ایم ڈبلیو ایم پنجاب نے ۶ دسمبر کو لاہور میں آل پارٹیز شیعہ کانفرنس طلب کر لی

02 December 2013

وحدت نیوز(لاہور) وطن عزیز پاکستان کو آج بیرونی خطرات سے زیادہ اندرونی خطرات کا سامنا ہے۔ غیر ملکی دشمن قوتیں اپنے ایجنٹوں کا دائرہ وسیع کرکے ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے میں کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے۔ ہمارے حکمران جو اس بحرانی دور سے نبرد آزمار ہونے کے قابل ہی نہیں ان کی نا اہلی سے استعماری طاقتیں اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے سرگرم ہیں۔ سانحہ راولپنڈی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔بے گناہوں کی بلا جواز گرفتاریاں حکومتی بوکھلاہٹ ظاہر کر رہی ہیں ، انتظامیہ نے چار دیواری کے تقدس کی پامالی کا سلسلہ بند نہ کیا تو وزیر اعلیٰ ہا ؤس کے تقدس کی بھی گارنٹی نہیں دے سکتے ،ان خیالات کا اظہار علامہ عبدالخالق اسدی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے دیگر رہنماوُں،علامہ ابوذر مہدوی،علامہ امتیاز کاظمی،علامہ غلام عباس یزدانی ،علامہ حسن رضا ھمدانی کے ہمراہ لاہور صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔


علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ سانحہ راولپنڈی کے حقائق پر پردہ ڈالنے اور شر پسندوں کو تحفظ دینے کیلئے پنجاب حکومت اور وفاق یکطرفہ کاروائیوں میں مصروف ہے۔وفاقی وزیرِ داخلہ اوروزیرِ قانون پنجاب کے شرپسندوں سے خفیہ ملاقاتیں اور ملت جعفریہ کے بے گناہ 300سے زائد نوجوانوں کی گرفتاری اس بات کی دلیل ہے کہ اس سانحے میں پہلے سے طے شدہ سازش کے تحت ملتِ جعفریہ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا اور ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔


اُن کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں پنجاب پولیس اخلاقی اور قانونی حدوں کو پار کررہی ہے۔ شیعہ گھروں پر اب یہ معلوم نہیں ہوتا کہ پنجاب پولیس چھاپہ مار رہی ہے یا کوئی ڈاکو لوٹنے آیا ہے۔ راولپنڈی پولیس چھاپے کی آڑ میں گھروں سے نقدی، قیمتی سامان، زیورات، موبائل فون اور دیگر قیمتی الیکٹرانک اشیاء لوٹ کر لے جاتے ہیں۔ خواتین کی بے حرمتی ، چادر اور چاردیواری کے تقدس پامال کئے جارہے ہیں آخر ہمیں حکومت یہ بتائے کہ بے گناہوں سے ان کی کیا دشمنی ہے ان کا جرم یہ ہے کہ یہ ایک خاص مکتبہ فکرسے تعلق رکھتے ہیں؟ سانحہ راوالپنڈی شرپسندوں کے اپنے طے شدہ پروگرام کے تحت کئے گئے اور اس کا مرکزی کردار مولوی اشرف علی اب بھی آزاد پھر رہا ہے ۔


پاکستان ہمارے آباؤ اجدادجو شیعہ اور سنی تھے نے مل کر بنایا تھا اور وہ لوگ جو قائدِ اعظم کو کافر اعظم کہتے تھے آج اس ملک کے ٹھیکیدار بنے بیٹھے ہیں۔ یہاں دہشتگردوں کیخلاف بیان دیتے ہوئے حکومتی وزراء کہتے ہیں کہ ہم طالبان کیخلاف اس لئے نہیں بولتے کہیں ان کی دل آزاری نہ ہو جائے۔ اور محب وطن عوام کو ایک طرف چن چن کر ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا رہے ہیں تو دوسری طرف قاتلوں سے ساز باز کرکے حکومت وقت ان کو پابند سلاسل کررہی ہے۔ ملت جعفریہ کے خلاف ایسے اقدامات ملکی مفاد میں نہیں ۔ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ پنجاب حکومت ہمیں ہمارے قاتلوں کے بارے میں بتائے کہ انہی کے دور میں ملت جعفریہ کے شہداء جو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنے ان کے کیسز میں اب تک پیش رفت کیوں نہیں ہوئی؟


اس موقع پر علامہ ابوذر مہدوی مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا اُن کا کہنا تھاسانحہ ڈھوک سیداں میں جو پچھلے سال محرم ہی کے مہینے میں پیش آیا تھا اُن 50شہداء کے کیسز کو کیوں داخل دفتر کیا گیا۔ راولپنڈی میں لاپتہ 300افراد کو نہ تو کسی عدالت کے سامنے پیش کیا گیا ہے نہ ہی تھانوں میں ان سے متعلق معلومات ہیں۔ گلگت بلتستان کے سینکڑوں معصوم طلباء غائب ہیں نہ تو ان کا پتہ گھر والوں کو ہے نہ کالج اور ہوسٹل والوں کو۔ آخر گلگت بلتستان کے لوگوں کو 62سالہ محرومیوں کا تحفہ کافی نہیں تھا ؟جو ان کے معماروں کو بھی یہ سز ا دی جارہی ہے کہ آپ کے آباؤاجداد اور آپ لوگوں نے پاکستان سے وفا کیوں کی؟سانحہ راولپنڈی میں نذرِآتش ہونے والے 7امام بارگاہ ومساجد کے ملزمان دوسرے دن ہی رہا کردئیے گئے۔ اسی طرح چشتیاں میں دہشتگرد شیعہ مساجد و امام بارگاہ اور مارکیٹوں کو جلانے کے بعد اب تک وہی دہشتگرد الٹا شیعہ افراد کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔ پولیس اور دہشتگرد مل کر شیعہ افراد کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے میں مصروف ہے۔ ایسے حالات میں اب ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔اسی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے آل شیعہ پارٹیز کانفرنس بروز جمعہ6دسمبر کو طلب کر لیا ہے جس کے بعد ملک گیر مظاہروں سمیت دیگر لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree