وحدت نیوز(مظفرآباد) پاکستان عوامی تحریک کے وفد کی مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سے ملاقات، عوامی تحریک کے وفد کی قیادت مولانا عبدالرزاق قادری اور مولانا ضیاء احمد چغتائی کر رہے تھے، جبکہ مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکرٹری سیاسیات سید تصور عباس موسوی، ریاستی سیکرٹری روابط مولانا سید حمید نقوی ضلع مظفرآباد کے سیکرٹری جنرل مولانا طالب ہمدانی بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خصوصاً انقلاب مارچ کے حوالے سے بات چیت کی گئی، اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی اور سیکرٹری سیاسیات سید تصور عباس موسوی نے کہا کہ قائد وحدت علا مہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر آزاد کشمیر بھر سے مجلس وحدت کے کارکنان و عہدیداران پاکستان عوامی تحریک کے شانہ بشانہ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ جابر حکمران جسطرح سے پاکستان کی مظلوم عوام کو دیوار سے لگانے کی کوشش میں ہیں ، انشاء اللہ شیعہ سنی ملکر ناکام بنا دیں گے، ملک دشمنوں سے تو مذاکرات کیئے جاتے ہیں، انہیں مضبوط و مستحکم ہونے کے مواقع فراہم کیئے جاتے ہیں مگر محب وطن اور شہداء کے ورثا کے ساتھ ظلم کی بے مثال داستانیں رقم کر رہے ہیں، وہ وقت دور نہیں کہ جب محب وطن اکھٹے ہو کر اسلام آباد کی طرف بڑھ کر ان کے اقتدار کو عوامی طاقت سے کچل دیں گے، قائد وحدت نے شیعہ سنی وحدت کا نعرہ لگایا ، کشمیر ی عوام عملی ثبوت پیش کرے گی، ڈاکٹر طاہر القادری کے انقلاب مارچ کی مجلس وحدت مسلمین نے بھرپور حمایت کی ہے، انشاء اللہ حمایت کا عملی نمونہ جلد دیکھنے کو ملے گا، آزاد کشمیر سے قافلوں کی صورت میں شرکت کی جائے گی، اور بتایا جائے گا کہ مجلس وحدت مسلمین ڈالر اور ریال کی ریل پیل کے پجاری حکمرانوں کے خلاف بر سر پیکار ہے ، اور شیعہ سنی جو محب وطن طاقتیں ہیں وہ ان ظالم حکمرانوں کو جلد اپنے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔عوامی تحریک کے رہنماؤں نے مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی عوام میں پذیرائی مظلوموں کی حمایت کی بنا پر ہے۔