The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین خیرالعمل فاؤندیشن نثارعلی فیضی کا طورمک کے عوام کے لیے علامہ ناصرعباس جعفری کے اعلان کردہ واٹر پروجیکٹ کے سروے کے لیے صوبائی سیکر ٹری فلاح و بہبود علامہ احمد نوری ، تر جمان ایم ڈبلیوایم اسکردو ڈویژن فدا حسین اور انجینیئر علی سنگ کے ہمراہ طورمک سب ڈویژن روندو کا دورہ کیا ۔ طورمک ویلی روندو کی اہم ویلی ہے جس میں اکثریت عوام صاف پانی کی نعمت سے محروم ہیں اور دریا کا گدلا پانی پینے پر مجبور ہیں جس کے نتیجے میں کئی بیماریوں کا شکار ہیں اس موقع پر نثار علی فیضی نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی طورمک عوام کی دیرینہ خواہش ہے جسکو پورا کرنے کے لیے خیرالعمل فاؤنڈیشن نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی ہدایت پر اس علاقے میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے فیزیبلٹی تیار کروائی اور ڈونرز سے رابطے کیے اس پر و جیکٹ کو اگلے سیزن سے پہلے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام موجودہ حکومت کی کرپشن اور عوامی مسائل حل کرنے میں ناکامی کے بعد مجلس وحدت مسلمین پاکستان کو اپنا نجات دہندہ سمجھ رہے ہیں اس وجہ سے خیرالعمل فاؤنڈیشن اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے تمام تر وسائل و امکانات کو علاقہ کے عوام کی ضروریات پورا کرنے کے لیے صرف کرنے کا عزم رکھتی ہے اور اس سلسلے میں ملت کے تمام مخیر حضرات سے اپنا حصہ ڈالنے کی پر زور اپیل کرتی ہے۔ دورہ کے دوران خیرالعمل فاؤنڈیشن کے چیئرمین نے پروجیکٹ پر عملدرآمد کے تمام لوازمات کوپورا کرنے کا جائزہ لیا اس منصوبے کے تحت پہاڑوں پر سے پانی کے صاف چشمے کے قریب ایک پول بنا کر پائپ کے ذریعے پانچ سے سات دیہا توں کے تقریبا700 مکینوں کو صاف پانی کی سہولت فراہم کی جا سکے گی ۔ طورمک کے عوام نے اس دورے کو بے حد سراہا ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) یوم القدس یوم شعائر اسلام ہے،امام خمینی کی سنہری یادوں میں سے ایک یاد یوم القدس ہے، یوم القدس عالمی استعمار کے خلاف سر بکف ہو نے کا دن ہے، مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملک بھر میں یوم القدس اسلامی تشخص اور آبرو کے ساتھ منائے گی، یوم القدس کے پروگرامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ نے مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سالہائے گذشتہ کی نسبت اس سال یوم القدس انتہائی حساس اہمیت کا حامل ہے، غزہ ، عراق اور شام میں جاری انسانیت سوز مظالم تقاضہ کرتے ہیں کہ یوم القدس کو یوم حمایت مظلومین جہاں کی طور پر منایا جائے ، داعش امریکہ ، اسرائیل اور سعودیہ کی ایماء پر شیعہ سنی مسلمانوں کے قتل عام اور مقامات مقدسہ کی تباہی میں ملوث ہے، انشاء اللہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان رہبر کبیر ، بت شکن زمان ، حضرت امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کے فرمان پر جمعتہ الوداع کو یوم القدس امت اسلامی کے اتحاد کے مظہر کے عنوان سے منائے گی، اس حوالے سے پروگرامات ترتیب دے دیئے گئے ہیں،مرکزی شعبہ اطلاعات کی جانب سے یوم القدس کی مناسبت سے پوسٹر کا اجراء کر دیا گیا ہے، مختلف شہروں میں فلسطین سیمینار کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی ،جبکہ آئی ایس او کے ساتھ ریلیوں میں بھر پو ر شرکت کی جائے گی۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے اراکین کا اجلاس کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مرکزی میڈیا سیل میں شامل ذمہ داران اور تمام صوبوں کے سیکریٹری اطلاعات نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت مرکزی سیکریٹری اطلاعات مہدی شاہ نے کی۔ اس موقع پر اراکین نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی میڈیا ٹیم کی کارکردگی کو سراہاا اور اس حوالے سے فعالیت کو مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے اراکین کا کہنا تھا کہ ہمیں ملکی و عوامی ایشوز پر بھی ایم ڈبلیو ایم کا مؤقف پیش کرنا چاہیئے، اس ضمن میں سوشل میڈیا کی ٹیم کو مزید مضبوط کیا جائے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی سطح پر تمام سیکریٹری اطلاعات کیلئے ورکشاپس کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا، صحافیوں سے راوبط کو مضبوط بنانے کے لئے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، مختلف تہواروں پر اخبارات میں آرٹیکل کی صورت کی میں اپنا مؤقف شائع کروانے کی کوشش کی جائے گی، ہر خبر کے ساتھ انگریزی ترجمہ بھی جاری کیا جائے گا، الیکٹرونک میڈیا سے روابط کو بہتر بنایا جائے گا اس ضمن میں تمام ذمہ داران سے ملاقاتیں کی جائیں گی، وحدت اخبار کی ترسیل کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ اخبار مقررہ وقت پر اپنے مقام تک پہنچ سکے، اگر ایک روز میں تین ایشوز اہم ہیں تینوں ایشوز پر الگ الگ خبر جاری کی جائے گی۔ اجلاس میں مرکزی میڈیا سیل کی تنظیم نو کی گئی اور برادر عباس بلوچ کو اسلام آباد مانیٹرنگ سیل، برادر علی احمر کو مرکزی الیکٹرونک میڈیا انچارج جبکہ برادرمظاہر شگری کو گلگت بلتستان میڈیا کی ذمہ داریاں تفویض کردی گئیں۔ دوسری جانب مرکزی میڈیا مانیٹرنگ سیل کے اندر سوشل میڈیا سیکشن، ویب ڈویڑن، اخبار وحدت اور ملکی اور بین الاقوامی میڈیا سے رابطوں کیلئے بھی ذمہ داران کا تعین کردیا گیا۔ اجلاس کے آخر میں خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکریٹری اطلاعات مہدی شاہ نے کہا کہ آج ترقی کے اس دور ہمیں عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق میڈیا کو بطور ہتھیار اپنے مؤقف کی ترویج کا ذریعہ بنانا ہے، ہماری یہ ذمہ داری ہے ہم سب مل کر مجلس وحدت مسلمین کی مضبوطی کیلئے اپنے خدمات پیش کریں تاکہ پاکستان میں شیعہ قوم کی شناخت کی بحالی کے لئے اپنی فعالت انجام دینے والوں میں شمار کئے جاسکیں۔
وحدت نیوز(تہران) رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ دشمن، حقیقی مقابلے میں اسلامی جمہوری ایران کا کچھ نہیں بگاڑ سکے گا۔ انکا کہنا تھا کہ استکباری محاذ، اسلامی جمہوریۂ ایران کے خلاف صرف فوجی دھمکی اور بائیکاٹ کا ہی حربہ استعمال کرسکتا ہے، اس لئے کہ اس کے پاس اور کوئی حربہ نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز ایرانی حکومت کے اعلٰی حکام کیساتھ تہران میں ہونے والی ملاقات میں کیا۔ انقلاب اسلامی کے سربراہ نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ اسرائیل ایران کو فوجی دھمکی دے رہا ہے اور امریکہ اسے روک رہا ہے، کہا کہ اسرائیل کو امریکہ کی جانب سے روکنے اور منع کرنے کی وجہ یہ ہے کہ حملہ ان کے فائدے میں نہيں ہے اور مجموعی طور پر اسلامی جمہوری ایران پر فوجی حملہ کسی بھی ملک کے لئے بھی آسان نہیں ہوگا۔ ایران کے مقابلے میں دشمن کے مختلف حربوں کے بارے میں انکا کہنا تھا کہ دشمن کو بائیکاٹ اور فوجی دھمکی کا کوئی فائدہ نہیں ہوا اور اب عالمی استکبار خاص طور پر امریکہ، ایران کے نظام کو نشانہ بنائے ہوئے ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے مزید کہا کہ سب کو یہ جان لینا چاہئے کہ حکومت کو میری تائید و حمایت حاصل ہے اور مجھے ایران کے اعلٰی حکام پر اعتماد ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے ایٹمی مذاکرات کے بارے میں بھی کہا کہ ایران کی مستقبل کی ضرورتوں پر بھی توجہ دینی چاہئے اور ایران کی مذاکراتی ٹیم قابل اعتماد ہے، وہ ملت ایران کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔ آیت اللہ العظمٰی سید خامنہ ای نے کہا کہ امریکہ کو یہ حق نہيں پہنچتا کہ وہ دوسرے ملکوں کی ایٹمی ہتھیاروں تک دسترسی کے بارے میں اظہار تشویش کرے، کیونکہ امریکہ خود ہی ان ہتھیاروں کو استعمال کرچکا ہے اور اب بھی اس کے پاس کئی ہزار ایٹم بم موجود ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اسی طرح علاقے کے مسائل خاص طور پر عراق کے فتنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خداوند عالم کی توفیق سے عراق کے مومن اور غیور عوام اس فتنے کی آگ کو خاموش کر دیں گے اور علاقے کی قومیں بھی روز بروز مادی اور معنوی بلندی کی سمت قدم بڑھائیں گی۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سربراہ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر جمہوریت ایک مذاق ہوگا۔ انتخابات میں منشور اور کردار کی بجائے طاقت، پیسے اور انتظامی مشنری کا بے دریغ استعمال کرکے الیکشن جیتنے والے عوام کی کوئی خدمت نہیں کر سکتے۔ کروڑوں روپے سرمایہ لگا کر الیکشن جیتنے والے کئی گنا منافع کمانے کے چکر میں ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹتے رہے ہیں۔ ملک کی تمام سیاسی مذہبی جماعتیں آئین کی دفعہ ۶۲ اور۳۶ کی روشنی میں انتخابی اصلاحات لے آئیں۔ متناسب نمائندگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات کرائیں تاکہ اہل افراد پارلیمنٹ میں آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرست قیادت کا یہ موقف درست ہے کہ بلوچستان میں حقوق کی قومی تحریک کو کمزور کرنے کے لئے جان بوجھ کر انتہا پسندی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ کانٹے بو کر پھولوں کی توقع رکھنا خام خیالی ہے۔ مقتدر ادارے ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے سانپوں کی پرورش سے اجتناب کریں۔ خود ساختہ لیڈروں کو غیر معمولی کوریج دے کر نفرتوں کو ہوا دینے والے آخر کن مقاصد کا حصول چاہتے ہیں۔
وحدت نیوز(لالہ موسیٰ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ خدا کی ربویت اور عقیدہ توحید پر کامل ایمان کا حصول اسلامی ایثار کے بغیر ناممکن ہے، نبی کریم ص کی سیر ت طیبہ گواہ ہے کہ ترویج اسلام کے لئے کبھی طاقت اور ظلم کا سہارہ نہیں لیا، عراق و شام کی صورتحال میں عالمی استعماری قوتیں پرنٹ فوٹ پر کھیل رہی ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے لالہ موسیٰ کی مرکزی امام بارگاہ میں رمضان المبارک کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرعلمائے کرام اور معززین سمیت مومنین کی کثیر تعداد موجود تھی۔
علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ ماہ مبارک رمضان شہر اللہ ہے ، جسے خدا وند متعال نے اپنا مہینہ قرار دیا، معصوم کا فرمان ہے کہ بد نصیب ہے وہ شخص جو ماہ رمضان میں گناہ گار رہ جائے، مکتب اہل بیت ع دعا و مناجات کے حوالے سے غنی ترین مکتب ہے، ہمارے تمام گناہوں اورلغزشوں کا علاج ہمارے پاس آئمہ کی دعائوں کی صورت میں موجود ہے ، ماہ رمضان میں حاصل فرصتیں روزہ دار کے جملہ گناہوں کو بخشوانے کے لئے کافی ہیں ، رمضان کریم الہٰیت، نبوت اور قرآن سے تمسک کا بہترین وسیلہ ہے، قرآن مجید و فرقان حمید ہماری