وحدت نیوز(آرٹیکل) پاکستان میں بسنے والے مسلمانوں کا ماضی اتنا خوبصورت اور تاریخ ساز ہے کہ جس کی کوئی مثال نہیں ملتی، جہاں پر پاکستان کی ثقافت کی اک جھلک عرض کی ہے۔ پاکستان میں بسنے والی مختلف اقوام و طبقات کی آپس میں اتنا پیار و محبت کہ جس کی مثال شاید ہی کسی ملک میں نظر آتی ہو۔ ملک عزیز میں باہمی پیار و محبت کی فضا تھی، پوری ملت ایک ہی پلیٹ فارم پر اپنی اپنی جداگانہ حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے زندگیاں گزار رہی تھی اور ہماری ثقافت ایسی تھی کہ جس کے اندر غیر مسلم کو بھی اتنا تحفظ تھا کہ قیام پاکستان کے وقت ہندوں کو مسلمانوں نے خود ان کے مال و متاع کے ساتھ روانہ کیا۔ جہاں پر پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کے مواقع پر بازار بند کر دیئے جاتے تھے اور عام تعطیل کا اعلان کیا جاتا تھا۔ ہمارا ماضی بہت روشن تھا، جہاں پر ہر مکتبہ فکر کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے نظر آتے تھے۔
اگر ہم تاریخ پاکستان کے اوراق میں تھوڑا جھانک کر دیکھیں تو بہت سی تاریخی اقدار و روایات آج ختم ہوتی نظر آرہی ہیں۔ قیام پاکستان کے وقت جو نعرہ لگایا گیا تھا وہ تھا "پاکستان کا مطلب کیا"، "لا الہ الا اللہ" یعنی پاکستان کا قیام تمام تر مکاتب فکر کی باہمی محنت و کوششوں سے ہوا۔ تحریک پاکستان کے دوران کسی قسم کی کوئی فرقہ بازی یا لسانیت کے عنوان پر تقسیم نہیں تھی۔ تمام مسلمان ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر اس حریت کی نہضت کو مکمل کرنے میں پرجوش تھے جس کی وجہ سے یہ ملک حاصل ہوا۔ اگر ہم تاریخ پر نظر دوڑائیں تو ملک پاکستان کے قیام سے لے دو دہائیاں پہلے تک اس دھرتی میں بسنے والے تمام مسلمان چاہے وہ جس مکتب فکر سے تعلق رکھتے تھے، وہ باہم یکجا نظر آتے ہیں۔ شیعہ خاندان کی اہلسنت خاندان میں شادیاں ہوئی تھیں اور اسی طرح اہلنست خاندان کے لوگوں کی شیعہ خاندان میں نظر آتی ہیں۔ یہ وہ ملک ہے جہاں سالہا سال کئی خاندان اکٹھے اپنی اپنی مذہبی روایات و ثقافت کے مطابق زندگی گزار رہے تھے۔ شیعہ مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ اہلنست کی محافل میں جاتے تھے اور شرکت کرتے تھے، نہ فقط شرکت کرتے تھے بلکہ انتظامی معاملات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ اور اسی اہلنست برادران بھی اہل تشیع کی مجالس و محافل میں اسی باہمی یگانگت و بھائی چارے کے جذبہ سے شرکت کرتے تھے۔
جہاں پر تعلیمی اداروں کے اندر طلاب عزیز ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر پڑھتے تھے اور ان کے درمیان بھائیوں جیسا رشتہ ہوتا تھا، وہ ایک دوسرے کی خوشی و غم میں شریک ہوتے تھے اور ان طلاب کے اندر گھریلو تعلقات ہوتے تھے۔ محلوں کے اندر ہمسایوں کے ساتھ تعلقات اس حد تک قریب ہوتے تھے کہ اگر کسی کے ہاں کوئی مشکل پیش آتی تھی تو پورا محلہ ان کے غم میں برابر کا شریک ہوتا تھا۔ اگر کسی کی شادی بیاہ کا پروگرام ہوتا تھا وہ پوری برادری بغیر کسی امتیاز کے شرکت کرتی تھی اور کئی کئی دن پہلے پہنچ جاتے تھے اور کئی دن بعد تک شادی والے گھر رہتے تھے۔ اگر کسی کے ہاں اولاد پیدا ہوتی تھی تو سب خوشیاں مناتے تھے۔ اگر کسی علاقے سے کوئی فرد اگر اچھا پڑھ لکھ جاتا تھا تو سارے لوگ فخر محسوس کرتے تھے اور ایک فرد کی کامیابی کو پورے علاقے کی کامیابی قرار دیا جاتا تھا۔ اگر ہم مذہبی تہواروں کی بات کریں تو تمام پاکستانی ایک ہی پلیٹ فارم پر نظر آتے تھے، کسی قسم کی کوئی تفریق نہیں تھی اور پاکستان پر آنے والی مشکلات میں ہمیشہ سے ملت پاکستان بغیر کسی تعصب کے وطن کے مفاد کو مدنظر رکھ کر مشکلات کا مقابلہ کرتی تھی، جس کی واضح مثالیں پاکستان کے دیرینہ دشمن بھارت کےساتھ لڑی جانی والی جنگیں ہیں۔ مختلف ادوار میں آنے والی ناگہانی آفات جیسے سیلاب، زلزلہ اور قحط سالی ہیں، ان سب میں پوری قوم اپنے متاثر ہونے والے بہن بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک نظر آتی تھیں اور یہ ان کی بحالی کے لئے بغیر کسی مذہبی، لسانی و قومی تفریق کے برابر کوشش کرتے تھے۔
ہمارا ماضی کیسا تھا؟؟؟
پاکستان میں بسنے والے مسلمانوں کا ماضی اتنا خوبصورت اور تاریخ ساز ہے کہ جس کی کوئی مثال نہیں ملتی، جہاں پر پاکستان کی ثقافت کی اک جھلک عرض کی ہے۔ پاکستان میں بسنے والی مختلف اقوام و طبقات کی آپس میں اتنا پیار و محبت کہ جس کی مثال شاید ہی کسی ملک میں نظر آتی ہو۔ ملک عزیز میں باہمی پیار و محبت کی فضا تھی، پوری ملت ایک ہی پلیٹ فارم پر اپنی اپنی جداگانہ حیثیت کو برقرار رکھتے ہوئے زندگیاں گزار رہی تھی اور ہماری ثقافت ایسی تھی کہ جس کے اندر غیر مسلم کو بھی اتنا تحفظ تھا کہ قیام پاکستان کے وقت ہندوں کو مسلمانوں نے خود ان کے مال و متاع کے ساتھ روانہ کیا۔ جہاں پر پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے مذہبی تہواروں کے مواقع پر بازار بند کر دیئے جاتے تھے اور عام تعطیل کا اعلان کیا جاتا تھا۔ ہمارا ماضی بہت روشن تھا، جہاں پر ہر مکتبہ فکر کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے نظر آتے تھے۔
کہاں گیا وہ روشن ماضی؟؟؟
جہاں اس غیور قوم کا اتنا روشن اور تاریخ ساز ماضی تھا، جس ملت کی اتنی عظیم الشان روایات تھیں اور جس قوم کی ثقافت قابل رشک تھی پھر ایسا کیا ہوا اس قوم کے ساتھ کہ آج وہ سب کچھ لٹ گیا۔
کہاں گیا وہ سب کچھ؟؟؟
کہاں گئی وہ ثقافت اور حقيقت دین؟؟؟
کہاں گیا وہ باہم بھائی چارے کا جذبہ؟؟؟
کہاں گئی وہ برادرياں اور مذہبی رواداری؟؟؟
کہاں گیا وہ آئین جو اقلیتوں کو تحفظ دیتا تھا؟؟؟
کہاں گئی آباء کی وراثت؟؟؟
کہاں گیا وہ جذبہ حب الوطنی؟؟؟
کہاں گیا وہ نظریہ جو اساس پاکستان تھا؟؟؟
کہاں گیا وہ عالم اسلام کی سرداری کا خواب؟؟؟
کہاں گیا وہ عالمی اسلامی بینک کے قیام کا خواب؟؟؟
کہاں گیا وہ جذبہ و جنوں جو مسئلہ کشمیر پر ہوتا تھا؟؟؟
یہ چند سوالات ہیں جو آج ہر پاکستانی کے ذہن ميں گردش كرتے ہیں، ہر فرد اس کا جواب چاہتا ہے کہ آخر ایسا کیا ہوا کہ جس کی بنا پر ہم نے یہ سب کچھ کھو دیا، جس کی بدولت ہم نے اس ملک عزیز میں مصیبتیں پال لی ہیں اور یہ وطن آئے روز بحرانوں کی دلدل میں پھنستا چلا جا رہا ہے۔ آئے روز بدامنی، معاشی بحران، انرجی بحران، سیاسی بحران، قحط سالی جیسے بحرانوں کا سامنا ہے۔ آیئے میرے ہم وطنو ہم سب ملکر ان سوالات کے جواب ڈھونڈتے ہیں اور ان کو حل کرکے اپنا اسی روشن ماضی كو عصر حاضر كے تقاضوں كے مطابق واپس لانے کی کوشش کرتے ہیں۔
تحریر۔۔۔۔۔ڈاکٹر علامہ شفقت شیرازی