وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری سیاسیات خانم سیدہ نرگس سجاد جعفری نے کہا کہ کربلا ہر دور میں ظالم کے خلاف مظلوموں کو حریت اور شجاعت کا پیغام دیتی ہے کربلا ہر دور کے یزید کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا نام ہے کربلا حق کی آواز کو بلند کرتے رہنے کا نام ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے مجالس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ ظالم کے خلاف ڈٹ جانا اور مظلوم کی حمایت و نصرت کرنا ہی عزاداری کا اصل حدف ہے ۔ امام حسین علیہ السلام کی تحریک طاغوت شکن تحریک تھی ۔ اسی تحریک نے بلا تفریق مذہب و مکتب انسانوں کو عزت و شجاعت کے ساتھ جینا سیکھایا۔
انھوں نے کہا کہ چودہ سو سال بعد بھی دشمن کربلا سے خوف زدہ ہے اور کبھی مجالس و جلوس ہائے عزا پر بم دھماکے کرکے اسے محدود کرنے کی کوشش کرتا ہے کبھی اپنے اہلکار حکمرانوں کے ذریعے اسے محدود کرنے کے غلیظ منصوبے بناتا ہے مگر ہر دور کے شمر و یزید کو منہ کی کھانی پڑی ہے ہے اور انشاللہ آج کے یزید کو بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ علماء و ذاکرین پر مختلف اضلاع کی انتظامیہ کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیاں ختم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر آنے والی حکومت کو چاہیے کہ سابقہ ادوار کی اس غلیظ روش کو ختم کرے عزاداری ہمارا قانونی حق ہے اگر کہیں بھی مراسم عزا کی ادائیگی میں رکاوٹ ڈالی گئی تو مجلس وحدت المسلمین کی قیادت خاموش نہیں بیٹھی گی۔
انھوں نے کہا کہ مقتدر حلقوں سے اپیل ہے کہ بے گناہ جبری گمشدہ افراد کو رہا کیا جائے اگر کسی نے کوئی قانون شکنی کی ہے تو اسے ملکی نظام انصاف کے سامنے پیش کیا جائے جبری طور پر سالوں کسی فرد کو حراست میں رکھنا غیر انسانی فعل ہے۔ خانم نرگس سجاد جعفری امسال مری کے مختلف علاقوں بھمروٹ سیداں ، موہڑہ سیداں اور قدیمی امام بارگاہ مری شہر میں عشرہ محرم کی مجالس سے خطاب کررہی ہیں