وحدت نیوز (سکردو) آئی ایس او بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام حسینی چوک پر منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے بلتستان کے معروف عالم دین اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنما حجتہ الاسلام شیخ غلام فخرالدین نے کہا کہ کربلا حق و باطل کے پیمانے کا نام ہے، کربلا کو ماننے والے کسی ظالم نظام سے حصہ بن سکتے ہیں اور نہ کسی ظلم پر خاموش رہ سکتے ہیں۔ کربلا انسانوں کو درس حریت دیتا ہے، قافلہ کربلا میں شامل ہونے والے اپنے گلے سے ہر طرح کی غلامی کے طوق کو اتار دیتا ہے اور اعلٰی انسانی اقدار کی حفاظت کے لیے میدان میں رہتا ہے۔ کربلا کے واقعے نے انسانیت کو معراج عطا کی ہے اور امام عالی مقام نے کربلا میں تمام انسانی اقدار کو حیات نو دے کر صرف مسلمانوں کو ہی نہیں بلکہ پوری انسانیت کو معراج عطا کی ہے اور حفظ کیا ہے لہٰذا قافلہ کربلا کے سپہ سالار امام عالی مقام صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ تمام انسانوں کے محسن ہیں۔ امام عالی مقامؑ نے کربلا کے لق و دق صحر میں اپنا مال، عزت، جانیں سب کچھ قربان کر کے اسلام اور انسانی اقدار کو حیات بخشی ہے۔ آج اگر دنیا میں ظلم کے مقابلے میں کسی کو قیام کرنے کی ہمت ہے تو وہ کربلا کی مرہون منت ہے، کربلا کی حریت بخش تحریک نے دنیا بھر کی حریت پسند تحریکوں کو توانائی عطا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان میں انتقامی سیاست اور ظلم پر اتری ہوئی ہے اور بے گناہوں کو گرفتار کر کے اپنا اصل چہرہ واضح کر رہا ہے میں کہنا چاہتا ہوں کہ گلگت میں بے گناہ گرفتار شدگان کو فی الفور رہا کیا جائے ورنہ اس ظلم کیخلاف بلتستان میں تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