے کرپشن دہشت گردی، تکفیریت، تعصبات کے خاتمے اور یکساں مذہبی آزادی، قومی ترقی و استحکام اور باہمی احترام کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح کے زریں اصولوں میں خود کو ڈھالنا ہو گا۔