کوئٹہ تفتان روٹ کو فی الفور محفوظ بنا کر زائرین کیلئے کھولا جائے، سید محمد رضا

21 February 2014

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء اور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے مقامات مقدسہ کی زیارات پر جانے والے ایک وفد سے ملاقات میں کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان خصوصاً بلوچستان میں قومی، مذہبی، سیاسی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے، برداشت اور باہمی محبت و رواداری کے فروغ کے لئے معتدل سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ مل کر اپنی کوششوں کو جاری رکھے گی۔ آغا رضا کا کہنا تھا کہ جہاں دوسری اقوام صوبے میں قیام امن کے لئے قربانیاں دے رہی ہیں، وہاں کوئٹہ کے ہزارہ مومنین بھی صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لئے گذشتہ دو دہائیوں سے اپنی جانوں کی قربانیاں دیتے آ رہے ہیں، اور امن کے راستے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور استحکام کی خاطر مزید کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ آغا رضا نے وفد کو بتایا کہ صوبے اور ملک میں جاری دہشت گردی کا کسی قوم، مذہب یا فرقہ سے کوئی تعلق نہیں۔ شیعہ سنی آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ گذشتہ سینکڑوں سالوں سے پاکستان خصوصاً کوئٹہ میں زندگی بسر کر رہے ہیں اور صوبے کی ترقی میں اہم کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔ آغا رضا نے مزید کہا کہ ہزارہ قوم اور پاکستان کے دور دراز راستوں سے مومنین اپنی سالوں کی پونجی جمع کرکے ایران عراق اور شام مقامات مقدسہ کی زیارات پر جانے کے لئے کوئٹہ کا رُخ کرتے ہیں۔ پاکستان بھر کے زائرین کو کوئٹہ تا تفتان کے راستے میں آباد پٹھان اور بلوچ بھائیوں پر مکمل اعتماد اور بھروسہ ہی ہے جس کی وجہ سے وہ امن و سکون کے ساتھ سفر طے کرنے کے لئے اپنے گھروں سے نکل کر کوئٹہ اور پھر کوئٹہ سے تفتان کے راستے کا انتخاب کرتے ہیں۔

 

آغا رضا کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے حملے کے خوف سے پیچھے ہٹنا، روٹ بدلنا یا روٹ بند کرنا کوئی حل نہیں۔ اس سے دہشت گردوں کے حوصلے مزید بلند ہوں گے۔ انہیں مزید شہہ ملے گی اور وہ معصوم عوام اور سکیورٹی فورسز پر حملوں کے لئے آگے بڑھیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اگر حکومت کی یہی حکمت عملی رہی تو بہت جلد ایسا وقت بھی آئے گا کہ دہشت گردوں کے خوف سے پورا شہر ہی خالی کرکے اُن کے حوالے کر دیا جائے گا۔ لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ جائیں گے۔ دریں اثناء آغا رضا نے حکومت اور سکیورٹی فورسز کو مشورہ دیا کہ حکومت کو چاہیئے کہ دہشت گردوں کے حملوں کے خوف سے پسپائی اختیار کرنے کی بجائے اُن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دہشت گردوں کو یہ پیغام دیں، کہ حکومت بلوچستان اور سکیورٹی فورسز کے حوصلے بلند ہیں۔

 

بیان میں آغا رضا کا مزید کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے حکومت اور سکیورٹی فورسز ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ حکومت اور سکیورٹی فورسز عوام کو دہشت گردوں سے نجات دلانے اور صوبے کے چپے چپے کو پرامن بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ اس حوالے سے دہشت گردوں کے حملوں سے مرعوب نہیں ہونگی بلکہ دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے خلاف بھرپور آپریشن کرے گی۔ آغا رضا نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ چونکہ ہزاروں کی تعداد میں غریب عوام کی روزی روٹی کوئٹہ تفتان والے راستے سے وابستہ ہے اور پورے پاکستان سے سالانہ ہزاروں کی تعداد میں غریب مسلمان اپنی سال بھر کی پونجی جمع کرکے مقامات مقدسہ کی زیارات پر جانے کے لئے کوئٹہ تفتان کے راستہ کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس لئے کوئٹہ تفتان والے راستے کو فی الفور محفوظ بنا کر زائرین کے لئے کھولا جائے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree