وحدت نیوز (میرپورخاص) سہیون شریف خودکش حملے نے سب کو غمزدہ کردیا .مجلس وحدت مسلمین کی میرپورخاص ڈگری ، نوکوٹ ، ٹنڈوجان محمد میں احتجاجی ریلیاں . تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے ضلعی رہنما سید بشیر شاہ نقوی کی قیادت میں مرکزی امام بارگاہ باب العلم سے لیکر محمدی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی . ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سید بشیر شاہ نقوی ، فرمان نجفی ، کریم بخش قمبرانی اور دیگر نے سہیون واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ایسے سندھ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ہماری محبوب ہستیوں کے دربار تک بارود لے آیا ہے . ادارے اور حکومتیں نہ جانے کہاں سوئے ہوئے ہیں ہمارے بھائیوں بہنوں بچوں اور بزرگوں کے لاشے سڑکوں پر روز پڑے ہوتے ہیں . انہوں نے حکومت سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کلین آپ شروع کرنے کا مطالبہ کیا .انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمیں بم دھماکوں میں جانبحق ہونے والوں کے ساتھ کھڑی ہے . سینکڑوں لاشوں کے باوجود کالعدم تنظیموں کے خلاف کوئی کاروائی شروع نہیں ہوئی جو کہ افسوسناک اور.شرمناک ہے۔
وحدت نیوز(بہاولپور) مجلس وحدت مسلمین ضلع بہاولپور کے زیراہتمام شیعہ جامع مسجد سے فرید گیٹ تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت ضلعی سیکرٹری جنرل سید اظہر عباس نقوی نے کی۔ ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے حکومت اور دہشتگردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ سید اظہر حسین نقوی نے اپنے خطاب میں پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں سے جنوبی پنجاب میں دہشتگردی کے خلاف بھرپور آپریشن کا مطالبہ کیا۔ رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکمران دہشتگردوں کے سیاسی و مذہبی سرپرستوں کے دباو کو مسترد کرتے ہوئے اس ناسور کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کا اعلان کرے، نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ مظاہرین نے طالبان، داعش اور دہشتگردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سید اظہر نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی کاروائیاں ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خطرناک صورت اختیار کر چکی ہیں، ان تکفیری دہشتگرد گروہوں کا خاتمہ ملکی سلامتی و امن کے لیے انتہائی ضروری ہے، دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کے محض بلند و بانگ دعووں سے نہیں ہوگا، اس کے لیے سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں کالعدم مذہبی جماعتوں کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے، رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔
وحدت نیوز(مظفرگڑھ) ملک بھر میں ہونے والے دہشتگردی کے حالیہ واقعات کیخلاف مجلس وحدت مسلمین، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور دیگر تنظیموں کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی نیشنل بنک سے شروع ہوئی اور مظفرگڑھ پریس کلب پہنچی جہاں ریلی کے شرکاء کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے بھارت، اسرائیل اور امریکہ کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر دہشتگردی کیخلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین مظفرگڑھ کے ضلعی سیکرٹری جنرل علی رضا طوری، سید شفقت علی کاظمی، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے علی مہدی خان، معظم علی قریشی، علی عمران کاظمی، تفسیر خمینی، عامر بک، شوکت بک، غلام جعفر اور دیگر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کی نئی لہر کے پیچھے بیرونی طاقتوں کا ہاتھ ہے، جو ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں، تمام پاکستانی متحد ہو کر ملک دشمن قوتوں کا مقابل کریں گے۔ انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کی مطابق عمل کر کے دہشتگردوں کو انجام تک پہنچائے اور دہشتگردوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے فوجی عدالتوں کو دوبارہ بحال کیا جائے۔ اس موقع پر مقررین نے آزادکشمیر کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ تصور جوادی اور ساہیوال کے ضلعی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر قاسم علی پر ہونے والے حملوں کی بھی مذمت کی۔
