The Latest
وحدت نیوز(لاہور) ولادت با سعادت امام حسین علیہ سلام و حضرت عباس علمدار علیہ سلام کے پر مسرت موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے میڈیا سیل سے جاری اپنے تہنیتی پیغام میں تمام امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوے کہا کہ تین اور چار شعبان المعظم سید الشھداء امام حسین علیہ سلام اور ان کے با وفا بھائی اور سالار لشکر حضرت غازی عباس علمدار علیہ سلام کی ولادت باسعادت کے یہ مبارک ایام تمام اہل اسلام و محبان اہلبیت علیھم السلام کے لیے عید سے کم نہیں یہ ایام جو اھلبیت سے منسوب ہیں تمام عاشقان محمد و آل محمد علیھم السلام کے لیے باعث برکت اور پر مسرت ہیں۔
انھوں نے کہا کہ نواسہ رسولؐ کا میلاد عظیم الشان انداز سے منانا چاہیے کیونکہ یہ وہ ہستی ہیں جن کے دم سے دین اسلام اور کل انسانیت کو بقا و دوام حاصل ہوا ۔انہوں نے کہا کہ جناب رسول خدا صل اللہ علیہ وآلہ وسلم سے امام عالی مقام کی فضیلت و عظمت پر کثرت سے روایات موجود ہیں آپ کی ذات گرامی منبع ھدایت ہے اور تاریک دلوں کو روشن کرنے والے نور کا سرچشمہ ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ فرزند حیدرؑ و بتولؑ تمام انسانوں کے لیے نجات کی کشتی ہیں اور ھدایت کا چراغ ہیں۔ انہوں نے کہا امام حسین علیہ سلام نے معرکہ کربلا سجا کر رہتی دنیا تک آنے والی نسلوں کو عزت سے جینے کا راستہ دکھلا دیا ۔
حضرت عباس علیہ سلام کی شخصیت پر روشنی ڈالتے ہوۓ سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کربلا کے میدان میں حضرت عباس علیہ السلام نے جس عزم وحوصلہ ، شجاعت وبہادری اور ثابت قد می کا مظاہرہ کیا اس کو بیان کرنے کا مکمل حق ادا کرنا نہ تو کسی زبان کے لئے ممکن ہے اور نہ ہی کسی قلم میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ اسے لکھ سکے مولا حسین ع کے با وفا اور زمانے کے فقیہ بھائی نے جرات بہادری اور وفا کے ساتھ ساتھ اپنے امام کی اطاعت کرنے کا سلیقہ ہمیں سکھایا ۔انھوں نے بتلایا کہ امام وقت کے ہر حکم کے سامنے کیسے سر تسلیم خم کرنا ہے انہوں نے مزید کہا ہمارا لاکھوں سلام ہو اہلبیت علیھم السلام کے عظیم گھرانے پر جو شمع ھدایت ہیں اور جنکی پاک و پاکیزہ سیرت پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی نے ماہ شعبان المعظم کی آمد پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ خداوند سبحان نے اپنے بندوں پر کرم و بخشش کرنے کے لیے ماہ رجب شعبان اور رمضان جیسے با برکت مہینے عطا کیے ہیں ماہ شعبان المعظم کے بارے میں ختمی المرتبت حضرت محمد صل اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں کہ ماہ شعبان میرا مہینہ ہے پس قرب خداوندی اور سرور کائناتؐ کی محبت میں اس ماہ میں روزے رکھے جائیں مخصوص عبادات اور اذکار بجا لاے جائیں تاکہ ہم معرفت خدا و رسولؐ کی منازل طے کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا اس ماہ کی فضیلت تو اس بات سے بھی ظاہر ہوتی ہے کہ اس کے آغاز میں عقیلہ بنی ہاشم جناب زینب بنت علی سلام اللہ علیھا کی ولادت ہوتی ہے اور پھر سیدالشہداء امام حسینؑ ، غازی عباس علمدارؑ ، امام زین العابدین ع جناب قاسمؑ و اکبرؑ اور حجت آخر امام مھدی علیھم السلام کی ولادت غرضیکہ نفوس قدسیہ کی آمد کا ایک سلسلہ ہے جو اس ماہ کی رونقوں اور خوشیوں کو دوبالا کرتا ہے ۔
