وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے فیصل آباد میں حکومت کی جانب سے عید میلادالنبی کے بینرز اور سائن بورڈ اتارے جانے کے عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے کارکنوں کا ہدایت کی ہے کہ وہ حکومت کے اس متعصبانہ رویہ کے خلاف سنی اتحاد کونسل کے احتجاجی دھرنوں میں جوق در جوق شریک ہوں۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فیصل آباد میں سنی اتحاد کونسل کے احتجاجی دھرنوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم کے کارکن فوری طور پر ان دھرنوں میں شریک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حرمت پیامبر (ص) اور میلادالنبی (ص) کے جلوسوں پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے، ملت جعفریہ اپنے اہلسنت بھائیوں کے شانہ بشانہ میلاد کے جلوسوں میں شریک ہوگی۔ سید ناصر شیرازی نے کہا کہ فیصل آباد کی متعصب انتظامیہ کو فوری برطرف کیا جائے، جس نے عید میلادالنبی (ص) کے بینرز اور سائن بورڈ اتارے دیئے ہیں۔ ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ فیصل آباد انتظامیہ یہ سب کچھ وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کے ایما پر کر رہی ہے جو دہشت گردوں کے سرپرست ہیں اور ملک میں طالبانی نظام کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