The Latest
وحدت نیوز (بلتستان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے دورہ بلتستان کے موقع پر مرکزی جامع مسجد امامیہ اسکردو کے امام جمعہ و الجماعت علامہ شیخ محمد حسن جعفری سے ملاقات کی اس موقع پر مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی ، ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ سید علی رضوی بھی موجود تھے ۔
علامہ شیخ حسن جعفری نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو بلتستان آمد پر خوش آمدید کہا ، دونوں علماء کرام نے گلگت بلتستان کی سیاسی اور سماجی صورتحال ہر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے علامہ شیخ حسن جعفری کو عظمت شہداء کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔
ملاقات کے اختتام پر علامہ شیخ حسن جعفری نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کو مرکزی جامع مسجد امامیہ کے احاطے میں قائم کتب خانے کا معائنہ بھی کروایا ۔
وحدت نیوز (کراچی) شہر قائد کے پر امن ماحول کو دوبارہ ایک منظم سازش کے تحت خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ارشد عباس نقوی کا قتل اسی سازش کا حصہ ہے۔ ارشد عباس نقوی ہماری ملت کا روشن ستارہ تھا، قومی و ملی پروگرامات کی رونق سمجھا جاتا تھا، اورنگی ٹاؤن کو ایک مرتبہ پھر کشت و خون میں جھونکنے کی تیاری ہو رہی ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی نے پاک حیدری اسکاؤٹس کے ممبر ارشد عباس نقوی کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف وحدت ہاؤس سے جاری ایک مذمتی بیان میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم متعلقہ حکام کو بارہا دہشت گرد عناصر کی جانب نشاندہی کرا چکے ہیں لیکن حکام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریوں کی بجا آوری میں ناکام نظر آرہے ہیں، دہشت گردی کا یہ بے قابو جن ہماری سینکڑوں عظیم شخصیات کو نگل چکا ہے، ہم نے ابھی تک تو صبر کے دامن کو تھاما ہوا ہے جو کہ اور زیادہ دیر ممکن نہیں، ہم نگراں حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جلد از جلد ارشد عباس نقوی کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگردوں اور ان کے محفوظ ٹھکانوں کیخلاف آپریشن انتہائی ناگزیر ہے، ایم ڈبلیو ایم کا صوبائی کنونشن 22 اور 23 جون کو کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی رہنماء اقبال نذر اور رشید علی جعفری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین جو کہ اتحاد بین المسلمین، وحدت، اخوت اور امن کی داعی جماعت ہے، خدا کا شکر ہے کہ اتنی قلیل مدت میں ایم ڈبلیو ایم ملک گیر عوامی جماعت بن چکی ہے۔ جسے ملک بھر کے لاکھوں شہریوں کی حمایت اور تائید حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے بے روزگاری، دہشتگردی اور سامراجی مداخلت کا خاتمہ ہماری جدوجہد کا محور ہے۔ دہشتگردی کے خلاف ملک گیر موثر اور پرامن دھرنے دے کر ہم نے ملکی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ اپریل میں مرکزی کنونشن کے بعد اب مجلس وحدت مسلمین کا صوبائی تنظیمی کنونشن آئندہ ماہ 22 اور 23 جون کو کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔ جس میں بلوچستان بھر سے ضلعی ذمہ داران اور تنظیمی کارکن شریک ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس صوبائی کنونش میں آئندہ تین سال کیلئے نئے صوبائی سیکرٹری جنرل کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور علامہ محمد امین شہیدی سمیت دیگر مرکزی قائدین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے انقلابی افکار کے تحت معاشرے کی اصلاح کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ ہم سیرت انبیاء (ع) کو اپنی جدوجہد کا محور سمجھتے ہوئے طاغوتی نظام کیخلاف برسرپیکار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نومنتخب اراکین اسمبلی اور نئی تشکیل پانے والی