امام حسین (ع) نے قیامت تک کے مظلوموں کو درس حریت دیا، علامہ عبدالخالق اسدی

14 June 2013

asadi imam hussainوحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی سیکرٹریٹ میں یومِ ولادت باسعادت حضرت امام حسین (ع) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن حریت پسندوں، حق پرستوں، ظلم کیخلاف ڈٹ جانے والوں، اسلام اور انسانیت کے پرستاروں، ظالم و جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق کہنے والوں کے پیشوا نواسہء رسول، جگر گوشہ ء بتول، سردار جوانانِ جنت حضرت امام حسین (ع) کی ولادت باسعادت کا دن ہے، اِن کی شخصیت کیلئے بس آقائے دو جہاں (ص) کا فرمان ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے جس میں آپ (ص) نے فرمایا ہے’’حسین (ع) مجھ سے ہے اور میں حسین (ع) سے ہوں‘‘۔

انہوں نے کہا امام عالی مقام حضرت امام حسین علیہ السلام نے دین محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کیلئے اپنی اور اپنے اہل و عیال کی جان و مال کی قربانی دے کر نہ صرف اسلام کو ابدی حیات دے گئے بلکہ انسانیت کو جینے کا ڈھنگ سکھا گئے، آپ نے اُس وقت کے بدترین آمر، فاسق و فاجر حکمران یزیدلعین کے مدمقابل ایسے کھڑے ہوئے کہ سر تو کٹا دیا لیکن جھکایا نہیں بلکہ ظلم و بربریت اور فکرِ یزیدیت کو رہتی دنیا تک کیلئے ذلیل و رسواء کر دیا، یہی وجہ ہے کہ آج دنیا میں حریت پسندوں کیلئے نامِ حسین (ع) ایک شعار بن گیا ہے۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج اکیسویں صدی میں یزیدیت سے ہمارا مقابلہ ہے اور وہ یزیدیت امریکہ و اسرائیل کی صورت میں ہمارے مدِمقابل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج یزیدِ وقت امریکہ و اسرائیل مسلمانوں کیخلاف گھناؤنی سازشوں میں مصروف ہے، مسلمانوں کو مسلمانوں سے لڑایا جا رہا ہے، قاتل اللہ کا نام لیکر مظلوم لوگوں کو قتل کر رہا ہے تو مقتول اللہ کا نام لیکر قتل ہو رہے ہیں، اسلام کو بدنام کرنے کیلئے مخصوص نام نہاد مغربی درندوں کو مسلمانوں کے روپ میں مسلم ممالک میں داخل کئے جا رہے ہیں تاکہ قتل و غارت گری کے بازار گرم ہوں اور یہود و نصاری اپنے نشریاتی ذرائع سے لوگوں کو دکھائیں کہ اسلام اور مسلمان کی شناخت دہشت گردی ہے جبکہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اِن یزیدی فکر رکھنے والی قوتوں کے سامنے تمام امتِ مسلمہ کو باہم متحد ہو کر قیام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ درسِ حریت ہمیں سیدنا حضرت امام حسین علیہ السلام میدانِ کربلا میں دے گئے ہیں، حق پرستوں اور حسینی فکر رکھنے والوں کا یہ شیوا ہے کہ وہ باطل کے سامنے ڈٹ جاتے ہیں اور فتح و نصرت اُن کے قدم چومتی ہے۔ علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ امام عالی مقام (ع) کی ذات اقدس اُمتِ مسلمہ کی مشترکہ میراث ہے اور مکتبِ اسلام کا ہر مسلک اُن سے محبت کو جزوِ ایمان اور اُن کی سیرت کو اپنے لئے راہِ نجات سمجھتا ہے۔ آخر میں پاکستان کی سالمیت، استحکام ، آزادی قدس و فلسطین اور کشمیر و بحرین کیلئے دعا کی گئی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree