The Latest
وحدت نیوز(مانٹرنگ ڈیسک) سید حسن نصر اللّہ کو اسرائیل نے 27 ستمبر 2024 کو شہید کر دیا تھا، اسرائیل نے اس بمباری میں تقریباً دو ٹن کے 85 مورچہ شکن بم استعمال کیے، پانچ ماہ بعد آج انکی بیروت میں لاکھوں سوگواروں کی موجودگی میں نماز جنازہ ادا کی گئی، یہ بلاشبہ دنیا کی تاریخ کے چند بڑے جنازوں میں ایک تھا جس کی کوریج کیلئے دنیا بھر سے صحافی موجود تھے، میں بھی اس بین الاقوامی صحافتی وفد کا حصہ تھا۔
لبنانی قوم نے خون جما دینے والی سردی میں کمال عشق، بہتے اشکوں، فلک شگاف نعروں، پرچموں اور عہد وفا کے ساتھ اپنے مزاحمتی لیڈر کو شایان شان انداز سے سپرد خاک کیا ہے، نماز جنازہ سٹیڈیم میں ادا کی گئی جہاں لوگ رات پہنچنا شروع ہو گئے تھے، سٹیڈیم بھر جانے پر دروازے بند کر دیئے گئے اور پھر سٹیڈیم کی طرف جانیوالی تمام شاہراہوں پر انسانی سر ہی سر تھے، اہل لبنان پورے پورے خاندان اور چھوٹے بچوں کو بھی ساتھ لائے، لوگ ایران، امریکہ، یمن، عراق، بھارت، بیلجئیم، جنوبی افریقہ، انڈونیشیا، بُرکینا فاسو، یورپ، ایتھوپیا، مصر، کیوبا، تیونس سمیت کئی ملکوں سے شریک ہوئے، بغداد سے تو بیروت کی پروازوں کے تمام ٹکٹ ہی فروخت ہو چکے تھے۔
حسن نصر اللہ کو 2000 میں 22 سال کے بعد اسرائیلی قبضے سے جنوبی لبنان کی آزادی اور 33 روزہ جنگ کی فتح میں کردار کی وجہ سے "سیدِ مُقاومت" کا لقب دیا گیا۔ انہوں نے حزب اللہ کے اہم ترین کمانڈر کے طور پر اس مزاحمتی تنظیم کو نہ صرف دفاعی طور پر مضبوط کیا بلکہ لبنان کی سیاست میں بھی اہم کردار دلوایا، وہ 1992 سے حزب اللہ کے سربراہ رہے۔
اُن کا بڑا بیٹاسید ہادی نصراللہ1997 میں 18 برس کی عمر میں اسرائیلی حملے میں شہید ہو گیا تھا۔
زندگی میں کئی مشاہدات بالخصوص آج کے مشاہدہ کے بعد میرا حاصل زندگی یہ ہے کہ زندگی وہی ہے جو ظلم، ناانصافی، فسطائیت کے خلاف اور انسانی عزت و وقار کے حق میں مزاحمت کرتے ہوئے گزاری جائے، جو زندگی اسکے برعکس ظلم و بربریت اور طاقتور حکمرانوں کے دلال اور ٹاوٹ بن کر گزرے تو ایسی زندگی پر نہ صرف لعنت بلکہ وہ دھرتی پر بوجھ ہے۔
موت تو ویسے ہی برحق ہے
لہذا موت ہو تو حسن نصراللہ جیسی ہو
امیر عباس (بیروت)
وحدت نیوز(بیروت) شہدائے راہ القدس، سید مقاومت سید حسن نصراللہ ؒ ان کے جانشین اور حزب اللہ لبنان کے نامزر سیکریٹری جنرل سید ہاشم صفی الدینؒ کی نماز جنازہ اور تدفین کی مراسم آج بیروت میں ادا کردی گئیں، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ کی زیر قیادت پاکستانی وفد نے بھی اس عظیم الشان اجتماع میں خصوصی شرکت کی اور شہدائے راہ قدس کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاکستانی وفد میں سربراہ ایم ڈبلیوایم سمیت مرکزی سیکریٹری امور خارجہ ایم ڈبلیوایم علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی، معروف عالم اہل سنت مفتی گلزار حسین نعیمی ،مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان فخر عباس نقوی، سیکریٹری جنرل فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر صابر ابومریم، معروف صحافی اور تجزیہ نگار امیر عباس ودیگر بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سرداران شہدائے مقاومت کی آخری رسومات بیروت شہر کے نیشنل اسٹیڈیم میں رہبر انقلاب کے لبنان میں موجود نمائندے کی زیر اقتداء ادا کی گئی جس میں دس لاکھ سے زائد افراد نے کئی درجن ملکوں سے شرکت کی ہے اس اجتماع کو دنیا کے بڑے جلوس جنازہ میں سے قرار دیا جارہا ہے۔
