وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کراچی میں سی آئی ڈی آفیسر چودھری اسلم اور پولیس اہکاروں کے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے پر اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ چودھری اسلم پر بم دھماکے سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے طالبان کا ناسور ملک کیلئے انتہائی خطرناک شکل اختیار چکا ہے جس کا خاتمہ بیحد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے حامی قوم کو بتائیں کہ وہ ریاست کے ساتھ ہیں یا ان نام نہاد طالبان کے، جو مساجد، امام بارگاہیں، بازار، گرجہ گھر، جی ایچ کیو، مہران ائیر بیس، کامرہ ائیر بیس اور قومی املاک تک کو نہیں بخشتے، یہ ظالمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت فیصلہ کرے کہ وہ کس کے ساتھ ہے، آیا ریاست بچانی ہے یا طالبان؟، ہمارا پہلے دن سے یہی مؤقف رہا ہے کہ ریاست کے باغیوں سے کسی صورت مذاکرات نہ کیے جائیں، ہم آج بھی یہی مطالبہ کرتے ہیں جو پاکستان کے آئین، پرچم اور قومی اداروں کو تسلیم نہیں کرتا اس کیخلاف فی الفور بے رحمانہ آپریشن کیا جائے۔