وحدت نیوز(اسلا م آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کوروناوائرس کے باعث دنیا کے مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی فوری وطن واپسی کے لیے حکومت سے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری دنیا کے کسی بھی ملک میں ہوں ان کے حقوق کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ایران،عراق اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد لاک ڈاؤن کی وجہ سے پھنسی ہوئی ہے۔بعض ممالک میں یہ مسائل معمول کی پروازوں اور عام نقل و حرکت پر پابندی کی وجہ سے پیش آئیں ہیں جب بعض ممالک جہاں لوگ روزگار کے حصول کے لیے گئے ہوئے ہیں وہاں انہیں دستاویزی مسائل کا سامناہے۔دیار غیر میں بسنے والے پاکستانی شہری جو کورونا وائرس کی وجہ سے مختلف مقامات پر پھنس کر انتہائی کرب ناک صورتحال سے دوچار ہیں انہیں اس اذیت سے چھٹکارا دلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ایک عالمی وبا ہے جس کا پورا دنیا کو سامنا ہے ۔اس وبا سے نمٹنے کے لے محض طبی اقدامات پر توجہ دینا کافی نہیں بلکہ اس کے باعث پیدا ہونے والی عوامی مسائل کو بھی حل کیا جانا ہوگا۔دنیا کے مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے محنت کشوں کو بےروزگاری ،خوراک اور رہائشی سہولیات کے فقدان سمیت بے تحاشہ مشکلات کا سامنا ہے۔اسی طرح ایران اور عراق میں پھنسے ہوئے زائرین ،طلباء اوران کے اہل خانہ کی تشویش میں بھی روزبروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔حکومت کو چاہیے کہ وہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