وحدت نیوز (امریکہ) علامہ تصور جوادی پر قاتلانہ حملہ پاکستان کو فرقہ واریت کی دلدل میں دھکیلنے اور جہاد کشمیر کے خلاف سازش کا نتیجہ ہے،حکومت و سیکیورٹی ایجنسیاں دہشت گردوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری خارجہ امور و چیئر مین المصطفے فاونڈیشن نارتھ امریکہ علامہ سید ظہیر الحسن نقوی نے اپنے خصوصی پیغام میں کیا ،علامہ سید ظہیر الحسن نے مزید کہا کہ اس وقت پوری دنیا مسئلہ کشمیر کی طرف متوجہ ہے ،آزاد کشمیر میں تکفیری عناصر کا گھسنا اور فرقہ واریت و دہشت گردی کا جن بوتل سے باہر نکالنا پاکستان کی جڑوں کو کھوکھلا کرنے اور پاکستان دشمن قوتوں کی خدمت کے مترادف ہے،حکومت و ایجنسیاں تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں اور اس سازش کے پس پردہ عناصر کو بے نقاب کریں اور عبرتناک انجام تک پہنچائیں،ورنہ حالات ان کے کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے جو ملکی سلامتی کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