وحدت نیوز(مظفرآباد) سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی اور ان کی اہلیہ پر ہونیوالے قاتلانہ حملے کو ڈیڑھ سال کا عرصہ مکمل ، قانون نافذ کرنے والے ادارے تا حال مجرمان کا سراغ لگانے میں ناکام، حکومتی عدم توجہی ، کیس تا حال منطقی انجام کا منتظر ، علامہ تصور نقوی او ان کی اہلیہ پر فروری 2017ء کو قاتلانہ حملے ہوا، جس میں وہ شدید زخمی ہوئے ، زندگی و موت کی کشمکش میں رہے ، قانون نافذ کرنے والے ادارے طرح طرح کے حیلے بہانوں سے ٹرخاتے رہے، جبکہ حکومت کی جانب سے بھی بے حسی کا بے مثال مظاہرہ کیا گیا ، ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید طالب حسین ہمدانی نے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کیا ۔
اجلاس میں ریاستی کابینہ کے تمام اراکین سمیت ضلع مظفرآباد کے سیکرٹری جنرل سید غفران علی کاظمی ، ضلع نیلم کے سیکرٹری جنرل مولانا سید فضائل حسین نقوی اور ضلع جہلم ویلی سے سید عاطف حسین ہمدانی شریک ہوئے۔ مولانا طالب حسین ہمدانی نے کہا کہ ملت جعفریہ میں مجرمان کی عدم گرفتاری اور حکومتی و انتظامی بے حسی پر شدید ترین غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ مجرمان کا پکڑے جانا ریاستی امن ، بقا ء، وحدت و بھائی چارے کے لیے ضروری ہے۔ یہ علامہ تصور نقوی کی ذات کا مسئلہ نہیں بلکہ ریاستی امن کا مسئلہ ہے۔ اس طرح تو کل کوئی بھی فرد محفوظ نہیں ،، اتنی بڑی دہشت گردی کرنے والوں کا آزاد رہنا ان کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے۔ کیا ہم اپنے حق کے لیے پھر سڑکوں پر نکلیں ؟ کہیں یہ عمل ہمارے غم و غصے کو ہوا دینے کی سازش تو نہیں ۔اجلاس میں شریک جملہ عہدیداران نے مشترکہ مؤقف اپناتے ہوئے واضح کیا کہ ہمیں راست اقدام کے لیے مجبور نہ کیا جائے۔اس کیس کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے ، بصورت دیگر ہمارے پاس تمام آپشن کھلے ہیں۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سربراہ آغا علی رضوی نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل پر ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل امجد شعیب کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام پر لگائے گئے سنگین الزامات اور توہین کے خلاف غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان آرمی میں جگہ ملنے والے ایسے افرادپاکستان آرمی کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔ ان جیسوں نے ملکی سالمیت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ وطن عزیز پاکستان کے مختلف اداروں میں ایسی کالی بھیڑیںاب بھی موجود ہیں جنکی وجہ سے ملک دہشتگردوں کے چنگل میں ہے اور بیرونی ممالک بلخصوص امریکی ظالمانہ پالیسوں میں جکڑا ہوا ہے۔ آزادی کے بعد سے اب تک پاکستان کی سرزمین اس ملک کے پچاسی ہزار بے گناہ عوام و سکیورٹی اداروں کے شہداء کے خون سے رنگین ہوئی ہے اس میں ایسے احمق یا سازشی افراد کا کارنامہ ہے۔ موجودہ خودساختہ دانشور کی گفتگو سے واضح ہو رہا ہے کہ وہ اس ضیا ء مائنڈ سیٹ کا پیروکار ہے جنکی عاقبت نااندیشی اور غیروں کے آلہ کار بننے کے سبب طالبان جیسی ملک دشمن جماعت بنی اور ملک بحرانوں میں داخل ہوا۔
آغا علی رضوی نے کہا کہ اس ناعاقبت اندیش ضیاء الحق کے فرزند کے خلاف فوری طور آئی ایس پی آر ایکشن لے اور تمام چینلز پر پابندی عائد کرانے کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے عوام سے معافی دلائیں۔ ان کے سبب ملک کے حساس ترین سرحدی علاقے میں جہاں کے سپوت نے ہمیشہ دشمنوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر جنگ لڑ ی ہے بحران پیدا ہورہا ہے اور منفی طاقتوں کو جگہ مل رہی ہے۔ جبکہ یہاں کے جوانوں نے ہی پاکستان آرمی کا نام روشن کیا اور کرگل جنگ سے لے کر دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشنز میں جانیں دیں ان سب شہداء کے خون اور غازیوں کے توہین کے مرتکب اس نام نہاد فکر کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ ہم سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں لیکن دشمن کے آلہ کار ہونے کا الزام ناقابل برداشت ہے۔