The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے کہا ہے کہ اگر سابقہ نمائندوں نے تعلیم پر توجہ دی ہوتی تو آج ہم اتنے گھمبیر مسائل میں نہ جھکڑے ہوتے۔ اب بھی وقت ہے کہ منتخب نمائندے اپنی تمام تر توجہ تعلیم کی بہتری پر دیں۔ ہم نے تعلیمی میدان میں وہ اقدامات کئے جو ماضی میں کسی بھی نمائندے نے نہیں کئے۔ اجلاس کو آئی سیپس کے کوآرڈنیٹر نذر محمد بڑیچ نے کوئٹہ کی تعلیمی اصلاحات کے متعلق عوامی ایجنڈے کی تفصیلات پیش کیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی سید محمد رضا نے کہا کہ تعلیم ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔ جب تک ہم تعلیم اور تعلیمی مسائل پر توجہ نہیں دیں گے، اس وقت تک ہمارے مسائل روز بروز بڑھتے جائیں گے۔ منتخب نمائندوں کا فرض ہے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر دیں۔ تعلیم ہی ہمارے معاشرے کی اصلاح اور ترقی کی راہ کا تعین کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوئٹہ کے تعلیمی مسائل پر ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ جہاں تک ممکن ہو وہ تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کوئٹہ کی تعلیمی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت ہوتے ہوئے بھی سکولوں میں پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں۔ جس کے لئے ہم سب کو مل کر سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے آئی سیپس کی تعلیمی کاوشوں کو سراہتے ہوئے عوامی ایجنڈہ پیش کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی رہنماء قاسم سوری سے ملاقات میں ایم ڈبلیوایم بلوچستان کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی کا کہنا تھا کہ زبانی جمع خرچ کی بجائے ترکی سمیت دیگر اسلامی ممالک کو فلسطین میں جاری جارحیت کیخلاف اسرائیل سے تمام تر سفارتی تعلقات معطل کرنے چاہئیں ، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے بغیر حقیقی جمہوریت کا قیام ناممکن ہے۔ چار حلقوں میں انتخابی عمل کی تحقیقات سے خائف حکومت اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکی ہے۔ ہم انتخابی اصلاحات کے موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے کراچی میں آپریشن کے باوجود معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کو سوالیہ نشان قرار دیا۔ انہوں نے ٹارگٹ کلنگ میں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں اور معصوم انسانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ نہتے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ عدیل عباس اور حیدر رضوی کے قتل میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنا بہت ضروری ہے۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ غاصب اسرائیل کے خلاف شیعہ سنی مسلمان مل کر قیام کریں۔ حماس اور حزب اللہ کی حمایت تمام مسلمانوں پر فرض ہے۔ انہوں نے ترک وزیراعظم اردوگان کی جانب سے اسرائیل کو دی گئی دھمکی پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکی حکومت پہلے انکارا اور استنبول میں قائم اسرائیلی سفارتخانے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کی جگہ فلسطینی سفارتخانے کھولنے کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی طور پر ترکی اور دیگر مسلم ممالک کو مظلومین فلسطین کی مدد کرنا ہوگی۔ ترک انٹیلیجنس کا موساد کے ساتھ معاہدہ اور نیٹو کی رکنیت ایک سوالیہ نشان ہے۔ انبیاء (ع) کی سرزمین فلسطین پر اسرئیلی جارحیت پر اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کے عالمی اداروں کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ ہم مظلوم فلسطینی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ ہمارے دلوں میں بستے ہیں۔ مسلم حکمرانوں کی خیانت کے باوجود مسلم عوام آپ کے ساتھ ہیں۔ انشاءاللہ نصرت الٰہی کا وعدہ جلد سچا ہوگا اور امت مسلمہ کی وحدت بیداری اور قیام للہ کے نتیجہ میں قبلہ اول جلد آزاد ہوگا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے اور کوئی مسلمان ملک بولنے کیلئے تیار نہیں، خاموشی اختیار کیے ہوئے ممالک میں اسرائیل نے اپنے ایجنٹوں کو بٹھایا ہوا ہے، جہان اسلام کے حکمران ڈرے ہوئے ہیں، ان کے منہ سے آواز تک نہیں نکلتی، فلسطین مسلمانوں کا دل ہے، مسلم حکمرانوں کی غفلت ہے کہ مٹھی بھر صہیونیوں نے فلسطین پر قبضہ کیا ہوا ہے، ورنہ ان کی کیا مجال تھی۔ ہم غزہ پر اسرائیلی حملوں کی بھرپور مذمت اور فلسطینیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ جمعة الوداع کو پورے پاکستان میں یوم القدس کے طور پر منائیں گے، تمام مکاتب فکر کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ہے کہ وہ اس دن گھروں سے باہر نکلیں اور اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرکے ثابت کریں کہ فلسطینی تنہا نہیں ہیں۔ فلسطین کے مظلوم عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے نہتے ہونے کے باوجود اسرائیل کے آگے سر نہیں جھکایا بلکہ ہمت اور مقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ہم ان قوتوں کو بھی سلام کرتے ہیں جنہوں نے غزہ کے مسلمانوں کی اخلاقی، مالی سمیت ہر لحاظ سے مدد کر رہے ہیں۔
علامہ ناصرعباس جعفری کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے شہداء ہمارے شہدا ہیں، تاحال ایف آئی آر درج کا نہ ہونا تشویش ناک ہے، سانحہ کی ایف آئی آر انہی افراد کے خلاف کاٹی جائے جن کو عوامی تحریک نے نامزد کیا ہے۔ ہم عوامی تحریک کے مطالبات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف استعفیٰ دیکر اپنے آپ کو قانون کے سامنے پیش کریں، حیرت ہے کہ موصوف نے تاحال استعفیٰ نہیں دیا۔ مظلوموں کا ناحق خون کبھی رائیگاں نہیں جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشتگردوں سے ڈرنے والے ہیں نہ پنجاب حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گبھرانے والے ہیں، وطن کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ جعلی مینڈیٹ سے آنے والی اور دہشتگردوں کی سرپرستی کرنے والی حکومت ختم ہو کر رہے گی، اگست میں شروع ہونے والی تحریک میں پاکستان عوامی تحریک، مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور دیگر جماعتیں پورے ملک میں پوری طاقت کے ساتھ نکلیں گی اور حکومت کا تختہ الٹ کر دم لیں گے، موجودہ حکومت کی قانونی اور آئینی کوئی پوزیشن نہیں ہے۔ ایسا احتجاج کریں گے کہ دنیا تحریر اسکوائر بھول جائے گی۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا، ان کے ہمراہ علامہ اصغر عسکری، علامہ سخاوت قمی، نثار فیضی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ بری امام میں ا سٹے آرڈر ہوا ہے، کوئی تعمیرات نہیں ہو سکتیں لیکن عجیب ہے اس کے باوجود وزیر خزانہ کی ایما پر کام جاری ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ تعمیراتی کام کو فی الفور روکا جائے، ورنہ احتجاج پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا پنجاب میں کردار انتہائی شرمناک ہے، ہمارے بے گناہوں افراد کو پکڑ کر ان پر کیسز بنائے جا رہے ہیں، 16 ایم پی او کے تحت پڑھے لکھے افراد کو گرفتار کیا جا رہا ہے، گزشتہ دنوں میرے دو گارڈز اور ایک ڈرائیور کو بھی اغوا کر لیا گیا اور بعد میں اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل کو غائب کر دیا گیا اور دو دن تک انتظامیہ نے تسلیم تک نہیں کیا۔ انتظامیہ سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کے ایما پر یہ گرفتاریاں کی ہیں، انتظامیہ نے تسلیم کیا ہے کہ ان پر پنجاب حکومت کا دباو ہے اور ان سے کہا گیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کارکنوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈالا جائے۔ ہم پنجاب حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہے، ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہماری ایک تاریخ ہے، ہم وطن کے باوفا بیٹے ہیں ہم نے ہمیشہ ملک کی خاطر قربانیاں دیں اور آئندہ بھی دیں گے۔ لیکن تمھارے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈر کر گھروں میں نہیں بیٹھیں گے اور نہ تمہارے سامنے جھکیں گے۔
وحدت نیوز(ملتان) پاکستان میں ظالمانہ کے خاتمے میں کا وقت آ چکا ہے پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لئے نوجوانون کو کردار ادا کرنا چاہیے سانحہ ماڈل ٹاوُن بدترین ریاستی دہشت گردی ہے ذمہ داران کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج تک نہ ہونا عدل و انصاف پر سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین یوتھ ونگ کے مرکزی سیکرٹری سید فضل عباس نقوی نے پاکستان عوامی تحریک یوتھ کے زیراہتمام لاہور میں یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ تشدد اور انتہا پسندی کی سیاست کو مسترد کیا ہے، ہم نے دنیا بھر میں پرامن احتجاج کی مثال قائم کی ہے 100 سے زائد شہدا کی جنازوں کیساتھ منفی 10 سینٹی گریڈکی سردی میں پانچ دن تک مسلسل پاکستان سمیت لندن امریکہ کے سٹرکوں پر بیٹھے رہے لیکن اپنے مطالبات پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا اور اس وقت کے فرعونوں کو سرنگوں کرکے بتا دیا کہ نہتے اور پر امن لوگوں کی عوامی طاقت میں کتنا دم ہے۔
سید فضل عباس نقوی کا کہنا تھا کہ ہمارے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اس مشکل دور میں اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے بروئے کار لائیں پاکستان مسلم امہ میں واحد ایٹمی طاقت ہے جو اسلام دشمنوں اور ملک دشمنوں کو ایک آنکھ نہیں بھاتی،دہشت گردوں کو مختلف روپ میں اسلام کے نام پر اسلام دشمن طاقتیں پاکستان پر مسلط کر رہے ہیں ہمیں ان خارجی دہشت گرد جو دراصل راء اور موساد کے ایجنٹ ہے کے مقابلے میں اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے ۔سید فضل عباس نقوی نے غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر اسرائیلی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی اس نسل کشی میں امریکہ،برطانیہ اور یورپی ممالک برابر کے شریک ہیں جو عالمی دہشت گرد اسرائیل کی پشت پناہی کرتے ہیں، اسرائیل کے خلاف عرب دنیا کی خاموشی نے ان منافقانہ پالیسیوں کو بے نقاب کر دیا ، آج عرب عوام مقاومت کیساتھ ہیں عرب عوام کی دلوں میں حزب اللہ اور حماس کی حکمرانی ہے۔انہوں نے تمام یوتھ آگنائزیشنز کو دعوت دی کہ وہ اس جمعتہ الوداع کو یوم القدس کی ریلیوں میں شریک ہوکر اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کریں۔
وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) غزہ پر صیہونی حکومت کے مظالم بڑھتے جا رہے ہیں، چند گھنٹوں میں پچاس کے قریب فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔ جن میں اکثر عورتیں اور بچے ہیں۔ گذشتہ روز کی بمباری کے بعد اب بھی ملبے سے لاشیں نکالی جا رہی ہیں۔ غزہ میں گذشتہ روز صیہونی حکومت کی وحشیانہ کارروائی میں 120 کے قریب نہتے فلسطینی شہید ہوئے تھے۔ آج کے حملوں سے لگتا ہے کہ صیہونی ریاست اس ریکارڈ تعداد کو پار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، چند گھنٹوں میں طیاروں سے بمباری اور ٹینکوں سے گولہ باری کرکے 47 افراد کو شہید کر دیا گیا ہے، ایک گھر پر حملے میں 7 بچوں سمیت 9 افراد شہید ہوگئے جو تمام ایک ہی خاندان سے تھے۔
