وحدت نیوز (اسلام آباد) اقوام عالم کو درپیش سنگین خطرات اور بدامنی کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے، امریکہ عالمی امن کا بدترین دشمن ہے، دہشت گردوں کے اس سرغنہ کو جنوبی ایشیا کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری ایک بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے ایران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں امت مسلمہ کی غیرت و حمیت کو للکارنے کے مترادف ہے، یہود و نصاریٰ کو عالم اسلام کے مقابلے میں منہ کی کھانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب عالمی حالات یکسر بدل رہے ہیں، طاقت کا توازن تیزی سے تبدیلی کی طرف جا رہا ہے، عالم استکبار کی پسپائی اس کا مقدر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک ایران پر کسی بھی جارحیت کی صورت میں پوری پاکستانی قوم اپنے مسلم برادر ملک کے ساتھ کھڑی ہوگی، امریکہ کی حالت ایک بوکھلائی ہوئی بلی کی طرح ہوچکی ہے جو اپنے آپ کو بچانے کے لیے ہاتھ پاوں مار رہی ہے، امریکہ اور اس کے حواری دنیا پر اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لئے بے گناہ انسانوں کا خون بہارہے ہیں۔
علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کو غیر مستحکم رکھنا امریکی مفاد میں ہے، اپنے ناپاک منصوبے کی تکمیل کے لئے امریکہ داعش کے بچے کچھے دہشتگردوں کو پاکستان اور افغانستان منتقل کررہا ہے، افغانستان کو بدحال اور تباہ کرنے کے بعد ایران کے خلاف جارحیت کا مذموم ارادہ پورے خطے کے لئے ایک الارمنگ صورت حال ہے، امریکی مفادات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ پاک فوج ہے، امریکہ جانتا ہے کہ پاکستان کو عسکری اعتبار سے نیچا نہیں دکھایا جاسکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ معاشی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کرکے اور دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار رکھنا چاہتا ہے۔