وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین قم کابینہ کا اجلاس گزشتہ روزوحدت ہاوس قم میں منعقد ہوا، اجلاس میں تنظیمی امور اور پالیسیوں کے علاوہ حضرت عیسیٰ ؑ اور قائداعظمؒ کے حوالے سے بھی اہم گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری امور خارجہ حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت شیرازی نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے یوم ولادت حضرت عیسی علیہ السلام کی مناسبت سے جہان اسلام ومسیحیت کو مبارکبادیتے ہوئے کہا کہ عالمِ بشریت کے لئے حضرت مسیح علیہ السلام مینارہِ نور اور شمع ہدایت ہیں۔اس کے ساتھ انہوں نے 25دسمبر روز ولادت بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمدعلی جناح کی ولادت کی نسبت سے بھی تمام حریت پسند انسانوں کو مبارک بادد ی اور کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لئے قائد اعظم کے ہمہ گیر اور عالمگیر افکارہمارے موجودہ قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بہترین ذریعہ ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں ایک منظم سازش کیساتھ افکار قائد اعظم اور پاکستان کے حقیقی محسنوں کے حقیقی کردار کو نظر انداز کرکے ان لوگوں کے افکار کوسکولوں ، کالجز اور یونیورسٹیوں کی درسی کتابوں اور نصاب میں شامل کردیا گیا ہے جو قیام پاکستان اور قائداعظم کے سخت مخالف تھے۔انہوں نے کہا کہ ایک مخصوص لابی جو قیام پاکستان کے ہی خلاف تھی اور آج بھی آئین پاکستان کو نہیں مانتی ، اس لابی کے لیڈروں کو پاکستان کے قومی ہیرو بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے محب وطن پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں قائداعظم کے دشمنوں اور مخالفین کے نظریات کو پڑھائے جانے کا سختی سے نوٹس لیں، انہوں نے باشعور طبقے سے اپیل کی کہ پاکستان کے تعلیمی اداروں سے پاکستان اور قائد کے مخالف لوگوں کے افکار و شخصیات کو حذف کرکے نسلِ نو کو محب وطن پاکستانی بنایا جا ئے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنانے کی کوشش کی جائے۔