وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی سے ان کی رہائش گاہ پر خواجہ عقیل احمد لون مرکزی صدر تحریک بحالی بلدیاتی انتخابات آزاد کشمیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہم سماجی و سیاسی معاملات زیر بحث آئے۔ خواجہ عقیل احمد لون نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں جنرل الیکشن سے پہلے بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں تاکہ جو لوکل گورنمنٹ کے فنڈ ضائع ہو رہے ہیں وہ اپنے مقام پر لگ سکیں۔
علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے اُن کے مؤقف کی حمایت کی اور کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات کا جمہوریت میں کوئی نعم البدل نہیں ہے، بلدیاتی انتخابات سے اختیارات نیچے منتقل ہوتے ہیں اور وارڈ، کلسٹر و یونین کونسل لیول تک کام ہوتا ہے۔ نیز اس طرح جو لوکل گورنمنٹ کے فنڈ ہیں وہ ضائع ہونے کا اندیشہ کم ہوجاتا ہے۔ چونکہ فنڈ لوکل پارٹیز کے نمائندگان کے ہاتھوں میں ہوتے ہیں وہ اسے اپنے اپنے وارڈ اور یونین کونسل کی سطح پر درست استعمال کرتے ہیں لہذا ہمارا مؤقف یہ ہے کہ جنرل الیکشن سے پہلے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے اور اس کے لیے لائحہ عمل وضع کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے بلدیاتی ادارے بحال ہو سکیں گے اور لوگوں کو انکے حقوق انکی دہلیز تک میسر ہو سکیں گے۔ حکمران اپنی خیانت کاریوں کو چھپانے اور فنڈز ہڑپ کرنے کی خاطر بلدیاتی انتحابات کروانے میں پس و پیش کر رہے ہیں، اس سلسلے میں تحریک بحالی بلدیاتی انتخابات ایک کل جماعتی کانفرنس بلائے اس کے زریعے حکومت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کروائے تاکہ بلدیاتی انتخابات کے زریعے ادارے وجود میں آ سکیں اور اس کے بعد جنرل الیکشن کروائے جائیں۔
خواجہ عقیل لون نے کہا کہ اگر بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے جاتے تو آزاد کشمیر کے جوان مایوس ہو جائیں گے، پھر اپنے حلقوں میں ہم آزاد امیدوار کھڑے کریں گے، جس کے لیے محتلف جماعتوں سے ہمیں تعاون و تائید کی ضرورت ہوگی تاکہ ہم اپنا امیدوار اسمبلی میں پہنچا سکیں اور وہ اسمبلی میں پہنچ کر عوام کے حقوق و بحالی کی بات کریں۔ آج تک تو سیاسی جماعتیں باریاں لے رہی ہیں۔ اس موقع پر عقیل احمد لون کے ہمراہ ارسلان میررہنماء تحریک بحالی بلدیاتی انتخابات بھی موجود تھے۔