وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھارت کے شہر دہلی میں انتہاپسند ہندوؤں کے ہاتھوں بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام،مساجد اوراملاک کی تباہی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت اپنے غنڈوں کو لگام دے۔بھارتی مسلمانوں کے خلاف جاری شرپسندانہ کاروائیوں کی ذمہ داری بھارتی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔مسلمانوں کےحالیہ قتل عام میں مودی حکومت کا پورا ہاتھ ہے۔وزیر اعظم مودی کے متعصبانہ طرز عمل نے انتہاپسند عناصر کے حوصلے بلند کیے ہوئے ہیں۔بھارتی حکومت میں موجود اسلام دشمن وزراء کی ایما پر مسلمانوں پر ہندوستان کی زمین تنگ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک اور مسلمان حکمرانوں کی بھارت کے خلاف خاموشی افسوسناک ہے۔عالم اسلام کو اپنا سکوت توڑ کر بھارتی مظالم کے خلاف شدید ردعمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔اس وقت پوری دنیا کی باطل قوتیں عالم اسلام کے خلاف مجتمع ہو رہی ہیں۔امت مسلمہ کو اپنی سالمیت اور بقا کے لیے یہود و ہنود کے خلاف متحد ہونا ہو گا۔بھارتی حکومت کے انتہاپسندانہ اقدامات نے سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ریاست کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست کا نام ہے جہاں گولی اور لاٹھی کا راج ہے۔مقبوضہ کشمیر کے بعد اب بھارت کے مختلف شہروں میں بھی معاشرتی قدروں کی بدترین پامالی کے ان گنت واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی تنظیموں کو بھارت کے اپنی شہریوں کے ساتھ جارحانہ طرز عمل پر نوٹس لیتے ہوئے اسے منفی اقدامات سے روکنا ہو گا۔