وحدت نیوز(کراچی) ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین یوسفزئی کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان اور جی ڈی اے کی اعلی سطح میٹنگ میں مشترکہ سیاسی جدوجہد کے بنیادی نکات اور لائحہ عمل طے کرنے کے لئے ایک اہم کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں جی ڈی اے سے سائیں زین شاہ، صفدر عباسی، سردار رحیم اور حسنین مرزا جبکہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے جانب سے سلمان اکرم راجہ، صاحبزادہ حامد رضا،جنرل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصرعباس شیرازی، حلیم عادل شیخ، ساجد ترین اور اخونزادہ حسین یوسفزئی کو نامزد کیا گیا ہے۔جی ڈی اے نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہونے والی دو روزہ قومی کانفرنس کی دعوت قبول کرتے ہوئے اعلی سطح پر شرکت کا وعدہ کیا۔
علاوہ ازیں کمیٹی کا آئین کے تحفظ اور سیاسی استحصال کے خاتمے اور مشترکہ سیاسی جدوجہد کے نکات طے کرنے کے لئے اگلا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں سندھ میں اپوزیشن کو منظم طریقے سے دیوار کے ساتھ لگانے کی حکومتی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے دھاندلی زدہ الیکشن پر مبنی جعلی اسمبلی کو تسلیم کرنے سے انکار کیا گیا۔ پورے ملک بشمول سندھ میں سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا جس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور تحریک انصاف کے کارکنوں سمیت سندھ سے مرتضی جتوئی اور دیگر سیاسی کارکنان شامل ہیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و ملی یکجہتی کونسل کے رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری کا کہنا ہے کہ ملی یکجہتی کونسل اور مجلس وحدت مسلمین اتحاد بین المسلمین کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ گزشتہ چند سال کے دوران غزہ کے مسئلے اور پاراچنار کے مسائل سمیت دیگر مواقع پر مثبت کردار ادا کئے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام ٹائمز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ ولایت حسین جعفری نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ اور سنی اتحاد کو برقرار رکھنے میں ملی یکجہتی کونسل کا کردار اہم ہے۔ بعض عناصر ملک میں تفرقہ پھیلانے کی کوششیں کرتے ہیں، تاہم ملی یکجہتی کونسل کے پلیٹ فارم سے ان کی سازشیں ناکام کرتے ہوئے اتحاد کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے مسئلے کے موقع پر متحد ہوکر فلسطین کے لئے آواز اٹھائی۔ شہید سید حسن نصر اللہ اور شہید اسماعیل ھنیہ کی شہادت پر دو تقریبات منعقد کیں اور فلسطین کے حق میں متعدد بار پریس کانفرنس اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے آواز بلند کی۔
وحدت نیوز( بنگل خان چانڈیو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ تشیع نے ملت اسلامیہ کی بیداری میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ عصر حاضر میں حضرت امام خمینی رحمہ اللہ علیہ نے قوموں میں شعور بیداری اور قیام و استقامت کے پرچم کو بلند کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنگل خان چانڈیو میں "بیداری ملت میں تشیع کا کردار" کے عنوان سے منعقد اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے 37 ویں مرکزی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
