وحدت نیوز (آزاد کشمیر) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین جوادی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، کراچی اور کوئٹہ میں پے در پے دہشت گردی کے شرمناک واقعات حکمرانوں کی نااہلی اور بے حسی کا ثبوت ہیں، اگر کوئٹہ کو فوج کے حوالے کرنے کے مطالبات تسلیم ہو جاتے تو دوبارہ دہشت گردی کو کنٹرول کیا جا سکتا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پریس کلب میرپور میں مجلس وحدت مسلمین ضلع میرپور کے زیر اہتمام پیام ولایت کانفرنس و تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اپنے صدارتی خطاب کے دوران کیا۔ جبکہ علامہ ابوذر مہدوی مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان مہمان خصوصی تھے۔ کنونشن سے نومنتخب جنرل سیکرٹری ضلع میرپور سید محمد رضا شاہ بخاری،علامہ سید تنویر حسین شیرازی، رزاق جعفری، ڈپٹی سیکرٹری سید تصور کاظمی، خواجہ عباس کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
علامہ تصور حسین جوادی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت میں متحدو منظم ہو کر استماری طاقتوں کا مقابلہ کر سکتی ہے ۔ علامہ ابو ذر مہدوی نے کہا کہ اس وقت ملت اسلامیہ کے اتحاد و اتفاق کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ مولاعلی ؑ کا کردار ہمارے لیے مشعل راہ ہے اور کربلا سے بہتر ہمارے لیے کوئی درس گاہ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ کربلا نے ہمیں باطل کے خلاف ڈٹ جانے اور استعمار کے خلاف نبرد آزما ہونے کا درس دیا ہے انہوں نے کہا کہ آج ہمیں کربلا والوں کی سیرت و عمل کے مطابق اپنی زندگی میں نہ صرف نظم و ضبط پیدا کرنا ہے بلکہ لوگوں میں اتحاد و حدت کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
علامہ ابوذر مہدوی نے کہا کہ ہمیں استعمار کے مقابلے کیلئے خواتین کو بھی میدان عمل میں لانا ہو گا اس کے لیے ہمارے سامنے شریعتہ الحسین ؑ اور زینب سلام اللہ علیھا کی سیرت و کردار کو مشعل راہ بنانا ہو گا انہوں نے کہا کہ انسانیت کی بقاء پرچم مصطفی ؐ کے سائے تلے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مملکت ایران اللہ رب العزت کی واحدانیت اور نصرت کے بھروسے پر امریکہ جیسی نام نہاد سپرپاور کو للکاررہی ہے اور یہ حوصلہ ملت ایران نے محمد مصطفیؐ کے وحی علی مرتضیٰ ؑ سے یہ حوصلہ ملا ہے اور یہ درس کربلا کر اثر ہے کہ آج ملت ایران مسلمانوں کی صحیح قیادت کا فریضہ سرانجام دے رہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم باب العلم حضرت علی ؑ کے ماننے والے ہیں جنہیں رسول پاک ﷺ نے علم کا دروازہ قرار دیا ہے۔ پیام ولایت کانفرنس و ضلعی تنظیمی کنونشن مجلس وحدت مسلمین میں ضلع بھر سے تنظیم کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نومنتخب عہدیداران کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