وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کا ایک ہنگامی اجلاس ڈویژنل سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں ڈویژنل کابینہ نے شرکت کی۔ ہنگامی اجلاس کی صدارت ڈویژنل سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کی۔ انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلتستان کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہایت افسوس کا مقام ہے کہ امریکی تنظیمیں باالخصوص سی آئی اے، بلیک واٹر اور دیگر امریکی جاسوسی تنظیمیں دفاعی اہمیت کے حامل حساس علاقہ بلتستان میں سرگرم عمل ہیں، جبکہ بلتستان کی انتظامیہ خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ بلتستان انتظامیہ سیاسی بکھیڑوں میں الجھی ہوئی ہے انہیں عالمی سازش کی فکر ہے اور نہ بلتستان کے امن و امان کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی تنظیمیں بلتستان کو بلوچستان کی طرف دھکیلنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ لیکن مقام افسوس ہے کہ بلتستان انتظامیہ کے ساتھ ساتھ حساس اور سیکیورٹی ادارے بھی بچگانہ سرگرمیاں سر انجام دے رہے ہیں۔ حساس اداروں کو بلتستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کی بھرپور اطلاع ہونے کے باوجود چشم پوشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حساس ادارے بلتستان میں امریکی سفیر کی آمد کو روکیں، امریکی سفیر کا بلتستان میں آنا اس خطہ کے لئے خطرہ کی گھنٹی ہے۔ دشمن اسلام، دشمن قرآن اور دشمن پاکستان امریکہ کے سفیر کی اسکردو آمد کے موقع پر عوام کا کوئی ردعمل سامنے آئے اور کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو تمام تر ذمہ داری سیکیورٹی اداروں پر عائد ہوگی۔