وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان کی عوام شروع دن سے ہی حکمرانوں کی گڈ گورننس نہ ہونے کی وجہ سے بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں اور ان ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تمام طبقات، گروہوں، اداروں کو ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پوری دنیا کی توجہ اس وقت پاکستان کے محروم و مظلوم عوام کی طرف ہے اور اس مستضعف ملت کو مسائل سے نکالنے کے لیے ہماری مدد و نصرت کرنا چاہتی ہے، ہمیں ان کا اعتماد کاموں میں عمدگی، شفافیت، پختگی اور بھرپور ہم آہنگی و وحدت کے ساتھ حاصل کرنا ہوگا۔ ملت کا درد رکھنے والے تمام فلاحی اداروں کو ملکر قوم کی حالت بہتر بنانے کے لیے منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ ویلفیئر خیرالعمل فاﺅنڈیشن پاکستان کے مسئول نثار علی فیضی نے فلاح و بہبود کے ضلعی، ڈویژنل و صوبائی مسئولین کی دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر منعقدہ سیمینار بعنوان ملت کی تعمیر اور فلاحی اداروں کا کردار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیمینار سے جابر بن حیان ٹرسٹ کے کرنل (ر) علی نقی نقوی، حسینی فاﺅنڈیشن پاکستان کے بریگیڈئر (ر) زمرد حسین، انجمن وظیفہ سادات کے علامہ ذوالفقار جعفری، جعفریہ ویلفئیر فنڈ کے مولانا فرحت عباس کاظم اور مارفعی فاﺅنڈیشن کے نمائندہ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے اداروں کا تعارف کروایا اور خیرالعمل فاﺅنڈیشن پاکستان کے اس اقدام کو خوب سراہا اور مستقبل میں رفاہی کاموں کے سلسلے میں بہتر ہم آہنگی و معاونت کا اعادہ کیا۔ خیر العمل فاﺅنڈیشن پاکستان کے جانب سے اہتمام کردہ اس دو روزہ تربیتی ورکشاپ میں گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، ریاست کشمیر اور پنجاب بھر سے فلاح بہبود کے مسئولین نے شرکت کی۔ پروگرام میں انسانیت کی خدمت اسلام کی نظر میں، اسلامی شخصیات و خدمت خلق، خیرالعمل فاﺅنڈیشن کا تعارف، کیس سٹڈی، بین الاقوامی فلاحی ادارے، لیڈر شپ، موٹیویشن، کمیونیکیشن اینڈ رپورٹ رائٹنگ، اکاونٹنگ اینڈ آڈیٹنگ اور میڈیا کے موضوع پرسربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ناصر عباس جعفری، علامہ حسین عباس گردیزی، علامہ شیخ شفاء نجفی، علامہ سید مظاہر موسوی، علامہ احمد نوری، وقار حیدر خان، زین حسن، ارسلان زیدی، فرخ زیدی اور دیگر نے خطاب کیا۔