حکومت سے ہم توقع رکھتے ہیں کہ وہ جہاں کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری، غربت، لاقانیت اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر بھرپور توجہ دیں گے وہاں دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے بھی جامع پالیسی کا اعلان کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کی آگ میں پورا بلوچستان جل رہا ہے، دہشتگردوں کا جڑ سے خاتمہ، ان کے ٹریننگ کیپمس اور محفوظ ٹھکانوں کیخلاف آپریشن بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن و اخوت کے علبردار ہیں، اس لئے اس سلسلے میں ہونے والی ہر پرخلوص کوشش کی بھرپور حمایت کریں گے۔
وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) تہران میں شام کے بحران کو پر امن اور سیاسی طور پر حل کرنے کے لئے ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس میں 40 سے زائد ممالک کے نمائندوں کی موجودگی میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہم گذشتہ تین سال سے شام میں ٹریجڈی کا شکار ہیں، اور اس قسم کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور شام کے عام شہری سب سے زیادہ اس صورتحال سے متاثر ہو رہے ہیں۔ یو این او کے سیکرٹری جنرل کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ آج شام کے شہریوں میں سے ہر تیسرا شخص انسان دوستانہ مدد کا ضرورت مند ہے، ہزاروں مدارس اور ہسپتال تباہ ہوچکے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ شام میں وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، وہاں پر بڑی تعداد میں خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس نے ہم سب کو صدمہ سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شدت پسند شام کے تنازعے کو بہانہ بنا کر پورے خطے کے استحکام کو خراب کرنا چاہتے ہیں، آج جو کچھ شام میں ہو رہا ہے، اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو یہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیگا، شام میں جاری بحران کی وجہ سے ڈیڑھ ملین افراد ہجرت کر چکے ہیں۔
وحدت نیوز (کراچی) جب عوام کے محافظ ہی قاتل بن جائیں تو عوام کس سے امان کی امید رکھیں، حکمرانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے کہ ان کے ماتحت اداروں میں ایسے ملازمین موجود ہیں جو بیگناہ انسانوں کے قتل عام میں ملوث ہیں، شہید پروفیسر سبط جعفر زیدی کے قتل میں ملوث سندھ پولیس کے کانسٹیبل طارق شفیع انصاری سے مزید شواہد اکٹھا کرکے پولیس ڈپارٹمنٹ میں موجود مزید کالی بھیڑوں کو بھی منظر عام پر لایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ سید حسن ظفر نقوی نے وحدت ہاؤس کراچی میں ڈویژنل کابینہ کے اراکین سے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ پر واجب ہو چکا ہے کہ وہ بیرونی دشمنوں سے قبل سکیورٹی اداروں میں موجود انسانیت کے قاتلوں کے خلاف بھرپور قانونی کاروائی عمل میں لائے۔
علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ اگر ہماری فوجی اسٹیبلشمنٹ بلوچستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ایف سی، رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے خلاف کوئی موثر کارروائی عمل میں لے آتی تو آج یہ بیماری کراچی اور پاکستان کے دیگر اداروں میں سرایت نہ کرتی۔ انہوں نے وفاقی حکومت اور خصوصاً وفاقی وزارت داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہید پروفیسر سبط جعفر زیدی کے قتل میں ملوث گرفتار ملزم سندھ پولیس کے کانسٹیبل طارق شفیع انصاری سے مکمل تفتیش کے بعد اس جیسی دیگر کالی بھیڑوں کو بھی بے نقاب کرے اور طارق شفیع انصاری کو نشان عبرت بنایا جائے، تاکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر دوبارہ عوام کا اعتماد بحال ہوسکے۔
