وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین قم کی خبر رساں ادارے شفقنا کے چیف ایڈیٹر توقیر عباس کے ساتھ ایک نشست ہوئی۔ نشست کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا، جس کے بعد آفس سیکرٹری مختار مطہری نے نشست کے ایجنڈے کو بیان کیا۔ ایجنڈے کے مطابق ایم ڈبلیو ایم قم کے شعبہ جات کے مسئولین نے اپنے اپنے شعبوں کی فعالیت سے معزز مہمان کو آگاہ کیا۔ اس دوران مسئولین سے اراکین اجلاس خصوصاً مہمان شخصیت نے مختلف سوالات بھی کئے۔ سیکرٹری سیاسیات و ارتباطات عاشق حسین آئی آر اور سیکرٹری فرہنگ و ثقافت منتظر مہدی نے تمام سوالات کے بطریقِ احسن جوابات دیئے، ایم ڈبلیو ایم قم کے مختلف تنظیمی امور اور تعلیمی و اجتماعی سرگرمیوں کے بارے میں اپنی فعالیت کو بھی بیان کیا۔
اس کے بعد شفقنا کے چیف ایڈیٹر توقیر عباس نے وحدتِ اسلامی کی خاطر اسلامی میڈیا اور تنطیموں کے حوالے سے نہایت جامع گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسلامی تنظیموں کو باہمی اختلافات ختم کرنے کے لئے آخری حد تک جانا چاہیے اور اسلامی میڈیا کو بھی اس سلسلے میں ذمہ داری کا مظاہر کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قم المقدس ایک علمی و معنوی مرکز ہے اور پورے عالم اسلام بلکہ عالم بشریت کی نگاہیں، ہدایت و رہبری، فلاح و بہبود، تعلیم و تربیت اور نجات کے لئے اسی سرزمین پر لگی ہوئی ہیں۔ لہذا مختلف شعبوں کے حوالے سے اسلامی ماہرین کی تربیت اور وحدت و اتحاد کی خاطر یہاں سے بھرپور کام ہونا چاہیے۔ نشست کے آخر میں اجلاس میں ہونے والی گفتگو کا خلاصہ بیان کیا گیا اور دعائے امام زماں ؑ کے ساتھ یہ نشست اختتام پذیر ہوئی۔