وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین گلگت ڈویژن کی جانب سے قائم کردہ زینب کبریؑ اکیڈمی میں ولادت با سعادت امام زمانہ علیہ سلام کی مناسبت سے جشن سعید کا انعقاد کیا گیا جس میں بچیوں اور خواتین سے خطاب کرتے ہوے عصر حاضر کے تقاضے کے عنوان پر محترمہ ثوبیہ نے روشنی ڈالی ، اس موقع پر مرکزی سیکرٹری یوتھ اور گلگت ڈویژن کی سیکرٹری جنرل محترمہ سائرہ ابراھیم نے خصوصی خطاب کیا اور کہا امام زمانہ ع کی حکومت قائم کرنے کے لیے ہمیں ابھی سے میدان عمل میں اتر کر راہیں ہموار کرنی ہیں اور اس امر کے لیے بے شمار مسائل اور کٹھن و نا مساعد حالات و واقعات کا بھی ہمیں سامنا کرنا ہوگا ہمیں چاہئے کہ ہم خود کو بھی اور اپنے بچوں کو بھی اس کی تربیت دیں کہ سختی و مشکلات سے گھبرا کر اپنے عظیم ھدف سے پیچھے نہ ہٹیں۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین ضلع لاھور کی جانب سے رشی بھون لاہور میں ضلعی سیکرٹری جنرل محترمہ حنا تقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محترمہ عظمی نقوی کی زیر سرپرستی یونٹ قائم کیا گیا۔ اس موقع پر محترمہ حنا تقوی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا تعارف اور اس الہی تنظیم کے اھداف و مقاصد سے خواتین کو آگاہ کرتے ہوے کہا کہ معاشرے میں اجتماعی طور پر کام کرنے اور مکتب تشیع کا حقیقی عکس زمانے میں اجاگر کرنے کے لیے ایسی ٹیم اور جماعت کا حصہ بنیں جو معیاری ہو جو صرف باتوں اور جوشیلے خطاب تک محدود نہ ہو بلکہ عملی طور پر ہر میدان میں آپ کو نظر آے اور اس وقت ایم ڈبلیو ایم پاکستان ہر اس فرد کو اپنا پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جو خلوص نیت اور مضبوط ارادے کیساتھ ملت کی خدمت انجام دینا چاہتا ہے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع لاھور کے بی بی پاکدامن یونٹ کی جانب سے امام بارگاہ فاطمہ زھرا ع میں اعمال نیمہ شعبان ادا کیے گئے ، جس میں خواتین کی بھرپور شرکت رہی ، اس موقع پر محترمہ بشری شیرازی کی اقتداء میں نیمہ شعبان کے مخصوص اعمال انجام دیے گئے اور ظہور امام مھدی ع ، ملکی سالمیت و استحکام اور ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل محترمہ زھرا نقوی کی صحتیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئ۔
وحدت نیوز(گلگت) اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر دوسروں کی جان بچانے والے بہادر سپوتوں کی حکومتی سطح پر حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ہراموش سے تعلق رکھنے والے بہادر جوان خوشبودار حسین اور پولیس اہلکار راجہ ریاض حسین نے جان کی بازی لگاکر ایک قیمتی انسانی جان کو بچالیا ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ان دونوں بہادر جوانوں کو بہادری،جرات اور جانثاری دکھانے پر حوصلہ افزائی کے ساتھ تمغہ شجاعت سے نوازا جائے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ نفسا نفسی کے اس عالم میں اپنے جان سے کھیل کر دوسروں کی جان بچانے والے بہادر جوانوں کی حوصلہ افزائی ایک واجبی امر ہے اور ہم پولیس اہلکار راجہ ریاض حسین اور خوشبودار حسین کی جرات و شجاعت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے بغیر حفاظتی جیکٹ کے خود کو دریا کی بے رحم موجوں کے حوالے کیا اور ایک قیمتی انسانی جان کو بچانے میں کوئی لمحہ ضائع نہیں کیا۔جرات وبہادری کی ایسے مثالیں بہت کم دیکھنے کو ملتی ہیں کہ اپنی جان کی بازی لگاکر ان دونوں جوانوں نے سید محمد حسین سبحانی کو دریا کی بے رحم موجوں سے زندہ وسلامت باہر نکال دیاجو نہایت ہی قابل تحسین اقدام ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے عملے نے بھی کوئی لمحہ ضائع کئے بغیر اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے ایک قیمتی انسان کو موت کے منہ سے نکال لیا ۔ہم ہسپتال کے عملے اور ڈاکٹرز کی بروقت طبی امداد پہنچانے پر انہیں بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے نوجوان سید محمد حسین سبحانی کو دریا بردہونے سے بچانے والے دونوں جوانوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ انہیں تمغہ شجاعت سے نوازنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے اسکردو میں جشن نیمہ شعبان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تصویر مہدویت کا تعلق کسی خاص مسلک یا اسلام تک محدود نہیں بلکہ یہ فطرت انسانی کی آواز ہے۔ عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کا قیام آرزوئے بشریت اور انبیاء ہے۔ انہوں نے کہا کہ تصور مہدویت تمام انسانوں اور مستضعفین کے لیے قوت و طاقت کا باعث ہے۔ اگر ہماری زندگیوں سے مہدویت کا نظریہ ختم ہو جائے تو ظالم بے لگام ہوں گے اور مظلوم کی حمایت و داد رسی کرنے والا کوئی نہیں ہوگا۔ قرآن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ خدا کا ارادہ ہے کہ زمین پر ان لوگوں کو وارث اور امام بنا دیا جائے گا جو مستضعف ہوں۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ امام مہدی کا تصور صرف تصور نہیں بلکہ یہ مسلمانوں کے عقیدے کا حصہ ہے۔ تمام اسلامی مکاتب میں امام مہدیؑ کے ظہور کا ذکر موجود ہے اور انہیں رد کرنے والے دراصل عہد حاضر کے ظالم ہیں۔ آج دنیا بھر میں جاری ظلم و ستم اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے وہی طبقہ سامنے آسکتا ہے جن کا ظلم سے کوئی تعلق نہ ہو۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ ظلم چاہے جس کے ساتھ اور دنیا کے جس کونے میں اس پر آواز بلند کرنا اور ظلم کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنا آج کے دن کے منانے کا تقاضا ہے۔ آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ امام مہدی ؑ کے ماننے والے ظلم سے ناطہ توڑ دے اور اور ظلم کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کرے تو معاشرہ میں عدل و انصاف کا بول بالا ہوگا۔ عقیدہ مہدویت کے ماننے والوں کا ہر حملہ ظلم و ستم کے مقابلے میں گزرنا چاہیے۔
وحدت نیوز(لاہور) ایم ڈبلیو ایم کے سینئر رہنما اور رکن شوریٰ عالی علامہ سید مبارک علی موسوی نے ایسٹر کے موقع پر سری لنکا میں ہونیوالے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے عوام سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ لاہور میں اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان سری لنکا کیساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کسی ایک ملک یا خطے کا مسئلہ نہیں یہ ایک عالمی مسئلہ ہے جسے تمام ممالک کو مل کر حل کرنا ہوگا، آئے روز مختلف ممالک میں دہشتگردی کے واقعات قابل تشویش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام معاملات پر اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہیے اور دنیا میں دہشتگردوں کی مالی فنڈنگ کرنے اور اسلحہ بیچنے والوں کو بے نقاب کیا جائے۔ علامہ سید مبارک علی موسوی نے اس سانحے میں 5 پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت سری لنکن عوام کیساتھ کھڑے ہیں، ہم دہشتگردی کیخلاف سری لنکا ساتھ دیں گے۔