وحدت نیو ز (مظفر آباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کی جانب سے جشن مولود کعبہ اورسالانہ تنظیمی کنونشن کا انعقاد ‘ تمام اضلاع کی کارکردگی رپورٹس پیش ‘ اطمینان کا اظہار، علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی دوسری مرتبہ کثرت رائے سے سیکرٹری جنرل منتخب ‘سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستانِ ناصر ملت علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے نو منتخب سیکریٹری جنرل سے حلف لیا ‘ مرکزی قائدین علامہ امین شہیدی‘ سیکرٹری سیاسیات سیدناصر عباس شیرازی نے بھی کنونشن اور تقریب حلف برداری سے خطاب کیا ‘ جبکہ زعیم ملت مفتی سید کفایت حین نقوی نے علالت کے باوجود شرکت کی۔
تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ معاشرے میں صرف دو طبقات ہوتے ہیں ‘ ایک ظالم ‘دوسرا مظلوم ‘ اسلام ‘دین انسانیت ہے ‘ اور انسانیت کا تقاضا یہی ہے کہ ظالم کے مقابلے میں ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا جائے ‘ مظلوم چاہے کسی بھی مذہب کا ماننے والا ہو ‘ مجلس وحدت مسلمین دین اور سیاست کو الگ نہیں سمجھتی ‘ اور دینی احکامات کے مطابق مظلوم کی حمایت اور انسانیت کی فلاح و بہبود کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کو سیاست کہتے ہیں ‘ جبکہ ہر وہ حکمت عملی جو دینی اقدار و اُصولوں کے منافی ‘ مکرو فریب کیساتھ اختیار کی جائے تاکہ مخصوص اہداف حاصل ہوں ‘ وہ انسانی ‘ اسلامی ‘ شرعی اعتبار سے گمراہی ہے ‘ جس کے جال میں لوگوں کو پھنسایا جاتا ہے ‘ وطن عزیز میں یہی طرز سیاست ہے جو رواج پا چکا ہے ‘ اور ملک و قوم کیلئے آزمائش بنا ہوا ہے ، مجلس وحدت مسلمین کا سیاست میں آنا اور انتخابی عمل کا حصہ بننا حقیقی اسلامی طرز سیاست کا فروغ ہے ‘ اور اس میں ملک و قوم کی بقاء اور سلامتی ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ راجا ناصر عباس نے کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر وہ کام جس سے وطن کو نقصان پہنچے ‘ گناہ اور حرام ہے ‘ اور ہم پاکستانی عوام کو یہی بتانا چاہتے ہیں کہ وطن کو نقصان پہنچانے والی منظم قوتوں کی سازشوں کا توڑ کرنے کیلئے اکٹھی ہو جائیں ‘ ظالم نے بڑی چالاکی اور مکاری سے مظلوموں کو شیعہ سنی ‘ علاقائی ‘ لسانی بنیادوں پر تقسیم کا عمل شروع کر رکھا ہے ۔
تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امین شہیدی نے کہا کہ سرزمین کشمیر اولیائے کرام‘ صوفیائے کرام کی تبلیغ اور کردار کی بدولت محبتوں کا نمونہ چلی آ رہی ہے لیکن یہاں بھی نفرتوں کا بیج ڈالا جا رہا ہے ‘ مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میدان سیاست میں رہ کر لوگوں کی کردار سازی کریں گے ‘ اُنکے سیاسی شعور ‘ روحانی معیارات کو بلند کریں گے تاکہ امام زمانہ کے بہترین ساتھی بن سکیں ‘ حالیہ عام انتخابات میں سُنی تحریک ‘ سُنی اتحاد کونسل نے ہمارے اُمیدواروں کی حمایت کی ‘ اور سُنی شیعہ اتحاد و وحدت کو بڑھایا ‘ جسے ختم کرنے کیلئے تکفیری گروہ نے عرصہ دراز سے کوشش جاری رکھی ہوئی ہیں ۔اس موقع پر ضلع نیلم ،ضلع ہٹیاں بالا ،ضلع کوٹلی ،ضلع باغ ،ضلع مظفرآباد ،ضلع راولاکوٹ کے سیکرٹری جنرلز نے بھی اپنے خیالات کااظہا ر کیا ۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور کے ایک وفد نے امامیہ کالونی دھماکہ میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کیلئے لیڈی ریڈنگ اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کے ساتھ ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی۔ ایم ڈبلیو ایم ضلع پشاور کے سیکرٹری شعبہ جوان مقبول حسین کی سربراہی میں وفد نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی۔ واضح رہے کہ زخمی ہونے والوں میں اہل تشیع اور اہلسنت دو مکاتب فکر کے پیروکار شامل ہیں۔
وفد نے زخمیوں کے لواحقین کو اپنے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے گزشتہ دنوں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے نوجوان آغا میر کی بھی عیادت کی۔
