وحدت نیوز(گلگت ) 18 میگا واٹ پاور پروجیکٹ کے چینل کا بار بار پھٹ جانا ناقص منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔موسمی حالات کے پیش نظر چینل کو تعمیر کیا جاتا عوامی املاک کو نقصان پہنچنے کاخدشہ کم ہوجاتا۔گزشتہ رات چینل کے پھٹنے سے مقامی آبادی کے املاک کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے۔حکومت سنجیدگی کا مظاہر ہ کرے اور چینل کو مضبوط بناکر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری سیاسیات غلام عباس نے گزشتہ رات چینل ٹوٹنے سے پہنچنے والے نقصانات کا معائنہ کیا اور اس موقع پر عمائدین نلتر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے ایک طرف 18 میگا واٹ سے بجلی کی بار بار معطلی سے بدترین لوڈ شیڈنگ نے زندگی اجیرن بنادی ہے تو دوسری طرف نلتر پائین کے سو کے قریب گھرانے خوف کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔چینل کے بار بار ٹوٹنے سے عوامی املاک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے اور اگر چینل کے ٹوٹنے کا یہی سلسلہ جاری رہا تو انسانی جانوں کے ضیاع ہونے کا اندیشہ ہے۔
انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ واٹر چینل کو مضبوط بنایا جائے قبل اس کے کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناقص منصوبہ بندی سے میگا پراجیکٹس قدرتی آفات کی زد میں ہیں ،شدید بارشوںکے دوران تودے گرنا معمول کا حصہ ہے حکومت تمام منصوبوں کا ازسرنو جائزہ لیکر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
وحدت نیوز(گلگت) نواز لیگ کے پیش کردہ استحصالی پیکج پر خاموشی قومی جرم ہوگا۔ اپوزیشن کے احتجاجی تحریک کا بھرپور ساتھ دیا جائیگا۔ حکمران جماعت کے ظالمانہ اقدام پر وفاق میں اپوزیشن جماعت کی خاموشی استحصالی پیکج پر رضامندی کے مترادف ہے۔مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیک ریٹری جنرل عارف حسین قنبری نے کہا ہے کہ حکومت ایسے اقدامات سے گریز کرے جس سے علاقے کے عوام کو تحفظات اور خدشات لاحق ہوں۔لیگی حکومت نے پانچ سال جھوٹے وعدوں پر گزاردیئے اب جاتے جاتے گلگت بلتستان کے عوام کو شخصی غلامی میں دھکیلنا چاہتی ہے جو کسی صورت قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت محض پروٹول اور مراعات کیلئے اس گمراہ کن پیکج پر خاموش نہ رہیں بلکہ اسے مسترد کرکے حق نمائندگی اداکریں ورنہ تاریخ کے مجرم کہلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک حکمران جماعت کا ظلم ہے وہاں پر اپوزیشن کا کردار اداکرنے والی پیپلز پارٹی کو بھی بری الذمہ قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن حکومت کے اس ناروا ظلم پر آواز اٹھاسکتی ہے اور سینٹ میں اکثریتی رائے کے ذریعے اس استحصالی پیکج کو مسترد کیا جاسکتا ہے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اپوزیشن اس معاملے میں بالکل خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کے مقامی رہنمائوں سے کہا کہ محض اخباری بیانات کا سہارا لینے کی بجائے عملی طور پر کام کریں اور وفاق میں اپوزیشن کو متحرک کرکے اس پیکج کو پاس ہونے سے رکوائے۔اگر ایسا نہیں ہوا تو اسمبلی میں نمائندگی کرنے والی تمام وفاقی جماعتیں اس ظلم میں برابر کے شریک ٹھہریں گے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف پارلیمانی کمیٹیوں کا اجلاس بلاسکتی ہے تو گلگت بلتستان کے بارے میں خاموش رہنا عدم دلچسپی کے مترادف ہے۔
وحدت نیوز(بھکر) مجلس وحدت مسلمین ضلع بھکر کے سیکریٹری جنرل سفیر حسین شہانی نے ایک بیان کہاکہ دنیا اس وقت دو بلاک میں تقسیم ہے ایک ظالم اور دوسرا مظلوم ۔۔۔۔ امریکہ اس وقت پوری دنیا میںدہشت گردوں کی سرپرستی کر رہا ہے شام ، فلسطین ، کشمیر، پاکستان، سمیت کئی ممالک میں انارکی اور دہشت گردی کا حقیقی ذمہ دار ہے ۔ فلسطین کی سرزمین قبلہ اول ہے یہاں اسرائیل نے اپنے مظالم کی انتہا کر دی ہے گزشتہ کئی جمعۃ المبارک پرفلسطینی فرزندان اسلام اپنے حقوق کی خاطر احتجاج کر رہے ہیں جہاں 50 افراد شہید ہوچکے ہیں ۔ امریکہ ایک جارح کی طرح اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے ۔امریکہ کی سرپرستی میں بھارت بھی مظلوم کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے۔وہ وقت دور نہیں جب مظلوم کشمیری اپنی آزادی کو حاصل کریں گے۔ امریکہ عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس سے اپنی اقدار ظاہر کررہا ہے۔ْ امریکہ کے خلاف 13 مئی کو مجلس وحدت مسلمین پورے ملک میں احتجاج کر رہی ہے ۔ 13 مئی کو پورا پاکستان مردہ باد امریکہ کے نعروں سے گونج اٹھے گا۔