ان کا کہنا تھا اہلبیت علیھم السلام سے عشق و محبت کا دم بھرنے والوں کے لیے یہ خوشیوں اور روحانی کیفیات سے بھرپور ایام ہیں خداوند عالم سے دعا ہے کہ اہلیبیت علیھم السلام کی خوشیوں کے صدقے تمام محبان و فدایان محمد و آل محمد (ع) کے رنج و غم دور ہوں اور ان پاک ہستیوں کے وسیلے سے ہر ایک کا دامن رزق ، صحت و عافیت سے بھر دے۔
وحدت نیوز(تھرپارکر) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین نےمدرسہ ام ابیہا وتعلیم بالغاں سکول کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب کے لیے محترمہ سیمی نقوی مرکزی مسؤل رابطہ محترمہ غزالہ جعفری مرکزی مسؤل تعلیم سازی وروابط اور محترمہ کنول بتول ضلعی مسؤل نشرواشاعت حیدر آباد نے اس سکول و مدرسہ کی بنیاد رکھی اور شرکت کی ۔
روز عید مبعث کے بابرکت اور پر مسرت موقع پر تھر پارکر کے پاک علاقے میں واقع گوٹھ آدم رند میں مدرسہ ام ابیھا اور تعلیم بالغاں سکول کا افتتاح کیا گیا۔علاقے کی خواتین ،بچیوں اور بچوں میں قرآنی قاعدے، کلرنگ بکس، کلرنگ پنسلز، سلیٹ، چاک، مقنعے اور ٹافیاں اور بسکٹس تقسیم کیے گئے۔وہاں پر موجود محدود ترین وسائل ہی سے استفادہ کرتے ہوئے چند بچیوں کو معلمات کے طور پر مقرر کیا گیا اور انہیں ایک ماہ کا ٹاسک آزمائش کے لیے دیا گیا تاکہ ایک ماہ بعد صورت حال کا اندازہ لگانے کے بعد کسی معلم کا مستقل طور پر انتظام کیا جاسکے۔
فی الوقت وہاں کے بچوں اور بچیوں میں خاصہ جوش و جذبہ مشاہدہ کیا گیا اور ان کی محرومی کا شدت سے احساس ہوا کہ نہ صرف یہ لوگ زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں بلکہ آج جبکہ دنیا کا گوشہ گوشہ علم کے نور سے منور ہورہا ہے، تھر پارکر کے یہ سادہ لوح لوگ باب مدينة العلم کے چاہنے والے ہونے کے باوجود علم کی روشنی سے محروم ہیں۔خواھران وحدت نے سرحد پر واقع سید گل محمد شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔
وحدت نیوز(ہری پور)مجلس وحدت مسلمین ویمن ونگ صوبہ خیبر پختون خواہ کا ایک اہم اجلاس سیکرٹری جنرل راضیہ جعفری کی زیر صدارت ضلعی جنرل سیکرٹری تصور نقوی کی رہائش گاہ پر منعقدہوا جس میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات خانم نرگس آفس سیکرٹری مسز روبینہ واجد اور دیگر نے خصوصی شرکت کی ۔
اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال پر غور کیاگیا اور آئندہ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی گئی اوربلدیاتی انتخابات میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر کے اضلاع کا دورہ کیاجائے گا اور فیصلہ کیاگیا کہ پورے صوبہ میں خواتین کی تنظیم سازی بھی کی جائے گی۔
اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل شعبہ خواتین و ایم پی اے سیدہ زہراء نقوی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیاگیا جبکہ قائد وحدت علامہ ناصر عباس جعفری کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔
وحدت نیوز(لاہور)خواتین کے عالمی دن کے موقع پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پی سی ہوٹل لاہور میں مضبوط خاندان،! محفوظ عورت،! مستحکم معاشرہ کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں ڈاکٹر سمعیہ راحیل قاضی اور ثمینہ سعید کی خصوصی دعوت پرمحترمہ حنا تقوی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاھور نے خصوصی خطاب کیا۔تقریب میں ضلع کی نامور خواتین جن میں ڈاکٹرز پروفیسرز وکلاء اور مختلف شعبہ جات کی خواتین نے شرکت کی ۔
