ایم ڈبلیوایم نے سپریم کورٹ کے کورونا از خود نوٹس کیس میں فریق بننے کیلئے درخواست دائر کردی، ناصرشیرازی

18 April 2020

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے سپریم کورٹ کی طرف سے کورونا از خود نوٹس کیس میں فریق بننے کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری و سینئر ایڈووکیٹ سید ناصر شیرازی نے درخواست گزار کی حیثیت سے موقف اختیار کیا ہے کہ کورونا وائرس ایک عالمی وبا ہے جس نے دنیا کے دو سو سے زائد ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے ملت تشیع کے خلاف میڈیا میں مسلسل اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ نفرت انگیز اور فرقہ وارانہ مواد کا بلارکاوٹ نشر ہونا پیمرا کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

زائرین کو قرنطینہ سینٹرز میں بھیڑ بکریوں کی طرح بٹھا کر کورونا وائرس کا شکار کیا گیا ۔جس کی ذمہ داری وزارت صحت پر عائد ہوتی ہے۔ایران سے واپس آنے والے زائرین پر کورونا پھیلانے کا الزام لگا کر پاکستانی زائرین کی کردار کشی کرنا ایک غیر سنجیدہ عمل ہے۔یہ مذموم مہم ان شدت پسند عناصر کے لیے بھی تقویت کا باعث ہے جو ملک میں وحدت واخوت کے خلاف پوری منصوبہ بندی سے سرگرم ہیں۔ملکی داخلی وحدت کو نشانہ بنا کے وبا کے خلاف جنگ کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔جس کے ذمہ داران کا تعین ضروری ہے۔

 کورونا وائرس سے مقابلے کرنے کے لیے مشترکہ جدوجہد کو ترغیب دینے کی بجائے پوری قوم کوفرقہ وارنہ فکر میں الجھایاجارہا ہے جو ملک وقوم کے مفادات کے منافی اور موجودہ سنگین حالات کے تقاضوں کے برعکس ہے۔ پچاس دن قرنطینہ میں گزارنے اور رپورٹ منفی آنے کے باوجود زائرین کو ہراساں کیا جا رہا ہے اور ان کے گھروں کے باہر نفرت آمیز بورڈ لگائے جا رہے ہیں جو بدترین زیادتی اور شہری و انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ملت تشیع ملک کے ذمہ دار اور باشعور شہری ہیں اورکورونا کو شکست دینے کے لیے طبی ماہرین کی ہدایات پر پوری طرح سے عمل پیرا ہیں۔

سیدناصر شیراز ی کا کہنا ہے کہ ملت تشیع کے حوالے سے ظفرمرزاکاکردار انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور دانش و عقل سے عاری ہے۔وہ اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کے لیے زائرین کو نشانہ بنانے میں مصروف ہیں جو حقائق کے سراسر منافی ہے۔اس سلسلے میں اصل حقائق کو قوم کے سامنے لایا جائے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree