وحدت نیوز(ہری پور) مجلس وحدت مسلمین ضلع ہری پور کے معروف شیعہ رہنما و ڈپٹی ڈائریکٹر بیت المال ہری پور نیئر حسین جعفری قاتلانہ حملے میں شدید زخمی، فوری طبی امداد کے لئے ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد ریفر کر دیا گیا، آخری اطلاعات آنے تک حالت خطرے سے باہر بتائی گئی، تفصیلات کے مطابق نیئر حسین جعفری رات 12 بجکر 15 منٹ پر رحمانیہ روڈ ہری پور سے اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے کہ مسلح دہشت گرد نے فائرنگ شروع کر دی، جس سے نیئر حسین جعفری شدید زخمی ہوگئے، قریب سے گزرتے موٹر سائیکل سوار نے زخمی حالت میں ہری پور ہسپتال پہنچایا، جہاں سے انہیں ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد ریفر کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ نیئر جعفری کا شمار ضلع ہری پور کے سرگرم رہنماوں میں ہوتا ہے، ان کی اہلیہ خانم راضیہ جعفری ایڈووکیٹ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین صوبہ خیبرپختونخوا کی سیکرٹری جنرل ہیں۔ مختلف حلقوں کی طرف سے دہشت گردی کے اس واقعہ کی پرزور مذمت کے ساتھ ساتھ قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
وحدت نیوز (کراچی) تحریک آزادی القدس کے تحت جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کے موقع پر مرکزی القدس ریلی نمائش چورنگی تا تبت سینٹر نکالی گئی۔ مرکزی آزادی القدس ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں پاکستانی، فلسطینی و آزادی القدس کے پرچم سمیت پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور سمیت القدس کی آزادی تک جنگ رہے گی، اسرائیل کی نابودی تک جنگ رہے گی کے نعرے آویزاں تھے۔ مرکزی آزادی القدس ریلی میں بچوں کے خصوصی دستے تیار کئے گئے تھے، جنہوں نے سروں پر سرخ پٹیاں باندھ رکھی تھیں، جن پر یا قدس ہم آ رہے ہیں کے نعرے درج تھے۔ مرکزی القدس ریلی میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا احمد اقبال رضوی ،آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی، جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ عباس کمیلی، علامہ مرزا یوسف حسین، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز، جمعیت علماء پاکستان کے رہنما علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، پاکستان مسلم لیگ نواز کے پیرزادہ ازہر علی ہمدانی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم، میثم عابدی، مولانا صادق جعفری، مولانا نشان حیدر، مولانا حیدر عباس عابدی، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، مولانا عقیل موسٰی، مولانا صادق تقوی سمیت دیگر شریک تھے۔
شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ایک طرف اسرائیل مظلوم فلسطینیوں کا قتل عام کر رہا ہے، تو دوسری جانب مسلم دنیا بالخصوص عرب دنیا کے حکمران اسرائیل جیسی خونخوار ریاست کے ساتھ اپنے تعلقات استوار کر کے فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر بھی عرب ممالک کا دباؤ ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کر لیا جائے، لیکن پاکستان کے عوام ہرگز ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
ریلی کے اختتام پر رہنماؤں نے مشترکہ قرار داد پیش کی، جس میں دنیا بھر کے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی مظالم اور قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کیلئے مشترکہ افواج کا قیام عمل میں لائیں، بحریں، یمن، نائیجریا میں چلنے والی اسلامی تحریکوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا، مظلوم فلسطینی مسلمانوں سے حق میں اٹھنے والی تمام مزاحمتی تنظیموں حماس، حزب اللہ، جہاد اسلامی سمیت آزادی فلسطینی تنظیموں کی حمایت کا اعلان کیا گیا، خطے میں جاری آل خلیفہ، آل سعود سمیت ان تمام ممالک کی مذمت کی گئی، جو اسرائیل سے روابط قائم کرکے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے خون کا سودا کر رہے ہیں۔ ریلی کے اختتام پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرکنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر علی مہدی نے ریلی میں شرکت پر علماء کرام سمیت اسلامی جمیعت طلبہ، پختون اسٹونٹس، انجمن طلبائے اسلام و دیگر طلبہ تنظیموں اور سیاسی و مذہبی کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان الیکشن ٹربیونل نے گلگت بلتستان کونسل کے انتخابات کو غیرقانونی قرار دیکر نئے الیکشن کرانے کے احکامات جاری کر دئیے۔ الیکشن ٹربیونل کے جسٹس محمد عالم نے مجلس وحدت مسلمین کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی حیدر کی جانب سے کونسل الیکشن میں شو آف ہینڈ اور انتخابی شیڈول جاری ھونے کے بعد کی گئی ترمیم کو چیلنج کیس پر فیصلہ دیتے ہوئے کالعدم قرار دیکر فوری انتخابات کا حکم دے دیا۔ حاجی علی حیدر نے جی بی کونسل الیکشن کو چیلنج کیا تھا اور انہوں نے موقف اپنایا تھا کہ الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد انتخابات کے طریقہ کار میں تبدیلی کر کے شو آف ہینڈ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرانا غیرقانونی ہے۔ انکے چیلنج پر فیصلہ دیتے ہوئے جسٹس محمد عالم نے جی بی الیکشن کو غیرقانونی قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن ٹربیونل کے اس فیصلے کے بعد کونسل کے اراکین کی تنخواہوں کو روکنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کی جانب سے مطالبات کے حق میں جاری دھرنا 46 ویں روز میں داخل ہو چکا ہے۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے کہا کہ فلسطین کی طرح گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ نہ ختم ہونے والے مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ 67 سالوں سے اس خطے کے عوام کو تشخص نہ دینا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس خطے کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھنے والی تمام طاقتیں مجرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کوئی ادارہ بہتری کی راہ پر گامزن نہیں ہے۔ محکمہ تعلیم معیاری تعلیم فراہم کرنے میں ناکام ہو چکا ہے، اسی طرح محکمہ تعمیرات کی کارکردگی کا اندازہ اسکردو شہر کی سڑکوں کو دیکھ کر لگا جا سکتا ہے۔ صوبائی حکومت کو برسراقتدار آئے ایک سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن اس عرصے میں کیا کچھ ہوا انکے اپنے ڈپٹی سپیکر کی زبانی عوام سن چکے ہیں۔ اس ایک سال میں کارکردگی صفر رہی اور جھوٹ پہ جھوٹ بولتے رہے، جبکہ سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگانے کے لیے قومی ایکشن پلان کا استعمال کیا جا تا رہا ہے اور ماورائے قانون کارروائیاں ہوتی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت اسکردو روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں تاریخ پہ تاریخ حکومتی اراکین کے منہ پر طمانچہ ہے۔ سپیکر سمیت متعدد اراکین کئی مرتبہ ٹینڈر کی تاریخ کا اعلان کر چکے ہیں لیکن انہیں خود معلوم نہیں کہ کب ٹینڈر ہونا ہے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ شغرتھنگ پاور پروجیکٹ کو منسوخ کرنا مسلم لیگ نون کی صوبائی اور وفاقی حکومت کی بلتستان دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم القدس فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ دنیا بھر کے مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنے کا دن ہے۔ آج فلسطین، شام، عراق، یمن، بحرین، افغانستان استعمار اور مستکبرین کے مظالم کے نشانے پر ہے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ کے سیکرٹری جنرل عباس علی نے ملک میں سیاسی جماعتوں کے اتحاد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ مل کر ملک کے ترقی کیلئے چلنا ہوگا اسی میں سب کی بھلائی ہے اسی طرح ملک کو ترقی کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم بلوچستان سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس سے بات کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسی ایک جماعت کے ذریعے کبھی بھی نہیں چل سکتا،تمام جماعتوں کیلئے ضروری ہے کہ دوسروں کو ساتھ لے کر ملک کو چلائے۔ اس بات کی مثال ماضی کی چند حکومتیں ہیں جنہیں مارشل لا کے زور پرگرایا گیا تھا وہ حکومتیں بھی دوسری جماعتوں کو اپنے اعتماد میں لئے بغیر رواں تھی اور اس طرح وہ جمہوری حکومت قائم کرنے میں ناکام رہے اور انکی حکومت زیادہ دیر نہیں چل سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کا آپس میں باہمی تعلقات اور رابطہ ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے، نہ صرف ملک بلکہ معاشرے کی ترقی کیلئے بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ انہی باتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین ہمیشہ اور ہر میدان میں دوسری جماعتوں کے ساتھ باہمی تعلقات کو مضبوط کرنے کی کوشیشوں میں ہیں اور ان کے ساتھ اچھے سے اچھے روابط قائم کرنے کی کوششوں میں مگن ہے۔جہاں بھی قوم و ملت کی مفاد کی بات آئی ہے ہم نے قوم کی فلاح کیلئے اپنا کردار بخوبی ادا کیا ہے اور جتنا ہمارے لئے ممکن تھا دوسرے جماعتوں سے بھی اپنی قوم کیلئے کام کروایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں سے اچھے روابط ایک سیاسی جماعت کے پختگی کا ثبوت ہے اور اس طرح ہم ایک دوسرے کے اہداف سے بھی واقف ہو سکتے ہیں ایک سیاسی جماعت کے قیام کا مقصد ہی قوم کی خدمت کرنا ہے۔ ہم سب کی منزل ایک ہے تو اس لحاظ سے تمام جماعتوں پر لازم ہے کہ وہ میدان میں آئے اور ایک دوسرے کی مدد کرے۔
وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام لاہور میں اسلام پورہ تا اسمبلی ہال القدس ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت آئی ایس او کے مرکزی نائب صدر سرفراز نقوی، مجلس وحدت مسلمین کے رہنماءعلامہ امین شہیدی ،علامہ جواد موسوی،علامہ حیدر موسوی، اسد نقوی، مولانا حسن رضا ہمدانی اور ڈویژنل صدر آئی ایس اور علی کاظمی، امامیہ آرگنائزیشن اور علماء مدارس جعفریہ کے رہنمائوں نے کی۔ ریلی کے شرکا نے فلسطین کے پرچم، بینرز، پلے کارڈ، امریکی صدر اوباما اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے پتلے بھی اٹھا رکھے تھے جبکہ جگہ جگہ اسرائیلی اور امریکی پرچم سٹرک پر بچھائے گئے تھے، جن کو شرکا ریلی اپنے پیروں تلے روند کر امریکہ و اسرائیل کیساتھ اظہار برات کرتے رہے۔ ریلی کے شرکا امریکہ اور اسرائیل کیخلاف جبکہ حماس، حزب اللہ اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ فضاء مسلسل ساڑھے 5 گھنٹے مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔
مجلس وحدت مسلمین کے رہنماءعلامہ امین شہیدی نے شرکا ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے مسئلہ پر امت مسلمہ بالخصوص عرب ممالک نے گذشتہ 68 برسوں میں متحد ہو کر کوئی آواز بلند نہیں کی، جب بھی فلسطین کی غیور مسلمانوں کو ضرورت پڑی مسلمان ممالک نے بجائے ان کی مدد کے اپنے بارڈر بند کرکے اسرائیل کی درندگی میں اس کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام خمینی نے آج سے 37 سال قبل دنیا کو متوجہ کیا تھا کہ اسرائیل کا ناپاک وجود اس سرزمین پر ایک ناسور ہے، عالم اسلام کو چاہئے کہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ دے۔ یوم القدس کے دن امریکہ اور مغربی ممالک کی حمایت یافتہ صیہونی حکومت اور نام نہاد انسانی حقوق کے کھوکھلے دعوے داروں کی مار دھاڑ اور غارت گری اس دن کے منانے سے بے نقاب ہوتی ہے اور اسی لئے وہ اس دن کی مخالفت اور بیخ کنی میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں۔ امام خمینی نے فلسطینیوں کی حمایت میں ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو یوم القدس منانے کی داغ بیل ڈالی اور تب سے یہ دن فلسطینیوں کی حمایت اور استکباری طاقتوں کے مظالم کیخلاف دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے۔
علامہ حسن رضا ہمدانی نے کہاکہ صیہونی حکومت آج دہشتگردی، بچوں کے قتل، غاصبانہ قبضے، جارحیت اور نسل کشی کی علامت ہے۔ یوم القدس، دہشتگردی کے مظہر صیہونزم کے شر سے نجات پانے کے عزم کا اظہار ہے، امام خمینی نے اپنی عالمانہ نظر اور دور اندیشی سے رمضان المبارک کے آخری جمعے کو یوم القدس قرار دیا اور دنیا کے تمام مسلمانوں اور حریت پسندوں کو اس موقع پر مظاہروں کی دعوت دے کر مسئلہ فلسطین کو دبانے اور بیت المقدس پر قبضہ کرنے کی پالیسیوں کو خاک میں ملا دیا۔ بیت المقدس کی نجات کا واحد راستہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی ہے، صیہونی حکومت، امریکہ کی حمایت سے اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ مسلمانوں کے درمیان تفرقہ پیدا کرے اور انھیں آپس میں الجھائے رکھے جبکہ عالمی یوم قدس کے مارچ اس طرح کی مذموم سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغرب خاص طور پر امریکہ داعش اور طالبان کی حمایت کرکے، قدس کی آزدای کو مسلمانان عالم کے ایجنڈے سے نکالنا اور صیہونی حکومت کو گوشہ امن میں قرار دینا چاہتا ہے، عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں شرکت کیلئے عوام ایک بار پھر سڑکوں پر آئے اور صیہونی حکومت کی جارحیت اور امریکہ کی حمایت کی مذمت کی۔
ریلی میں جماعت اسلامی، جے یو پی نیازی گروپ، پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم القدس، صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے اور اس کی جارحیتوں کیخلاف تمام مسلم قوموں کے متحد ہونیکا دن ہے اور یہ سال ایک منفرد خصوصیت کا حامل ہے۔ اس لئے کہ داعش دہشتگرد گروہ اپنی جارحانہ کارروائیوں کے سبب مسلمانوں کی توجہ اپنی جانب مرکوز کئے ہوئے ہے اور وہ غاصب اسرائیل کے جارحانہ اقدامات سے عالمی رائے عامہ کی توجہ ہٹا رہا ہے دشمنوں کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہے کہ بیت المقدس تمام مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، جسے فراموشی اور گم نامی کے اندھیروں میں گم نہیں کیا جاسکتا ہے، بیت المقدس تمام مسلمانوں کی عظیم اور مقدس جگہ ہے اور دشمنان اسلام اس مقدس جگہ سے مسلمانوں کے انخلا کی ناکام سازش پر عمل پیرا ہے۔
ریلی کے آخر میں شرکاء کی طرف سے مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی و صیہونی جارحیت کی بھرپور مذمت اور مظلوم فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اعلامیہ پیش کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ او آئی سی میں شامل تمام اسلامی ممالک مسئلہ قدس کو حل کرانے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں اور اقوام متحدہ اور اکثر عرب ممالک کی مسئلہ قدس پر مجرمانہ خاموشی کی بھی مذمت کی گئی۔