کنونشن کے آخری روز یوم حسین علیہ السلام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ 23 فروری یوم سوگ اور یوم تجدید عہد ہے۔ اس عظیم انسان کی شہادت اور جدائی پر کہ جو پوری زندگی حق اور صداقت کا علم لے کر وقت کے فرعون اور یزید کے خلاف برسر پیکار رہا۔ سید مقاومت اتحاد بین المسلمین کے علمبردار، تحریک آزادی فلسطین کے نڈر رہنماء اور عالم اسلام کا ناز تھے۔ آج پوری دنیا کے مسلمان اور حریت پسند اس عظیم مجاہد کی جدائی پر سوگوار ہیں کہ جس نے فلسطین کے مسلمانوں سے اور اپنے اہل سنت بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا۔ وہ جو امریکہ اور اسرائیل کے لئے خوف کی علامت تھا اور پوری دنیا کے مظلوموں کے لئے امید کی کرن تھا۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ سید حسن نصر اللہ کا راستہ جاری رہے گا۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ سید کے مشن کو ان کی قربانی کو اور ان کے پیغام کو پائے تکمیل تک پہنچائیں گے۔
وحدت نیوز(پاراچنار) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ پاراچنار نے پارہ چنار مرکزی دھرنے سمیت ضلع کرم کے علاقے سلطان لوئر مڈل کرم اور گوساڑ لوئر مڈل لوئر کرم دھرنوں کے منتظمین پر کرم پولیس کی جانب سے کاٹی گئی FIR میں ضمانت منظور کر لی گئی۔ دھرنوں کے منتظمین اور ایم ڈبلیو ایم کے کارکنوں نے ایڈووکیٹ سید عرب شاہ قاضی، سید علی شاہ شیرازی، کرم بار کونسل کے صدر عامر عباس طوری، ایڈووکیٹ ریاض بنگش اور ایڈووکیٹ سید فدا حسین کا شکریہ ادا کیا۔ دھرنوں کے منتظمین کا کہنا ہے کہ جن کے تعاون سے مرکزی دھرنا پارہ چنار سٹی، لوئر مڈل کرم سلطان اور لوئرمڈل کرم گوساڑ دھرنے کے منتظمین و شرکاء پر کاٹی گئی FIR میں ضمانت منظور ہوئی۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی جانب سے شہید مقاومت، شہید راہ قدس سید حسن نصراللہ و شہید ہاشم صفی الدین کی تشیع نماز جنازہ کے موقع پرامام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر لائیو تشیع جنازہ دکھایا گیا۔ شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی، مجلس عزا اور شہدا سے ایفائے عہد کے لیے شمعیں روشن کی گئیں، مقررین نے کہا کہ آج یوم عہد ہے ہم فلسطین کی آزادی اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے، فلسطین فلسطینیوں کا ہے، ہم ہر خیانت کا بھرپور جواب دیں گے، شہید سیدحسن نصر اللہ اور شہید سید ہاشم صفی الدین کا مقدس خون رنگ لائے گا، فلسطین اور بیت المقدس فلسطینیوں کو مل کر رہے گا، پوری دنیا سے حریت پسندوں نے شہدا کا نماز جنازہ پڑھ کر امریکہ اور اسرائیل کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے۔
اس موقع پر صوبائی صدر مجلس علمائے مکتب اہلبیت جنوبی پنجاب علامہ قاضی نادر حسین علوی، پرنسپل جامعة العباس علامہ ڈاکٹر غضنفر علی حیدری، علامہ غلام مصطفی انصاری، ریجنل صدر آئی ایس او پاکستان جنوبی پنجاب احتشام اظہر نے شرکا سے خطاب کیا، سید کاشف زیدی، عاصم گیلانی نے منقبت پڑھی۔ علامہ سلطان احمد شاہ، علامہ احسان رضی، یافث نوید ہاشمی، ملک اظہر کھوکر، سید وسیم زیدی، غلام حسین انصاری، ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم فخر نسیم، ضلعی صدر آئی ایس او علی مصدق، عرفان چاون سمیت صوبائی و ضلعی کارکنان نے شرکت کی۔
وحدت نیوز(بولان) مجلس علمائے مکتب اہلبیت صوبہ بلوچستان اور مجلس وحدت مسلمین ضلع بولان کی طرف سے قائدمقاومت علامہ شہید سید حسن نصراللہ سے تجدید عہد کے لئے آج نماز مغربین کےبعد مرکزی امام بارگاہ ڈھاڈر میں مجلس عزا منعقد ہوئی۔مجلس عزاسےخطاب کرتے ہوئے مجلس علمائے مکتب اہلبیت صوبہ بلوچستان کےجنرل سیکریٹری علامہ ذوالفقارعلی سعیدی نے قائد مقاومت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نےکہاکہ شہید حسن نصراللہ ساری زندگی امام حسین ع کے نقش قدم پرچلتے رہے اور امام کی طرح انہوں نے اپنی جان قربان کی اور کسی ظالم کے سامنے اپنا سر نہ جھکایا۔