وحدت نیوز(کراچی) 13 مئی کو علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر عالمی دہشتگرد امریکہ و اسرائیل کے خلاف یوم مردہ باد امریکہ منایا جائے گا۔ امریکہ اور اس کیاتحادیوں نے نہتے اور جنگ سے بے حال شامیوں پر جارحیت کی۔ دنیا بھر میں جتنی بھی بد امنی ہے اس کے پیچھے امریکہ اور اس کے حواری ہیں جو دنیا پراپنا تسلط برقرار رکھنے کے لئے دنیا بھر میں انسانوں کا خون بہارہے ہیں،اہلیان کراچی 13مئی کو امریکا سےاپنی نفرت کے اظہارکیلئے مرکزی مردہ باد امریکا ریلی بھرپورشرکت کریں، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کےسیکریٹری جنرل مولانا صادق جعفری نے وحدت ہائوس انچولی میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ان کا مزیدکہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کو غیر مستحکم رکھنا امریکی مفاد میں ہے جس کے لئے وہ پاکستان اور افغانستان میں داعش کو بسا رہا ہے۔ یہ ایک الارمنگ صورت حال ہے افغانستان اور پاکستان میں گزشتہ چند ماہ میں ہونے والی ہزارہ برادری کی کلنگ کے پیچھے داعش کا ہاتھ ہے۔ پاکستان کی مظبوط فوج امریکی مفادات کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ عوام اپنی افواج سے محبت کرتی ہے۔.ہم 13 مئی کوکشمیر،فلسطین،یمن،بحرین، عراق و شام سمیت دنیا بھر میں امریکی دہشتگردی کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گئے اسی سلسلے میں کراچی ڈویژن کی جانب سے یوم مردہ باد امریکی ریلی نمائش چورنگی سے نکالے جائے گئی ۔
وحدت نیوز (کراچی) جعفرطیار سوسائٹی ملیر میں تجاوزات کے خلاف ہونے والے حالیہ آپریشن سے متاثرہ پریشان حال مکینوں کی بحالی اور مکانات کی تزین وآرائش میں تعاون اور مالی امداد کی فراہمی کے لئے مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کی جانب سے مرکزی روڈ پر دو روزہ ریلیف کیمپ کا قیام کردیا گیا ہے جہاں بڑی تعداد میں متاثرین کی آمد کا سلسلہ اورکوائف کی جمع آوری کا عمل تیزی سے جاری ہے،اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما مولانا نشان حیدر سمیت دیگر بھی موجود تھے،جبکہ جناب محمود اختر نقوی نے بھی ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، انشاءاللہ 11مئی بروز جمعہ مجلس وحدت مسلمین کے پرزور مطالبے پر سندھ حکومت اور سماجی شخصیت جناب محمود اختر نقوی کی جانب سے متاثرین میں Rs.20000 فی گھرانہ نقد تقسیم کیئے جائیں گے لہذا تمام ضرورت مند متاثرین اپنی قانونی دستاویزات کے ہمراہ آج بروز بدھ 9مئی رات 9تا 12 بجےتک مجلس وحدت مسلمین کے ریلیف کیمپ سے رجوع کریں،واضح رہے کہ جعفر طیار وحسنین سوسائٹی کے فقط ان متاثرہ مکینوں میں امدادی رقوم تقسیم کی جائیں گی جن کے کوائف آج رات تک جمع ہوسکیں گےاور ان کے کوائف مکمل جانچ ہڑتال کے بعد درست قرار پائیں گے۔
وحدت نیوز (خانیوال) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام عظیم الشان جشن انوار شعبان کا انعقاد قتال پورمیں کیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ناصر عباس شیرازی نے خصوصی خطاب کیا،انہوں نے کہاکہ مکتب اہلبیت ؑکی تعلیمات کے مطابق ہمارا سفر ان اعلیٰ اقدار کی سربلندی کے لئے ہے جو رسول اکرم اور آئمہ طاہرین نے بیان فرمائیں ،ہمارا سیاسی سفر ظالموں کے خلاف اور مظلومین کی نصرت کے لیے ہے،بدترین دھشت گردی کے باوجود امن کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنا اس کی روشن دلیل ہے ،پاکستان کو امریکی و سعودی چنگل سے نکال کر اسے بین الاقوامی مداخلت سے پاک آزاد مملکت بنانا ہمارا ہدف ہے،مجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او، پاکستان میں امید کی روشن کرنیں ہیں ،داخلی وحدت اور ملی قوت کے ذریعے اسلام اور ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے،شیعہ سنی وحدت ہمارا عقیدہ اور شعار ہے ،پروگرام کے آخر میں کیک کاٹا گیا اور دعا کے ساتھ اختتام کیا گیا ،اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے اراکین،سابقین آئی ایس او اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان ملتان ڈویژن کے اراکین کابینہ نے خصوصی شرکت کی ۔