محترمہ حنا تقوی نے اپنےخطاب میں کہا کہ خاتون کے معنی حیا دار پردے میں رہنے والی کے ہیں خواتین صرف وہ ہی ہیں جو معزز ہیں معاشرے کی تمام عورتوں کو خواتین نہیں کہتے۔انھوں نے کہا کہ اگر ہم مظبوط خاندان ! محفوظ عورت! مستحکم معاشرہ چاہتے ہے تو ہمیں حضرت فاطمتہ الزہرہ سلام اللہ علیہا کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونا پڑےگا کیونکہ انہوں نے ایسا خاندان مرتب کیا جو قیامت تک بے مثل رہے گا ایسے راہنما و رہبر بیٹے جو دین اسلام کی بقا اور شان ہیں اور ایسی با عظمت بیٹیاں مشکل سے مشکل حالات میں بھی ظلم کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی رہیںتقریب میں عظمی نقوی ڈپٹی سیکرٹری اور حمیرا رضوی سیکرٹری شعبہ سیاسیات نے بھی شرکتِ کی تقریب کے اختتام پہ شرکاء محفل نے حنا تقوی سے ملاقات کی اور خطاب کو سراہا۔
وحدت نیوز(تھرپارکر) حیدرآباد سے 300 کلومیٹر کی مسافت پر واقع تھر کے گاؤں گوٹھ آدم رند جو کہ انڈیا کے بارڈر سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، وہاں گزشتہ روز مرکزی رابطہ جنرل سیکرٹری محترمہ سیمی نقوی، مرکزی مسئول معاون تنظیم سازی غزالہ جعفری اور مسؤل تعلیم و تربیت ضلع حیدرآباد کنول بتول نے تنظیم سازی کے ہدف کے تحت دورہ کیا ۔
تینوں خواتین نے باری باری وہاں پر موجود خواتین کے سامنے اپنے آنے کے ہدف کو بیان کرتے ہوئے تنظیم کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور ان خواتین کو یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ ہم خواتین معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، کبھی اپنے آپ کو کمتر نہیں سمجھیے، عورت کے بغیر معاشرے کی ترقی ناممکن ہے، ہمارا ہدف مل جل کر ایک ایمانی معاشرے کا قیام ہے، ہمیں چاہیے کہ خدا کی راہ جوکہ انبیاء کرام علیہم السّلام اور آئمہ معصومین علیہم السّلام نے تعلیم فرمائی ہے اس کے بارے میں جاننے کی کوشش کریں اور پھر استقامت کے ساتھ اس راہ پر گامزن ہوجائیں کہ یہی وہ طریقہ ہے جس کے ذریعے ہم زمانے کے امام عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی خوشنودی کو حاصل کرسکتے ہیں۔
محترمہ سیمی نقوی نے تمام موجود خواتین کو ان کی ذمہ داریاں سمجھائیں اور پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی اور ان سب کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ پورے خلوص کے ساتھ جب آپ اپنے اردگرد کو سنوارنے کی کوشش کریں گی تو ان شاءاللہ آپ خود اپنی زندگیوں میں بہترین تبدیلیاں دیکھیں گی۔
وحدت نیوز(لاہور) سفیر انقلاب شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ؒ کی دختر ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرانقوی نے اپنے شہید والد کی 26ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی قوم و ملت کا درد رکھنے والے ، ایک عظیم مسیحا اور انتھک محنت کرنے والی بے مثال شخصیت کے حامل تھے جنھوں نے ملت کے جوانوں کو عزت اور سربلندی کے ساتھ جینا سکھایا دشمن چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو اس کے سامنے ڈٹ کر آواز حق بلند کرنا سکھایا شہید نقوی نے سید الشہداؑ کے راستے پر چلتے ہوئے اپنے دین ، وطن اور نظریات کے تحفظ کے لیے اپنی تمام تر زندگی جہد مسلسل میں گزاری اور ان کی بے لوث خدمات کا نتیجہ آج ملت تشیع کے بیدار و بابصیرت نوجوانان کی صورت ہمارے سامنے ہے۔