وحدت نیوز (مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین (شعبہ مشہد مقدس) کے زیراہتمام بحرین میں حکومت اور اقتدار کے نشے میں بدمست آل خلیفہ حکومت کے مظالم کے خلاف جاری عوامی تحریک کی حمایت میں ایم ڈبلیو ایم کے دفتر میں جلسے کا انعقاد کیا گیا، جلسے میں پاکستانی اور ہندوستانی علماء اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین (شعبہ مشہد مقدس) کے رہنما حجتہ الاسلام والمسلمین عارف حسین تھہیم نے خطاب کرتے ہوئے بحرین میں جاری آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدام کی شدید مذمت کی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آل خلیفہ حکومت اپنی عوام کے بنیادی حقوق کو سلب کر رہی ہے، کبھی نماز جمعہ پر پابندی اور کبھی بزرگ عالم دین شیخ عیسی قاسم کی شہریت معطل کرنا، کبھی انسانی کے سرگرم رہنما نبیل رجب کو گرفتار، کبھی بے گناہ شیعہ نوجونواں کو سزائے موت دینا شامل ہیں، بحرین کے مظلوم شیعہ کربلا کو اپنی درسگاہ سمجھتے ہیں، انشااللہ وہاں کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، عوام کو فتح ونصرت ہوگی، آل خلیفہ کی ظالم اور جابر حکومت جلد اپنے انجام کو پہنچے گی۔ اس موقع پر ملت بحرین کی جاری تحریک کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اُن کی تحریک کی مکمل حمایت کی گئی۔
وحدت نیوز (کراچی) سیہون شریف میں سخی لال شھباز قلندر کی درگاہ پر خودکش حملے اور مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکریٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی اور انکی اہلیہ پر قاتلانہ حملے کے خلاف ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن ضلع وسطی کی جانب سے خیرالعمل روڈ انچولی تا شاہراہ پاکستان احتجاجی ماتمی ریلی نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے رہنماؤں علامہ سید علی انور جعفری اور علامہ مبشر حسن نے خطاب کیا۔ اس موقع پر علامہ نثار قلندری، میر تقی ظفر سمیت مظاہرین کی کثیر تعداد شریک تھی۔ اپنے خطاب میں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ درگاہ لعل شہباز قلندر پر خودکش حملہ کھلی دہشت گردی ہے، دہشت گردوں سے انہی کی زبان میں نمٹنا ہوگا، مزارات اولیاء کو کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی، دہشت گرد خودکش بمبار کا مزار کے احاطے میں داخل ہوجانا پولیس سیکیورٹی پر سوالیہ نشان ہے، دہشت گردی کے خلاف آخری سانس تک لڑیں گے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرت کا نشانہ بنانا ہوگا، دہشت گردوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں دہشت گردوں کو عبرت کا نشان بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوفیوں اور اولیاء اللہ کی سرزمین کو خاک و خون میں نہلانے والے صفاک دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، حکمران دہشتگردوں کے سیاسی و مذہبی سرپرستوں کے دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے اس ناسور کیخلاف بے رحمانہ آپریشن کا اعلان کریں، نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دہشتگردی کی لہر نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں، حکومت میں چھپے دہشتگردوں کو جب تک بے نقاب نہیں کیا جائے گا دہشتگردی، فرقہ واریت اور مذہبی انتہاپسندی کا خاتمہ ممکن نہیں، پاکستان میں دہشتگردوں کو پروان چڑھانے والے مدارس اور مولویوں کے خلاف کاروائی کی جائے، نیشنل ایکشن پلان کو اگر ذاتی اور سیاسی انتقال کی نذر نہ کیا جاتا تو صورتحال مختلف ہوتی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ لاہور میں سینیئر پولیس افسران کی شہادت، مظفرآباد آزاد کشمیر میں علامہ تصور جوادی پر قاتلانہ حملہ، پشاور، کوئٹہ، کراچی اور صوفی حضرت شہباز قلندر کی درگاہ پر حملہ سندھ اور وفاقی حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ جب تک دہشتگردوں کے خلاف بلاتفریق کاروائی نہیں کی جاتی اور ان کے ماسٹر مائنڈ چاہے وہ کہیں بھی ہیں اُنہیں سزا نہیں دی جاتی یہ واقعات ہوتے رہیں گے۔ علامہ اقتدار نقوی کا مزید کہنا تھا کہ اگر سانحہ شکار، سانحہ سخی سرور، سانحہ عبداللہ شاہ غازی، سانحہ داتا دربار کے قاتلوں اور اُن کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاتا تو اتنا بڑا سانحہ رونما نہ ہوتا۔