وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی شب ضربت کے موقع پر مختلف وفو د سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد میںتاریخ کی پہلی دہشت گردی مولائے کائنات ،وصی پیغمبر ،امام اول حضرت علی ؑ کو ضرب لگا کر کی گئی۔انہوں نے کہا کہ دور عصر کی طرح اس وقت بھی دین کا لبادہ اوڑھ کر اسلام کی صفوں میں منافقین موجود تھے جنہوں نے اپنے دنیاوی فائدے کے لیے داماد رسول امام وقت کے خون سے اپنے ہاتھوں کو رنگنے سے دریغ نہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات نے دین کوہر شے پر ہمیشہ مقدم رکھا۔ان کا کردار وعمل اسلامی تعلیمات کا حقیقی عکاس ہے۔حضرت علی علیہ السلام نے اپنے ظاہری دور خلافت میں جس طرح عدل و انصاف کی حکمرانی قائم کی اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ایک پرامن معاشرے کے لیے انہیں اصولوں کو رائج کرنا ہو گا۔اپنے امور کو منظم کرنے اور یتمیوں کے حقوق کے بارے میں ان کی وصیت پر عمل کر معاشرے کو طبقاتی تفریق سے پاک کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا حضرت علی علیہ السلام کی حکمت و بصیرت پوری انسانیت کے لیے رہنما اصول ہیں جن پر عمل باوقار زندگی گزارنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