انہوں نے کہاکہ بسا اوقات قومیں اپنے عظیم مسیحوں کے نام تو یاد رکھتی ہیں لیکن ان کے افکار اور راہ عمل سے یکسر غافل ہوجاتی ہیں جو کہ لمحہ فکریہ ہے شہداء کی یاد منانا اور ان کے کردار اور عظیم جدوجہد کا تذکرہ کرنا قوم میں نیا جزبہ اور ولولہ پیدا کرتی ہے اور ان میں اپنے مکتب اور نظریات کے تحفظ کے لیے قربانی دینے کا حوصلہ پیدا کرتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا میرے شہید بابا ایک عظیم مجاہد اور فکر کربلا کے ترجمان تھے جنہوں نے قائد ملت جعفریہ شہید عارف حسین الحسینی ؒ کا دست راست بن کر ملک کے گوشے گوشے میں کربلائی و انقلابی فکر کو عام کیا ۔
انہوں نے کہا ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید زندگی میں ایک ایسے محور کی حیثیت رکھتے تھے، جس کے گرد ملک بھر کے تنظیمی، انقلابی، بیدار نوجوان کھنچے چلے آتے تھے۔ ان کی مقناطیسی شخصیت کی کشش سے ہر کوئی ان سے مربوط رہتا تھا اور ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کا یہ کمال تھا کہ وہ مردم شناس ہونے کے ناتے ہر ایک سے اس کی صلاحیتوں کے مطابق کام لیتے تھے ان کی شہادت کے بعد ہم اس مقناطیسیت سے محروم ہوگئے۔
انہوں نے مزید کہا آج بھی میدان عمل میں رہتے ہوئےکام کرنے کی شدید ضرورت ہے، سعادت و خوشبختی کا اور شہداء کا راستہ ہمارا منتظر ہے کہ کوئی محمد علی نقوی بن کر آئے اور ملت کے دردوں کی دوا کرے۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین حیدر آباد کی جانب سے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت محترمہ عظمی تقوی کی سربراہی میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ بعنوان تدبر قرآن کا انعقاد امام بارگاہ اصغریہ حسینی مشن میں کیا گیا۔
اس ورکشاپ میں ایم ڈبلیوایم ضلع حیدر آباد کے برادران نے بھی شرکت کی جبکہ شعبہ خواتین کے تمام یونٹس سے خواہران کی بھرپور شرکت رہی ورکشاپ میں ادارہ تنزیل القرآن کے رکن مولانا علی عباس نقوی نے خطاب کیا اور قرآن کی تلاوت و تفسیر پڑھنے اور اس پر تدبر کرنے اور اپنی زندگی کو قرآن کے سنہری اصولوں کے مطابق گزارنے کی اہمیت پر زور دیا۔
وحدت نیوز(اٹک)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین اٹک کی جانب سے بیت الزہراؑ انسٹی ٹیوٹ میں سلائی اور کفن کی تیاری کی کلاسز کا سلسلہ جاری تھا جسکا پہلا بیج کورس مکمل کرچکا ہے جن خواتین نے ان کلاسز میں حصہ لیا ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلعی اور مرکزی اراکین نے شرکت کی ۔ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین اٹک کی مسئول مالیات محترمہ عاصمہ نوید مسئول تحفظ عزاداری سلمی نقوی نے فی سبیل اللہ خواتین کو سلائی اور کفن بنانا سکھانے کی ٹریننگ دی نیز یکم مارچ سے نۓ کورس کا آغاز کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(لاہور) ولادت باسعادت امام المتقین ، امیرالمومنین امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے مختلف اضلاع اور یونٹس میں جشن کی محافل کا انعقاد کیا گیا سکھر ، رحیم یار خان ، لاہور ، چشتیاں ، اٹک ، ٹنڈو محمد خان ، ملتان اور ضلع دادو میں تیرہ رجب جشن مولود کعبہ اور یوم پدر کے عنوان سے منایا گیا ۔
ان محافل میں مقررین نے بہترین انداز میں مولاۓ کائنات کے فضائل و مناقب اور سیرت و کردار پر روشنی ڈالی ،ثناء خوانوں نے بارگاہ امیرالمومنین ع میں گلہاۓ عقیدت پیش کیے ان اجتماعات میں خواتین اور بچوان کی کثیر تعداد نے شرکت کی علاوہ ازیں پندرہ رجب المرجب ایام البیض کی مناسبت سے مختلف جگہوں پر اجتماعی طور پر عمل ام داود بجا لانے اور جناب زینب کبری سلام اللہ علیھا کی شہادت کے موقع پر مجالس کا اہتمام بھی کیا گیا۔