وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ ارشاد علی نے کہا ہے کہ نواز حکومت میں اتنی جرات بھی نہیں کہ وہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر فرانسیسی سفیر کو طلب کرکے وضاحت تک طلب کرسکے، مغرب ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اس قسم کی قبیح حرکتوں پر عمل پیرا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ توہین آمیز خاکوں پر پاکستان سمیت کئی مسلم ممالک کے سربراہان کا ردعمل انتہائی افسوسناک رہا ہے، نواز شریف نے فرانسیسی سفیر کو طلب کرنے کی زحمت بھی نہیں کی، انہوں نے کہا کہ گستاخان رسول (ص) کے پیچھے مغربی ممالک سمیت امریکہ اور اسرائیل کا ہاتھ ہے، استعماری طاقتیں ان مزموم حرکتوں کے ذریعے مسلمانوں کے جذبات سے کھیلتی ہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اقوام متحدہ اور او آئی اسی کا کردار بھی اس حوالے سے انتہائی مایوس کن رہا ہے، امریکہ اور مغربی طاقتیں اس بھول میں نہ رہیں کہ امت مسلمہ اس قسم کی گستاخانہ حرکتوں پر خاموش بیٹھے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی کو آزادی صحافت کی آڑ میں کسی گستاخانہ حرکت کی جرات نہ ہو۔