وحدت نیوز (بلتستان)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اسکردو پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اسکردو میں منعقدہ کانفرنس بعنوان ’’ عظمت شہداء کانفرنس ‘‘ میں شرکت کے لیے اسکردو پہنچے ہیں۔ اس موقع پر اسکردو ائیرپورٹ پر علامہ آغا علی رضوی، علامہ شیخ کریمی، علامہ شیخ علی احمد نوری، شیخ اعجاز بہشتی سمیت دیگر کارکنان نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا پرتپاک استقبال کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس سمیت دیگر مرکزی قائدین 25 مئی کو 13 رجب المرجب یوم ولادت امام علی (ع) کی مناسبت سے روندو میں منعقدہ جلسہ عید سے خطاب کریں گے جبکہ 26 مئی کو سانحہ 88، سانحہ کوہستان، سانحہ چلاس، سانحہ بابوسر کے شہداء اور ملت پاکستان کے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ عظمت شہداء کانفرنس میں بھی خطاب کریں گے۔ عظمت شہداء کانفرنس 26 مئی بروز اتوار کو یادگار شہداء اسکردو پر منعقد ہوگی۔
وحدت نیوز (مانیٹرنگ ڈیسک) اردن کی 89 ممتاز شخصیات نے حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کے نام ایک خط میں لبنان کے دلیر، نڈر اور بےباک مجاہد کی اسرائيل کے خلاف کامیابیوں کو عرب اقوام کے لئے باعث فخر قرار دیتے ہوئے لبنان کی طرح شام کے دفاع کو واجب قرار دیا ہے۔ مہر خبر رساں ایجنسی نے النشرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اردن کی 89 ممتاز شخصیات نے حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کے نام ایک خط میں لبنان کے دلیر، نڈر اور بےباک مجاہد کی اسرائيل کے خلاف کامیابیوں کو عرب اقوام کے لئے باعث فخر قرار دیتے ہوئے لبنان کی طرح شام کے دفاع کو واجب قرار دیا ہے۔ اردن کی ممتاز شخصیات میں اعلی فوجی، مختلف قبائل، اردن کی پارلیمنٹ کے موجودہ اور سابق ارکان اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ شامل ہیں۔
اردنی شہریوں نے اپنے خط میں شامی حکومت کے دفاع کو واجب قرار دیتے ہوئے شام کی حمایت کرنے پر سید حسن نصر اللہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اردن کی ممتاز شخصیات نے اپنے خط میں اسرائيل کی طاقت کے طلسم کو توڑنے پر حزب اللہ لبنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ حزب اللہ لبنان نے قومی اور دینی غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے لبنان کی سرزمین کو غاصب صہیونیوں سے آزاد کرالیا جبکہ اردن، مصر اور دیگر عرب حکومتیں اپنی سرزمین کو ابھی تک غاصب صہیونیوں سے آزاد نہیں کراسکی ہیں۔ اردنی شخصیات نے عرب اقوام کے باہمی اتحاد پر تاکید کرتے ہوئے امریکہ، اسرائيل اور عرب ڈکٹیٹروں کی حمایت میں لڑنے والے سلفی وہابیوں سے نفرت اور بیزاری کا اظہار کیا ہے جو اسلام اور مسلمانوں کے لئے ننگ و عار کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین (ملتان) کے حمایت یافتہ اور پاکستان تحریک انصاف کے ملتان سے نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی ظہیرالدین علیزئی نے ایم ڈبلیو ایم ملتان کے ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عام انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے حمایت اور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میری کامیابی میں مجلس وحدت مسلمین کا مرکزی کردار ہے بہت جلد ملتان آ کر مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں اور کارکنوں کے اعزاز میں عشائیہ دوں گا۔ اس موقع پر علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ملتان میں معتدل قوتوں کا ساتھ دے کر مضبوط پاکستان کی بنیاد میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ مجلس وحدت مسلمین نے ملتان میں جن اُمیدواروں کی حمایت کااعلان کیا پھر اُنہیں کامیاب کرانے تک ساتھ دیا۔ اُنہوں نے ظہیرالدین علیزئی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ ملتان میں قومی وحدت کا یہ سفر جاری رہے گا۔