وحدت نیوز(گلگت)گلگت بلتستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد کاظم میثم نے صوبائی حکومت اور سکیورٹی اداروں کو سکیورٹی سے متعلق خط لکھ دیا۔ خط میں بشام میں چائنیز پر دہشتگردی کے حملے کے بعد گلگت بلتستان کی سکیورٹی پر تحفظات اور خدشات کا اظہار کیا ہے۔ خط میں سکیورٹی خدشات، تحفظات سے آگاہی اور راہ حل بھی تجویز کی گئی ہے۔
خطے کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے وفاق سے تعاون طلب کرنے کے علاوہ جامع پلان بھی تجویز کی گئی۔ سی پیک، دیامر ڈیم پر کام کرنے والے چائنیز انجینئررز اور کالونی، اہم سرکاری تنصیبات و مقامات، حساس مقامات، عوامی اجتماعات، مذہبی اور سیاسی شخصیات کی سکیورٹی یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
خط میں سکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر نے سانحہ ہڈور سے قبل بھی سکیورٹی اداروں کو سکیورٹی خدشات کا اظہار کیا تھا جس کو حکومت نے سنجیدہ نہیں لیا تھا۔ اس سے قبل اپوزیشن لیڈر نے جی بی میں دہشتگرد جماعتوں کی موجودگی کے شواہد بھی فراہم کیے تھے جس کے قلع قمع کے کیے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ کے کے ایچ پر اب تک ہونے والے درجنوں سانحات کے مجرموں کو تاحال سزا نہ ہونے سے عوام میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