وحدت نیوز(بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی امیدواروں پر حملہ طاغوتی عناصر کی طرف سے محب وطن، امن پسند اور پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظوں کو ملی اور اجتماعی امور سے دور رکھنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں جاری دہشت گردانہ واقعات سکیورٹی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ موجودہ حکومت نے دہشت گردوں اور پاکستان دشمنوں کے ساتھ مذاکرات کا ڈرامہ رچا کے انکی ہمت اور حوصلے بلند کئے ہیں، اگر حکومت دہشت گردوں کے خلاف بےرحمانہ کاروائیاں جاری رکھتی تو یہ مٹھی بھر فتنہ پرور ٹولہ ہتھیار ڈالنے پر مجبور ہو جاتے۔ پاکستان آرمی کے جوانوں پر حملہ ہو یا عام شہریوں پر اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت کی کمزور اور بزدلانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