رہنما ئی کےلئے موجود ہے، جس سے بہترین استفادہ ماہ مبارک میں کیا جاسکتا ہے،انہوں نے مذید کہا کہ عالمی استعماری قوتیں سعودی سرمائے سے شام و عراق میں وحشت و بربریت کا بازار گرم کیئے ہوئے ہیں ، عراق میں بر سر پیکار تکفیری دہشت گرد نام نہاد اسلامی نظام حکومت کا نعرہ بلند کر کے امت مسلمہ کے درمیان نفرتوں کے بیج بو رہے ہیں ، یہ دہشت گرد نہ ہی شیعہ ہی نہ ہی سنی بلکہ خارجی ہیں جن کی نظر میں نہ مساجد کا احترام ہے نہ ہی مزارات ومقدس مقامات کا ، انشاء اللہ جس طرح لبنان اور شام میں شکست ان کا مقدر بنی بلکل اسی طرح عراق میں بھی ذلت و رسوائی ان کا مقدر بنے گی۔
وحدت نیوز(نوشہروفیروز) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں جہاد کے نام پر انسانی خون کو ضائع کیا جا رہا ہے ، پوری دنیا میں افراتفری ی اور دہشگردی کو ہوا دی جا رہی ہے اور نوجوان نسل کو جہاد اسلامی کی غلط تشریح پیش کی جارہی ہے انہوں نے یہ بات ضلع نوشہرو فیروز کے شہر مٹھیانی میں الہادی اکیڈمی کی جانب سے منعقدہ خمسہ فہم اسلام میں جہاد اور اجتہاد کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ قران شریف میں جہاد کی دو معنی بیان کی گئی ہیں ایک جہادبا لنفس اور دوسری جہاد فی سبیل اللہ آج کے معاشرے میں جہاد کی معنی صرف ہتھیار اٹھانا اور قتل غارت گری لیا گیا ہے جس کی بنا پر قوم جہاد کے اصل مفھوم سے محروم ہوتی دکھائی دی رہی ہے ہمیں جہاد فی سبیل الله کے لے اجتہاد کو بھی سمجھنا ہوگا اور ولی امر کی طرف متوجہ ہونا ہوگا آج لبنان ، عراق اور شام کی صورت حال کو مد نظر رکھتنے ہوئےہمیں قران اور حدیث کی روشنی میں دیکھنا ہوگا کہ جہاد کس بنا پر ہونا چایئےاور طاغوت کا مقابلہ کس طرح کرنا چاہئے انکی قیادت کس کو کرنی چاہئے جب ان سوالات کا جواب سامنے آگیا توہم جہاد اور اجتہاد کو آسانی سے سمجھ سکیں گے- اس موقع پر ضلعی سیکریٹری جنرل اعجاز علی ممنائی اور الہادی اکیڈمی کے پرنسپل مولانا شبیہ الحسن جوادی بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کی صوبائی کابینہ کا اجلاس صوبائی سیکرٹریٹ مسلم ٹاوُن میں سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کابینہ کے تمام اراکین شریک ہوئے۔ اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اسے عین جہاد قرار دیا گیا اور آپریشن کی تاخیر سے ہونے والی شہادتوں، جس میں افواج پاکستان اور سویلین افراد شامل ہے، کا ذمہ دار موجودہ حکمرانوں کو قرار دیا۔ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاوُن کی بھرپور مذمت کی گئی اور اسے بدترین ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ سانحہ ماڈل ٹاوُن نام نہاد جمہوری حکمرانوں کے ماتھے پر نہ مٹنے والا بدنما داغ ہے، اس سانحے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور منہاج القرآن کے درخواست میں نامزد ملزمان کے خلاف فوری ایف آئی آر کے اندراج کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ درجن سے زائد شہداء کے ورثا کو اب تک انصاف نہ ملنا عدل و انصاف کے ایوانوں پر سوالیہ نشان ہے۔
