وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی ملتان انجینئر مہر سخاوت علی سیال نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن و امان کے قیام میں پوری قوم سیکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، کسی شرپسند کو اجازت نہیں دیں گے وہ ماحول کو خراب کرے، محرم الحرام سے قبل تمام انتظامی ادارے جلوس روٹس، مجالس کی سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو مکمل کریں ماضی کی طرح شہر کے امن و امان کو بحال رکھنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں منعقدہ عزاداری ونگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انجینئر سخاوت علی سیال نے کہا کہ ملتان امن کا گہوارہ ہے اس کے امن کو کسی شرپسند کے ہاتھوں خراب نہیں ہونے دیں گے، اس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کا پیغام امن اور محبت کا ہے، ہمیں محرم الحرام کے دوران اخوت، پیار اور امن کو فروغ دینا چاہیے، ہمیں اپنے اردگرد ایسے عناصر پر نظر رکھنی چاہیے جو اس موقع پر شرپسندی کا باعث بنیں۔ اجلاس میں ایڈووکیٹ عون رضا انجم گوپانگ، محمد رضا جعفری، علی سبطین جعفری، سید غدیر عباس شیرازی، احسن مہدی، صفدر حسین خان، عامر عباس بھٹہ اور دیگر شریک تھے۔