وحدت نیوز(جیکب آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مقصود علی ڈومکی نے کرونا وائرس اور لاک ڈاون کی صورت حال پر نظر نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کرونا وائرس کے خطرے کو سنجیدہ لیں کیونکہ کرونا وائرس نے دنیا بھر میں جو تباہی مچائی ہے وہ ہم سے سنجیدگی کا تقاضا کرتی ہے لہذا ہمیں کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔
انہوں نےکہا کہ وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ کی تقاریر اور اعلانات کے باوجود عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا غریب عوام اور مزدور طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہے حکمرانوں کو یہ بات سمجھنی چاہئے کہ محض تقریروں سے غریب کا پیٹ نہیں بھرتا۔ آخر 10 دن سے عوام کو محصور کرنے کے باوجود عوام کو راشن کیوں نہیں دیا جارہا دھاڑی کمانے والے مزدور کے بچے بھوکے ہیں۔ اگر صورتحال پر توجہ نہ دی گئی تو لوگ غربت اور افلاس سے مریں گے۔انہوں نےکہا کہ اراکین اسمبلی اور عوام کے منتخب نمائندے الیکشن مہم پر کروڑوں روپے خرچ کر دیتے ہیں مگر مصیبت کی اس گھڑی میں غریب عوام کی مدد کے لئے آمادہ نہیں یہی اس قوم کا المیہ ہے۔