وحدت نیوز (گلگت) ڈسٹرکٹ جیل میں مقید علی رحمت کو بروقت علاج کی سہولت نہ دینا حکومت کی بدترین ناکامی ہے۔ذمہ دار اہل کاروں کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے اور دیگر بیمار قیدیوں کے علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شعبہ خواتین کی رہنما ورکن گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی بی بی سلیمہ نے ڈسٹرکٹ جیل کے قیدی علی رحمت کو بروقت علاج فراہم نہ کرنے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات حکومت کی بدنامی کا باعث ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جیل حکام کی نااہلی سے ایک جیتا جاگتا انسان موت کے منہ میں چلاگیا جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت اور جیل حکام پر عائد ہوتی ہے۔ڈسٹرکٹ جیل سے کئی اور بیمار قیدیوں کی اطلاعات ہیں جن میں سے کئی ایک کی حالت انتہائی خراب ہے۔
حکومت اپنے خرچے پر ان قیدیوں کے علاج سے قاصر ہے تو انسانی ہمدردی کے تحت لواحقین کو اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے خرچے پر ان کا علاج کا بندوبست کرسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت فوری طور نااہل جیل حکام کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائے اور ذمہ داراہلکاروں کو قانون کے مطابق سزا دلوائے۔انہوں نے مرحوم علی رحمت کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میںوہ ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