وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ کرونا وائرس انسان دشمن وبا ہے جس کے سدباب کے لئے حکومتی اقدامات کی حمایت کرتے ہیں عوام گھروں میں محدود رہ کر وائرس کو شکست دے سکتے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک بھی بے احتیاطی کے باعث شکنجے میں ہیں اس لئے پاکستان کے عوام کو اپنی حفاظت کے لئے رضاکارانہ طور پر لاک ڈاون اور احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل درآمد کرنا ہوگا۔
انہوں نےکہا کہ دین اسلام میں انسانی جان کی حفاظت کو بڑی اہمیت حاصل ہے لہذا انسانیت کو وبا سے بچانے کے لئے دینی و مذہبی اجتماعات پر رضاکارانہ طور پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ فقہائے کرام کے فتاویٰ کی روشنی میں آج ملک بھر میں نماز جمعہ و جماعت کے اجتماعات معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نےکہا کہ مقام افسوس ہے کہ حکومت کی جانب سے غریب خاندانوں کے لئے ابھی تک راشن کا کوئی اہتمام نہیں کیا گیا کئی لوگ اس وقت فاقے سے ہیں۔ اور حکمران فقط زبانی جمع خرچ میں مصروف ہیں لہذا وفاقی اور صوبائی حکومت جلد عوام کی امداد کریں اور اس امداد کو کرپشن سے پاک رکھیں۔