وحدت نیوز(بیروت) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بیروت میں شہدائے قدس کی تشیع جنازہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن امتِ مسلمہ کے لیے صبر، عزم اور تجدیدِ عہد کا دن ہے۔ آج ہم شہیدِ راہِ قدس، سید حسن نصراللہ اور شہید ہاشم صفی الدین کی تشیعِ جنازہ کے غم انگیز لمحے سے گزر رہے ہیں، آج ہم غزہ کے شہداء، بالخصوص شہید اسماعیل ہنیہ اور شہید مجاہد یحییٰ سنوار سمیت شہدائے غزہ و فلسطین و لبنان کو عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ وہ سب جو معرکۂ حق و باطل میں راہِ قدس کے شہداء میں شامل ہوئے، آج ہم ان کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہیں، ان کی راہ پر چلنے کا عہد کرتے ہیں۔یہ شہداء محض فرد نہیں، بلکہ ایک نظریہ، ایک پیغام، اور ایک لازوال داستان ہیں ایسی داستان جو ہمیں سکھاتی ہے کہ ظلم کے ایوانوں کو لرزانے کے لیے اسلحے سے زیادہ ایمانی قوت درکار ہوتی ہے۔ آج ہم اس مبارک سرزمین انبیاء علیھم السلام (فلسطین و لبنان)کے ان جاں نثاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کیا کہ مظلوموں کی حمایت میں ڈٹ جانے والے کبھی کمزور نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ حزب اللہ، حماس، اور مقاومتِ اسلامی کے وہ غیور مجاہدین، جنہوں نے یمن و عراق کے میدان کارزار میں اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر غزہ و فلسطین کے مظلومین کی حمایت میں وقت کے فرعونوں کو للکارا، وہ درحقیقت امت کے ضمیر کی آواز ہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب بیت المقدس آزاد ہوگا، جب مظلوموں کی صدائیں اور استقامت ظالموں کے تخت و تاج الٹ دیں گی، جب امریکہ اور اسرائیل جیسی غاصب طاقتوں کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ آج ہم غزہ وفلسطین کے مجاہدین کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ دنیا بھر کے تمام باشعور انسان آپ کے ساتھ ہیں، یہ معرکہ حق اور باطل کے درمیان ہے، اور کامیابی، ان شاء اللہ، اہلِ حق کا مقدر ہے۔
وحدت نیوز (بیروت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجتہ الاسلام علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے قائدمقاومت شہید سید حسن نصراللہ ؒ اور نامزد سیکریٹری جنرل حزب اللہ لبنان سید ہاشم صفی الدینؒ کی تشیع جنازہ کے موقع پربیروت (لبنان) سے ملت تشیع پاکستان کے نام ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ جس کا متن پیش خدمت ہے ۔
بسم اللہ الرحمن الرحیم
خصوصی پیغام برائے تشیعِ جنازہ شہدائے راہ قدس
قال اللہ تعالیٰ:
“وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتًا ۚ بَلْ أَحْيَاءٌ عِندَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ” (آل عمران: 169)
ترجمہ: “اور جو لوگ اللہ کی راہ میں قتل کیے گئے ہیں، انہیں ہرگز مردہ نہ سمجھو، بلکہ وہ زندہ ہیں، اپنے رب کے پاس رزق پاتے ہیں۔”
شہداء راہِ قدس، خصوصاً شہید حسن نصراللہ اور شہید ہاشم صفی الدین کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے ملک بھر کی تمام مساجد میں خصوصی دعائیہ اجتماعات کے انعقاد کی اپیل کی جاتی ہے۔ یہ شہداء امتِ مسلمہ کے لیے فخر کا باعث ہیں، جنہوں نے مظلوموں کی حمایت اور قدس کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
میں تمام علمائے کرام، خطباء، اور عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ان اجتماعات میں بھرپور شرکت کریں، شہداء کے بلند درجات کے لیے دعا کریں، اور عہد کریں کہ ان کے مقدس مشن کو جاری رکھیں گے۔
اللّٰہ تعالیٰ شہدائے اسلام کو اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ہمیں ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق دے۔الٰہی آمین