لاہور (وحدت نیوز) میو ہسپتال لاہور میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے زخمی عزاداروں کی عیادت پر آنے کی اطلاع پر پنجاب کے صوبائی مشیر صحت ممبر صوبائی اسمبلی خواجہ سلمان رفیق ایم ایس میو ہسپتال دیگر ڈاکٹروں کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ اب تک کے زخمیوں کے حالات دیکھ کر میں یہ کہنے پر مجبور ہوں کہ ہسپتال انتظامیہ اور حکومتی اقدامات شرمناک اورقابل مذمت ہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے ایسے ہنگامی حالات میں بر وقت علاج معالجہ کے انتظامات کرے، زخمیوں کا یہاں کوئی پرسان حال نہیں جس پر مشیر صحت پنجاب نے ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر باقی نہ رکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایم ایس صاحب کی نگرانی میں بورڈ تشکیل دیا ہے جو مکمل طور پر ان زخمیوں کا مکمل علاج کریں گے اور ہر قسم کے اخراجات پنجاب گورنمنٹ برداشت کریگی۔