وحدت نیوز (نوابشاہ) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے نوابشاہ پریس کلب کے سامنے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلی تعلیمی اداروں میں بچیوں کی تعلیم انتہائی ضروری ہے ،تعلیمی اداروں کا ماحول اسلامی تعلیمات، انسانی اقدار اور ہمارے معاشرتی اقدار کے مطابق ہونا چاہئے۔ نوابشاہ کی بینظیر یونیورسٹی میں طالبہ فرزانہ جمالی کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا وہ شرمناک ہے۔ اس واقعے میں ملوث مجرموں کو سزا ملنی چاہئے تاکہ تعلیمی اداروں کا تقدس بحال ہو اور بچیوں کوپاکیزہ ماحول میں اعلی تعلیم حاصل کرنے کے مواقع میسر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ استاد باپ کی جگہ ہوتا ہے جسے طالبات کی عزت و حرمت کا خیال اپنی اولاد کی طرح کرنا چاہئے۔ ہمارے معاشرے میں خواتین کی تعلیم و تربیت ضروری ہے ۔ تعلیمی اداروں میں غیراخلاقی واقعات کے تعلیم پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔درایں اثناء علامہ مقصودعلی ڈومکی نے نوابشاہ کے گوٹھ زاہد حسین لیکھی پہنچ کر ایم ڈبلیو ایم کے یونٹ ڈپٹی سیکریٹری سعیداحمد لیکھی اور کارکن فرمان علی کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔
انہوں نے کہا کہ مجرموں اور قاتلوں کو سزا ملنی چاہئے اور ہم اس سلسلے میں ورثاء کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی رہنما علامہ سجاد محسنی، زاہد حسین لیکھی، مولانا قلب مہدی، سید نبی شاہ و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔انہوں نے ایک وفد کے ہمراہ ایس ایس پی رائے اعجاز احمد سے ملاقات کی اور ان سے مقتول کارکنوں کے قتل میں ملوث سب مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ایس ایس پی سے ضلع میں تشیع و عزاداری سے متعلق مسائل اور فرزانہ جمالی کے واقعہ پر بھی گفتگو کی۔
وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام زیارت اربعین کے لئے جانے والے زائرین کو تفتان بارڈر پر درپیش مشکلات، زائرین کی شہادتوں کے خلاف نواں شہر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین ملتان کے سیکرٹری جنرل مرزا وجاہت علی اور پاکستان عزاداری کونسل کے مرکزی رہنما علامہ سید مجاہد عباس گردیزی نے کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وفاقی اور بلوچستان کی صوبائی حکومت زائرین کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، تفتان جیسے صحرا میں موسم کی شدت کی وجہ سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، تفتان میں میڈیکل، رہائش اور پانی کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہی ہے، نئی حکومت نے زائرین کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، تاہم ابھی تک تو خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے، مجلس وحدت مسلمین زائرین کے ساتھ روا رکھے جانے والے اس سلوک کی شدید مذمت کرتی ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے اس طرف توجہ نہ دی تو ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اپنے حقوق اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے، چاہے اُس کا تعلق کسی بھی جماعت سے کیوں نہ ہو۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ نے عراقی ویزا کے حصول میں پیش آمدہ مشکلات کے حوالے سے آج بروز جمعرات سہہ پہر عراقی حکام خصوصا عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کو خط لکھا ہے جس میں اسلام آباد میں قائم عراقی سفارت خانے کی طرف سے ویزا کے صدور میں تعطل کا فوری نوٹس لینے کا کہا اور زائرین حضرت ابا عبداللہ کے چہلم امام حسین (ع) پر سفر میں ہر ممکنہ تعاون و سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا. علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ امور خارجہ کے سیکرٹری ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے دیگر متعلقہ عراقی حکام خصوصاعراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم جعفری سے رابطہ کیا اور ویزا کے صدور میں مشکلات کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ اور اس عنوان سے پاکستان سے چہلم امام حسین (ع) پر شرکت کرنے والے لاکھوں زائرین حضرت ابا عبداللہ الحسین (ع) کی تشویش اور پریشانی سے آگاہ کیا. عراقی حکام کی طرف سے ویزا کے صدور میں تعطل کو جلد از جلد برطرف کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس کی جانب سے عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی کو لکھے گئے خط میں کہاگیاہےکہ ہم رسول اللہﷺ اور ان کے خانوادے سے جنون اور عشق کی حد تک محبت کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ہر سال لاکھوں پاکستانی زائرین کربلائے معلیٰ اور نجف اشرف کی زیارات سے مشرف ہونے کیلئے ہوائی اور زمینی راستوں کا انتخاب کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ گذشتہ کئی ادوار سے پاکستان میں موجود عراقی سفارت خانہ زائرین کو بہترین سہولیات فراہم کرتا رہا ہے، مگر اس برس حد درجہ سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، پاکستانی زائرین نے اس سال اربعین امام حسین ؑ پر جانے کیلئے اپنی تیاری پچھلے سالوں کی آسان ویزہ پالیسی کو دیکھتے ہوئے کی مگر ویزہ کے اجراء میں رکاوٹوں اور دشواریوں کے باعث ان کا زیارتی پروگرام متاثر ہورہا ہے ۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے خط کے اآخر میںعراقی وزیر اعظم حیدر العبادی سے گذارش کی کہ آپ فی الفور اسلام آباد میں قائم عراقی سفارت خانے کو ضروری ہدایات جاری کریں کہ وہ زائرین امام حسین ؑ کو ہنگامی بنیادوں پر ویزہ جاری کریں، زائرین ابا عبداللہ الحسین ؑ کی مشکلات حل کرنے کی بدولت خدا آپ کو اجر عظیم دے اورآپ پر اپنی برکتیں نازل فرمائے، میں آپ کے مثبت اور فوری جواب کا منتظر رہوں گا۔
وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کی کابینہ کا خصوصی اجلاس ریاست آزادکشمیر کے سیکریٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹری روابط ملک اقرار حسین، مرکزی سیکریٹری امور تربیت علامہ ڈاکٹر یونس حیدری اور مرکزی معاون سیکریٹری امور تنظیم سازی آصف رضا ایڈوکیٹ نے خصوصی شرکت کی، اجلاس میں ریاست بھرمیں تنظیم سازی کے عمل کو تیز کرنے اور دیگر امورپر اہم فیصلہ جات کیئے گئے۔
وحدت نیوز (ٹھٹہ) ضلع ٹھٹہ کے شہر گھارو کی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندہ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا ہے کہ امریکہ فقط عالم اسلام ہی نہیں بلکہ عالم انسانیت کا دشمن ہے ،اسی لئے رہبر کبیر حضرت امام خمینی ؒ نے اسے شیطان بزرگ یعنی بڑے شیطان کا لقب دیا تھا۔ آل سعود نے امریکہ اور اسرائیل سے دوستی کرکے نہ فقط امت مسلمہ سے خیانت کی ہے ،بلکہ خود اپنی ذلت و رسوائی کا بھی انتظام کیا ہے۔ شیطان بزرگ سے کبھی دوستوں کو بھی خیر کی امید نہیں رکھنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ یمن میں جارح قوتوں کی جانب سے بدترین انسانی المیہ وقوع پذیر ہوا ہے، ہزاروں لاکھوں معصوم انسان بھوک سے مر رہے ہیں اور جو بچ گئے ہیں انہیں عالمی سامراجی قوتیں، امریکہ ،اسرائیل، آل سعود اور ان کے اتحادی بمباری کرکے مار رہے ہیں۔ ہم دنیا بھر میں مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ظالم کے خلاف ہیں۔ یہ مظلوم کشمیر کا ہو یمن کا ہو یا فلسطین کا مجلس وحدت مسلمین اس مظلوم کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔ پی ٹی آئی حکومت جارحین کے مقابلے میں یمن کے مظلوم عوام کی حمایت کرے۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں زائرین کربلا شدید مشکلات کا شکار ہیں، عمران خان خصوصی طور ان زائرین کے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدام کریں۔کوئٹہ، کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ اور نسل کشی جاری ہے، جس کے سد باب کے لئے فوری اقدام کیا جائے۔
وحدت نیوز(سجاول) مجلس وحدت مسلمین ضلع سجاول کے سیکریٹری جنرل حاجی مظفر علی لغاری کی رھائشگاہ پر ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی محترمہ ریحانہ لغاری نےمجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی سے ملاقات کی۔ ملاقات ایم ڈبلیو ایم کے رہنما سید حفیظ علی شاہ، مختاراحمد دایو، فیاض شیخ، فرحت عباس کھوسو و دیگر شریک ہوئے۔اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ ملت جعفریہ امن کی علمبردار محب وطن ہے بعض اضلاع میں شریف شہریوں کو شیڈول فور میں شامل کیا گیا ہے جبکہ اشتعال انگیز تقاریر کی فہرست بناتے ہوئے امن و اتحاد کے علمبردار شخصیات کے نام شامل کئے گئے ہیں جس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے عشرہ محرم کے دوران تعاون کیا۔ صوبائی حکومت سانحہ شکارپور اور جیکب آباد کے وارثان شہداء سے کئے گئے معاہدے پر عملدرآمد کرے۔اس موقعہ پر ڈپٹی اسپیکر محترمہ ریحانہ لغاری نے کہا کہ میرا تعلق مکتب اہلبیت ع اور ایک عزادار گھرانے سے ہے اور میں مجالس عزا کی بانی اور عزادار ہوں امام حسین عالیمقام ع سے محبت اور مودت میرے ایمان کا حصہ ہے۔ سندھ حکومت عوامی مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین ملت جعفریہ کی نمائندہ جماعت ہے مسائل کے حل کے لئے تعاون کریں گے۔