وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ استاد شہید مرتضی مطہری عصر حاضر کے عظیم مفکر فقیہ فلاسفر اور نابغہ روزگار شخصیت تھے دین اسلام اور عصرحاضر کے موضوع پر ان کی کتب اور خطبات آج بھی رہنما ہیں۔ انہوں نے بہ یک وقت حوزہ علمیہ اور یونیورسٹی میں ایک مثالی معلم کی حیثیت سے طلبہ کی رہنمائی کی اور انقلاب اسلامی کی فکری اور نظریاتی اساس کو بیان کیا ان کے افکار و تعلیمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔
انہوں نےکہا عصرحاضر سے ہمآھنگ درجنوں موضوعات پر استاد مرتضی مطہری نے قرآن کریم اور سنت کی روشنی میں گفتگو کی اور عصرحاضر کی دین دشمن الحادی قوتوں کا علمی اور فکری محاذ پر مقابلہ کیا اور انہیں شکست دی۔ ہماری نوجوان نسل کو استاد مرتضی مطہری کے آثار کا بغور مطالعہ کرنا چاہیے۔
انہوں نےکہا کہ بدقسمتی سے ہماری قوم میں مطالعہ اور کتاب پڑھنے کی عادت نہیں مگر کورونا وائرس سے گھروں میں محصور عوام کو چاہئے کہ اپنا زیادہ تر وقت کتابوں کے مطالعے میں صرف کریں۔ عظیم مفکر اور مجاہد شہید مطہری کے آثار کا مطالعہ دین شناسی کے ساتھ ساتھ ہمارے فکری اور علمی ارتقاء کا باعث ہوگا۔ استاد مرتضی مطہری نے اللہ تعالی کی راہ میں اپنا خون دے کر اپنے پیغام کی صداقت کی گواہی اپنے پاکیزہ لہو سے دی۔ ایک مثالی استاد کے یوم شہادت پر تمام عاشقان حق و صداقت کو تبریک و تسلیت پیش کرتے ہیں۔