اس خود ساختہ تجزیہ کار کو شاید معلوم نہیں کہ پورے ملک میں آزادی سیاسی جدوجہد کے بعد حاصل کی تھی جبکہ گلگت بلتستان واحد خطہ ہے جہاں کے عوام نے ڈگرہ فوج کے خلاف مسلح جدوجہد کر کے آزادی حاصل کی تھی اور اس آزادی میں ہمارے اسلاف نے جانیں دیں ہیں۔ معرکہ کرگل میں انڈیا کے قلب دراس کی پہاڑی چوٹیوں پر سبز ہلالی پرچم لہرایا ہے تو بلتی سربازوں نے لہرایا ہے۔ کتنی دکھ کی بات ہے کہ پاکستان آرمی جیسے اہم ادارے میں زندگی گزارنے والا شخص شاید بیرونی اشارے پر نمک حرامی کا مرتکب ہواہے اور اس بلتی قوم پر الزام لگاتا ہے جنہون نے کبھی ریاستی اداروں پر حملہ نہیں کیا۔
انہوں نے مزیدکہاکہ جی ایچ کیو، مہران ائیر بیس، مناوا پولیس ٹریننگ سنٹر ، آرمی پبلک سکول سمیت ریاست کے دیگر حساس مقامات اور اثاثوں پر سینکڑوں حملے میں ملوث افراد بلتی ہے نہ طالبان بنانے والے بلتی ہیں اور نہ ہی راء کے چیف سے مل کر سستی شہرت کی خاطر کتاب لکھنے والا بلتی ہے ۔ اسی طرح گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں اسماعیلی برادری کی خدمات ہیں انکے خلاف باتیں سمجھ سے بالا تر ہیں۔ہم آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس نام نہاد جنرل کو لگام دیا جائے اور قومی توہین پر عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ملکی سالمیت کے ساتھ کھیلنے کی ہمت نہ ہو۔ ہماری پاکستان کے ساتھ وابستگی نظریاتی بنیادوں پر ہے نہ کہ خوف یا لالچ میں ۔ پورے ملک میں گلگت بلتستان کے عوام سے زیادہ کوئی محب وطن نہیں ستر سالہ محرومی کے باوجود جذبہ حب الوطنی میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن کمی نہیں ۔ اس کے باوجود ایسے الزامات وہ بھی پوری قوم پر ناقابل برداشت ہے امید ہے کہ فوری طور آئی ایس پی نہ صرف اس شخص کے حالیہ بیان سے لاتعلقی کا اظہار کریں گے بلکہ یہاں کے عوام کے جس طرح جذبات مجروح ہوئے ہیں اس کا ازالہ بھی کرائیں گے اور اس نام نہاد دانشور پر تمام ٹی چینلز پر پابندی عائد کریں گے اور گلگت بلتستان کے قوم سے معافی دلائیں گے۔
وحدت نیوز(گلگت ) بلتستان کے لوگ ملک کے بلند ترین محاذ سیاچن کے محافظ ہیں ان کی حب الوطنی کو شک کی نگاہ سے دیکھنے والوں کی اپنی حب الوطنی مشکوک ہے۔جنرل امجد شعیب نے محب وطن لوگوں پر بہتان لگاکر اپنی ملک دشمنی کوعیاں کردیا ہے۔92 چینل گلگت بلتستان کے عوام سے صحافتی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے موقف لیں بصورت دیگر امجد شعیب اور 92 چینل کے خلاف کیس دائر کیا جائیگا۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے امجد شعیب کے بیان پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے عوام سے گلگت بلتستان کے عوام ملک کے زیادہ وفادار ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ملک پاکستان کے ازلی دشمن سے یہ علاقہ بزور شمشیر آزاد کرواکر پاکستان کی جھولی میں ڈال دیا ہے اور پاکستان کے رقبے میں 28 ہزار مربع میل کا اضافہ کردیا ہے۔اکہتر سالوں سے اس خطے کے عوام بے آئین ہیں اور شرافت کے ساتھ حکمرانوں سے اپنے حقوق کا مطالبہ کرتے ہیں تو وہ امجد شعیب جیسوں کو غدار نظر آتے ہیں۔پچھلی سات دہائیوں سے اس خطے کے بہادر جوان ملک کے سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں اور آج تک گلگت بلتستان کے ایک فرد نے بھی ریاست سے بغاوت کا اظہار نہیں کیا ہے جبکہ پارلیمنٹ کے اندر محمود خان اچکزئی افغانستان سے اپنی وفاداری کا اعلان کرتے رہے جو کہ امجد شعیب کو نظر نہیں آیا۔