دوسری طرف اتوار کو کئے گئے حملوں کے بعد تباہ ہونے والے مکانات سے لاشیں نکالے جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ غزہ سٹی کے ایک گھر سے 16 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔ جس سے چودہ روزہ کارروائی میں شہید ہونے والوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی ہے۔ صیہونی حکومت حماس کے ٹھکانے تباہ کرنے کے نام پر فلسطینوں پر مظالم ڈھا رہی ہے، تاہم مارے جانے والے کم ہی افراد ایسے ہیں جن کا تعلق کسی مزاحمتی تنظیم سے تھا۔ گذشتہ روز صیہونی حکومت کے لیے بھی برا دن ثابت ہوا، جب مزاحمت کاروں سے جھڑپ میں اس کے تیرہ فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ امریکی انتظامیہ کے مطابق غزہ میں مارے گئے دو فوجی امریکی شہری تھے اور یہ بھی واضح نہیں کہ ان کے پاس اسرائیلی شہریت تھی یا نہیں۔
دیگر ذرائع کے مطابق صیہونی حکومت کا جنگی جنون تمام حدیں پار کر چکا ہے، صیہونی ظلم و بربریت کا شکار ہونے والے فلسطینیوں کو یقین ہو چلا ہے کہ اس دنیا کے جنگل میں صرف صیہونی درندوں کا راج ہے۔ اتوار کے روز صیہونی طیاروں نے شجاعیہ میں قیامت ڈھائی، جہاں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت 73 افراد شہید ہوگئے۔ رات کو غزہ میں 5 بچوں سمیت 11 فلسطینیوں کی لاشیں ملیں، جبکہ فضائی حملے میں 20 فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اتوار کے روز حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان 2 گھنٹے کے لئے جنگ بندی پر بھی اتفاق ہوا لیکن کچھ دیر بعد ہی صیہونی حکومت کی جانب سے دوبارہ بمباری شروع کر دی گئی، جس کے نتیجے میں مزید فلسطنی شہید ہوگئے۔ غزہ میں گلیاں اور بازاروں میں نہتے فلسطینیوں کے لاشے بکھرے پڑے ہیں۔ اسپتال زخمیوں سے بھرے ہیں، غمزدہ مائیں، بہنیں اور بیٹیاں اپنے پیاروں کے بچھڑ جانے پر غم سے نڈھال ہیں جبکہ ہزاروں افراد ہجرت کر چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صیہونی بمباری کے نتیجے میں غزہ کا انفرا اسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کے مطابق شيلٹرز ميں پناہ لینے والے فلسطينيوں کی تعداد 81 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ حماس کی جوابی کارروائیوں میں 18 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ایک فوجی کو یرغمال بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔ فوجی کے اغوا کی خبر عام ہوتے ہی غزہ میں سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ صیہونی فوجیوں نے ان پر بھی شیلنگ اور لاٹھی چارج کر دیا۔ ادھر اقوام متحدہ میں تعینات صیہونی مندوب نے فوجی کے اغوا کی تمام اطلاعات کی تردید کر دی۔ صیہونی حکوت نے مزید فوج غزہ میں داخل کرکے زمینی کارروائی کا دائرہ کار وسیع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
وحدت نیوز(ٹیکسلا) مجلس وحدت مسلمین ، آئی ایس او اور آئی او ٹیکسلا کے زیر اہتمام مجلس عزا بسلسلہ شہادت امام علیؑ صوبائی سیکرٹری روابط ایم ڈبلیوایم برادر علی رضا طوری کے گھر منعقد کی گئی جس میں خصوصی شرکت صوبائی سیکرٹری جنرل حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ عبدالخالق اسدی صاحب اور علامہ زکریا عباس ترابی نے کی،اپنے خطاب کے دوران حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ عبدالخالق اسدی صاحب اور علامہ زکریا عباس ترابی نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورت حال پر روشنی ڈالی اور اس کا حل رہبر مسلمینِ جہاں سید علی خامنہ ای کی اقتدا میں قدم بڑھانے اور وحدت کی رسی کو مظبوطی سے تھامنے پر زور دیا،حجتہ الاسلام والمسلمین علامہ عبدالخالق اسدی صاحب نے اپنے خطاب کے دوران مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک عظیم مقصد کے حصول کیلئے ایک وسیلے کی حیثیت رکھتی ہے لہٰذا قومی مفادات کے حصول کیلئے اگر کبھی تنظیم بھی آڑے آئی تو ہم اس کوبھی اس عظیم مقصد کیلئے قربان کر دیں گے لیکن الحمدللہ محرم میں راولپنڈی کے واقعات پھر بھکر اور اس طرح دیگر علاقوں میں مومنین پر زمین تنگ کی جاتی رہی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے میدان میں ثابت قدم رہ کر اپنی ملت کا بھرپور ساتھ دیا اور مشکلات میں کامیابی کے ساتھ قدم بڑھا رہی ہے انہوں نے مزید کہا کہ ملت کی تمام تر مشکلات کا حل سیرتِ اما م علیؑ ابنِ طالب ؑ میں پنہاں ہے ہمیں چاہئے کہ اپنے تمام ترا ختلافات کو پسِ پشت رکھتے ہوئے وحدت کا مظاہرہ کریں اور خصوصاََ قومی اور ملی مسائل میں ایک دوسرے کے دست و بازو ہیں تاکہ علیؑ ابنِ ابی طالب ؑ کے ماننے والوں کے خلاف استعمار کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنایا جائے۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) وہ مسلمان ممالک جو شام کے مسلمانوں کے قتل عام کیلئے ریال لیکر امریکہ کے پیچھے گھوم رہے تھے فلسطین کے مسلمانوں کا بذریعہ اسرائیل قتل عام انہی مسلمان ممالک کی ایما ء پر ہو رہا ہے۔امت مسلمہ کو کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں اپنے مسلمان ہی مسلمانوں کے قتل عام کیلئے قافی ہیں اور ملوث پائے گئے ہیں۔ مشرق وسطی شام فلسطین اور دنیا بھر میں مسلمانوں پر ظلم و بربریت کرنے والے یا تو مسلمان خود ہیں یا پھر مسلمانوں کی ایماء پر مظلوم مسلمانوں کو قتل کیا جارہا ہے۔یا پھر مسلمانوں کے قتل عام پر طاقت ور مسلمان حکمران خاموش رہ کر ظالم کی حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین آزادکشمیر کے سیکرٹری سیاسیات سید تصورعباس موسوی نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ اوآئی سی کے رکن ممالک اور عرب دنیا سمیت پوری ملت اسلامیہ غزہ پراسرائیلی جارحیت اوربربریت پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی ممالک کویہ نہیں سوچناچاہیے کہ یہ ظلم صرف فلسطینی عوام پر ہورہاہے ۔ اگرملت اسلامیہ نے اپنے اس رویے کوتبدیل نہیں کیا توصرف فلسطین نہیں بلکہ اس کے بعددوسرا ملک اوردوسرے کے بعد تیسرے ملک کانمبرآئے گا۔اسلامی ممالک کی صورتحال پہلے ہی انتہائی ناگفتہ بہ اورافسوسناک ہے۔انہوں نے کہاکہ میں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو غزہ کی صورتحال پرفوری نوٹس لینا چاہیے۔ لیکن اقوام متحدہ کی جانب سے بھی اس معاملے پر کوئی پیش رفت نہیں ہے جوافسوسناک ہے ۔
سیدتصور موسوی نے مذید کہا کہ اسرائیل کوجن ممالک کی حمایت حاصل ہے وہ بہت طاقتورہیں جبکہ اسلامی ممالک کے حکمراں اور رہنما غزہ کی تباہ کن صورتحال سے بے نیازہوکراپنی عیاشیوں اورشوق ومستی میں لگے ہوئے ہیں انہیں اپنے اس طرزعمل کوبدلنا چاہیے ۔ انہوں نے سیاسی ومذہبی جماعتوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ سب کے ایک دوسرے سے اختلافات ہیں جوصحت مند جمہوریت کاحصہ ہیں وہ ضروررکھیں لیکن وقت کاتقاضہ ہے کہ غزہ میں فلسطینی عوام کے خلاف جوبربریت ہورہی ہے اس کے خلاف ساری سیاسی ومذہبی جماعتوں، انسانی حقوق کے رہنماؤں، سول سوسائٹی، وکلاء ،تاجربرادری سب کو اپنے اختلافا ت سے قطع نظراس ایک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہونا چاہیے کہ اسرائیل کوفلسطینیوں کے خلاف جارحیت سے روکاجائے ،اسلامی ممالک کوجھنجھوڑا جائے اور انہیں بے ضمیری اور غفلت کی نیند سے بیدار کیا جائے۔ اگر بر وقت اسلامی ممالک نے کردار ادا نہ کیا تو ہر مسلمان ملک دنیا میں تنہا رہ جائے گا۔ وزیراعظم پاکستان جرئت و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کو خبردار کریں اور اسرائیلی جارحیت کی سپورٹ کرنے پرپاکستان امریکہ سے سفارتی تعلقات منقطع کریں اپنے حصے کا بہترین کردار ادا کرتے ہوئے اغیار پر ثابت کریں کے پاکستان تمام اسلامی ممالک کا قلع اور واحد اسلامی ایٹمی قوت ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر پیر کے روز ملک بھر میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور غاصب اسرائیل کے غزہ پر جاری انسنایت سوز مظالم کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا ، ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام غزہ کے مظلومین کے ساتھ ہمدردی کے لئے احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب کے سامنے کیا گیا جس میں خواتین اور مردوں سمیت بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر غزہ کے مظلوم عوام سے اظہار ہمدردی کے لئے نعرے اور جملے آویزاں تھے، شرکائے احتجاجی مظاہرہ نے سروں پر سرخ پٹیاں باندھ رکھی تھیں اور ہاتھوں میں فلسطینی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے، شرکائے احتجاجی مظاہرہ غزہ پر ڈھائے جانے والی صیہونی مظالم کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے اور غزہ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کا ذمہ دار عالمی سامراج اور شیطان بزرگ امریکہ کو قرار دیتے ہوئے مردہ باد امریکہ اور اسرائیل نا منظور سمیت اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت عالمی انسانی حقوق کے اداروں کے خلاف زبردست نعرے بازی کر رہے تھے۔
مجلس وحدت مسلمین کراچی کے تحت منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں مولانا باقر زیدی، علامہ مبشر رضا، سید علی حسین نقوی، مولانا علی انور جعفری، میثم عابدی، حسن ہاشمی سمیت دیگر عہدیداروں نے شرکت کی اور مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کی مدد اور نصرت کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے اور ہم فلسطینیوں کی مدد اس وقت تک کرتے رہیں گے جب تک مسلمانوں کا قبلہ اول بیت المقدس بازیاب نہیں کروا لیا جاتا، انہوں نے حالیہ دنوں غاصب اسرائیل کی جانب سے غزہ کے نہتے اور معصوم عوام پر جاری انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں اور بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو رکوانے میں مثبت کردار ادا کریں ۔
مقررین کاکہنا تھا کہ مسلم ممالک کے حکمرانوں نے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرنے کے بعد خواب غفلت اختیار کر لی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، انہوں نے کہا کہ عرب مسلم ممالک جن میں ترکی سمیت دیگر شامل ہیں ایک طرف تو غاصب اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کئے ہوئے ہیں تو دوسری جانب اپنے عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے چند ملین ڈالروں کی امداد کا اعلان بھی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری سمیت مسلم ممالک اور عربوں کو دہرا معیار ختم کرنا ہو گا اور فلسطینیوں کی آزادی کے لئے سنجیدہ جدوجہد کرناہو گی۔
مقررین نے پاکستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر مناتے ہوئے گھروں سے نکل آئیں اور یوم القدس کے لئے نکالی جانے والی فلسطینی حمایت کی احتجاجی ریلیوں میں شریک ہو کر عالمی سامراجی قوتوں امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج بن جائیں۔
وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کے اپیل پر راولپنڈی، لاہور، پشاور، کوئٹہ ، ملتان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے ساٹھ سے زائد شہروں میں غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کیخلاف اور فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کیے گئے۔ اس موقع پر مظاہرین نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے اور اسرائیلی پرچموں کو نذر آتش کیا۔ لاہور پریس کلب پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ اسرائیلی مظالم پر عرب حکمرانوں کی خاموشی اور مغربی ممالک کی حمایت در اصل صہیونی ایجنڈے کا حصہ ہے آج غزہ میں مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش رہنے اسلامی ممالک دراصل امریکہ کے اشاروں پر خاموش ہیں ۔سید اسد عباس نقوی کا کہنا تھا کہ مظلوم فلسطنیوں اور غزہ کے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے حکومت یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء،سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ اس یوم القدس کے جلوس میں شرکت کرکے اسلام دشمنوں کے نا پاک عزائم کو بے نقاب کریں۔
راولپنڈی میں لیاقت باغ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کی۔ اس موقع پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری، راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل سعید رضوی اور دیگر رہنما ء بھی موجود تھے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالخالق اسد ی نے کہا کہ غزہ کے ایشو پر عالم اسلام اور بالخصوص عرب ممالک کی خاموشی قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔ ابتک صیہونی فوج کی کارروائیوں میں پانچ سو سے زائد مظلوم فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی کا کہنا تھا کہ امام خمینی کے حکم پر جمعتہ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جائیگا اور ملک گیر عظیم الشان ریلیاں نکالی جائیں گی۔ علامہ عبدالخاق اسدی نے دو روز قبل ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل ظہیر نقوی سمیت دو محافظ اور ایک ڈرائیور کے آغوا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے چاروں کارکنان کو راولپنڈی پولیس نے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی مخالفت کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اگر کارکنوں کو رہا نہ کیا گیا پنجاب حکومت کے خلاف راست اقدام اٹھائیں گے۔ مظاہرے کے اختتام پرامریکہ اور اسرائیل کاپرچم بھی نذر آتش کیا گیا۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) سانحہ ماڈل ٹاون لاہور کے خلاف پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کے سیکریٹری جنرل مولانا امداد علی نسیمی نے کہا کہ ، پنجاب کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور پر امن لوگوں کو ہراساں کرنے سے گریز کریں۔پنجاب کی حکومت ابنِ زیاد کی روش پر عمل پیرا ہے سانحہ ماڈل ٹاوُن میں پولیس اہلکاروں کے متضاد بیانات نے حکومتی جھوٹ کو بے نقاب کر دیا ہے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے نزدیک ظالم کے خلاف قیام اور مظلوم کی حمایت وصیت امیرالمومنین حضرت علی ع ہے اور ہم تحریک منہاج القرآن کے ساتھ اس وصیت کی روشنی میں ہی اظہار ہمدردی کر رہے ہیں ۔شہباز شریف مظلوموں اور نہتے شہریوں پر گولیاں برسہ کر اپنی ریاستی دہشتگردی کا ثبوت دے رہے ہیں اور کالعدم تنظیموں کا گڑہ پنجاب ہے اور ان کی سرپرستی پنجاب حکومت کر کہ تحفظ دے رہی ہے جب مظلوم اور بیگناہ شہریوں پہ ظلم و جبر کر رہی ہے ، یہ کیسا وزیراعلیٰ ہے جو اپنے ہی شہر میں اپنی ہی عوام پر گولیاں اور ڈنڈے برسہ رہا ہے۔مولانا امداد علی نسیمی نے مزید کہا کہ ظالم حکمرانوں کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب دنیا و آخرت میں دینا ہوگا اور پنجاب حکومت سانحہ ماڈل ٹاوُن کی ذمہ دار ہے، وزیراعلٰی اپنے وزرا سمیت مستعفی ہو کر گرفتاری دیں، شہباز شریف نے نہتے لوگوں اور خواتین کا قتل عام کرکے ظلم و بربریت کی بدترین مثال قائم کی۔مولانا امداد علی نسیمی نے عوامی تحریک کے ذمہ داران کو یقین دلایا کہ ہم آپ پر ہونے والے اس ظلم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس واقعے کیخلاف آپ کی ہر جائز قانونی و آئینی جدوجہد میں آپ کیساتھ ہیں۔