اجلاس میں کراچی میں آئے روز کی ٹارگٹ کلنگ اور ہزاروں شہداء کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کو سندھ حکومت کی قاتلوں سے ساز باز کا نتیجہ قرار دیا گیا۔ اجلاس میں بھکر میں پنجاب حکومت کی جانب سےانتہا پسندوں کی ایماء پر ملت جعفریہ کے بے گناہ 130 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انتقامی کارروائی قرار دیا گیا۔ اجلاس میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ تحفظ پاکستان بل کو انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کی بجائے سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جائے گا۔ اجلاس میں اے جی آفس میں ہونے والے کروڑوں کی بدعنوانیوں پر کرپشن مافیا کو حکومت پنجاب کی جانب سے تحفظ دینے کی مذمت کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم القدس کو پاکستان بھر میں امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے ساتھ مل کر بھرپور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔
وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ چلاس میں پولیس تھانے پر مسلح حملہ ایک عظیم طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے اور اس واقعے کے بعد گلگت بلتستان میں دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے سکیورٹی ادارے خواب غفلت سے بیدار ہوجائیں، بالخصوص خفیہ ادارے شاہراہ قراقرم سمیت تمام اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر کڑی نظر رکھیں۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح دہشت گرد اپنا ردعمل گلگت بلتستان میں بھی دکھا سکتے ہیں، جسکا گلگت بلتستان متحمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان انتظامیہ کےسکیورٹی کے حوالے سے اقدامات نہ ہونے کے برابر اور دہشت گردوں کا خیر مقدم کرنے کی مانند ہیں۔ انہیں نہ آپریشن کی فکر ہے اور سکیورٹی خطرات کی، بلکہ وہ بلتستان کے امن کو تباہ کرنے کے لیے در پردہ مصروف عمل ہیں۔ اسوقت بلتستان کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کی ضرورت ہے، یہاں کی سکیورٹی اقدامات اطمینان بخش نہیں۔ اگر بلتستان میں کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو صوبائی حکومت سمیت بلتستان انتظامیہ کی سستی اور غفلت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے سلسلے میں ہم پاکستان آرمی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور متاثرین آپریشن کی امداد کے لئے بڑی سطح پر مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عراق کے شہرمو صل میں پیغمبر خدا، حضرت یو نس ؑ کے روضہ مبارک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انبیائے الھٰی،اھل بیت رسول ﷺاور صحابہ کرامؓ کے مقدس مزارات کی اہانت کر کے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری کی گئی ہے ۔سامراجی قوتیں لڑاؤ اور حکومت کرو ،کی پالیسی کے تحت امت مسلمہ کو آپس میں لڑانا چاہتی ہیں اور معصوم انسانوں کا خون بہانے والے دھشت گرد استعماری آلہء کار ہیں۔ جو سامراجی ایجنٹ بن کر دین مقدس اسلام کو بدنام کر رہے ہیں۔ مسجدوں میں بم دہماکے کرکے نمازیوں کو خون میں نہلانے والے مسلمان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب ملک سے دھشت گردی کے خاتمے میں سنگ میل ثابت ہوگا ۔دھشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شھید ہونے والے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، اس وقت پوری قوم ملک سے دھشت گردوں کا خاتمہ چاہتی ہے اور پاک فوج کو عوام کی بھر پور حمایت حاصل ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس آپریشن کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے بلوچستان میں معصوم انسانوں کے قاتل دھشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ساتھی اور حمایتی بھی دہشت گرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ جن لوگوں نے معصوم انسانوں کے قتل عام پر چپ کا روزہ رکھا ہوا تھا وہ اب دہشت گردوں کے خلاف کاروائی پر کیسے واویلا کر رہے ہیں۔