انہوں نے کہا کہ اٹک پل تک دعویداروں، گریٹر پختونستان اور گریٹر بلوچستان اور سندھو دیش کی تحریکیں چلانے والے امجد شعیب کو کیوں نظر نہیں آرہے ہیں۔اب بھی افغانستان میں بیٹھ کر آئینی صوبوں کے لوگ پاکستان مخالف تحریکیں چلانے والوں کے حوالے سے بولنے کی جرات کیوں نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان کے محب وطن عوام کو غدار کہنے اور گلگت بلتستان میں اسماعیلی سٹیٹ کا شوشا چھوڑ کر علاقے میں فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کرنے والے امجد شعیب کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ سید مبارک علی موسوی نے چئیر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو پاکستان کا 22ویں وزیر اعظم بننے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 22 سال جدو جہد کی اور اس حقیقت کو تسلیم کرنا پڑے گا کہ پاکستان کے بوسیدہ سیاسی نظام میں ایک ایسا شخص وزیر اعظم بنا جس کاکوئی سیاسی بیک گراؤنڈ نہیںتھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیر اعظم بننے کے بعد پارلیمنٹ میں پاکستانی قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کے خلاف آپریشن کلین اپ کا فیصلہ کیا ہے جو کہ خوش آئند ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان اپنے وعدوں پر عمل کریں اورپاکستانی قوم کو مقروض کرنے والوں کو این آر او دینے کی بجائے ان کا کڑا احتساب کریں ،علامہ سید مبارک موسوی کا مزید کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں عمران خان پاکستان کے داخلی و خارجی مسائل کو حل کرنے کے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں اور ایک مضبوط کابینہ اور تجربہ کار ٹیم تشکیل دیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمرا ن خان کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کو 22واں وزیر اعظم منتخب ہونے پر اپنی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے دلی مبارک باد پیش کی ہے، مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کا سادہ اکثریت سے قائد ایوان منتخب ہونا ملک کے لئے نیک شگون ہے، امید کرتے ہیں کہ عمران خان پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے قوم سے کیئے گئے اپنے وعدوں کو عملی جامع پہنائیں گے، ملک کو درپیش چیلنجزخصوصاًدہشت گردی،کرپشن، مہنگائی ، بے روزگاری اور توانائی اور پانی کے بحران کے حل کیلئے فوری توجہ دیں گے، کسی بھی قسم کے دبائوسے آزادخارجہ وداخلہ پالیسی کی تشکیل وطن عزیزکی سلامتی و استحکام کیلئے ناگزیر ہے ، جس کیلئے نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کو گٹھن فیصلے کرنا ہوں گے۔
وحدت نیوز (جیکب آباد) جشن آزادی کی مناسبت سے مجلس وحدت مسلمین جیکب آباد اور المصطفی اسکائوٹس کے زیراہتمام جشن آزادی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں تنظیمی کارکن اور عوام نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ زندہ قومیں اپنی آزادی اور استقلال کی قدر کرتی ہیں۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور حکیم الامت حضرت علامہ محمد اقبال رح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے انتھک جدوجہد کی اور انگریز سامراج بوڑھے استعمار برطانیہ کی غلامی سے اس ملک و قوم کو آزاد کیا۔ ہم جدوجہد آزادی کے ان شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں انگریز سامراج سے آزادی کی راہ میں قربانیاں دیںاور ہم شہدائے پاک وطن کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو مملکت خداداد پاکستان کی بقاء اور سالمیت کے لئے شہید ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ قائد کے پاکستان کو تکفیری دھشت گردوں سے خطرہ ہے جو داعش طالبان اور لشکر جھنگوی کے نام پر معصوم اور مظلوم عوام کا خون بہاتے ہیں۔ جو دشمن کے آلہ کار بن کر پاک فوج اور پولیس کے جوانوں پر حملہ کرتے ہیں۔ دھشت گردی اور کرپشن کا خاتمہ کرکے ملک کو ترقی دی جا سکتی ہے۔ آخر میں قومی ترانہ پڑھا گیا اور المصطفی اسکائوٹس کے جوانوں نے قومی پرچم کو اسکاوٹس سلامی پیش کی۔ آخر میں علامہ سیف علی ڈومکی کے خطاب اور دعا کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی