وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے الیکشن مانیٹرنگ سیل نے مسلم لیگ نون کی طرف سے گلگت بلتستان انتخابات کے موقعہ پر متوقع انتخابی بے ضابطگیوں اور طے شدہ دھاندلی پر رپورٹ تیار کر لی ہے۔ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے ایسے عناصر پر نظر رکھنے کے لیے تربیت یافتہ ٹاسک فورس کی تشکیل کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے جوانتخابی مراحل کی بھرپور نگرانی کرے گی۔وحدت ہاؤس گلگت سے جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کا امن و سکون شفاف الیکشن سے مشروط ہے۔ حکومت کی طرف سے دھاندلی کی کسی بھی کوشش کو شدید عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا ۔مسلم لیگ ن کو عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے انتخابی عمل کو شفاف انداز میں درست سمت بڑھنے دینا چاہیے۔ گلگت بلتستان میں ہمارے تاریخ ساز جلسوں نے مخالفین کوذہنی طور پر شکست کے لیے آمادہ کر لیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ وہ بوکھلاہٹ میں اپنے روایتی حربوں پر اتر آئے ہیں۔جی بی کے الیکشن میں قومی وحدت پر کاری ضرب لگانے کے لیے مسلم لیگ نون کچھ شخصیات سے سودا بازی کرنا چاہ رہی ہے لیکن شاید وہ اس حقیقت سے آگاہ نہیں کہ یہاں کی باشعور عوام نے ووٹ کو کردار کے ساتھ مشروط کر لیا ہے۔ عوامی قوت کی حقدار فقط وہی جماعت ہو گی جس نے دعووں کی بجائے میدان عمل میں رہ کر قوم کی خدمت کی ہے۔مسلم لیگ نون ان کالعدم تنظیموں اور طالبان کی سرپرست ہے جن کے ہاتھ ہزاروں بے گناہ پاکستانیوں کے خون میں رنگے ہوئے ہیں۔ان کے ساتھ تعاون شہداکے خون سے غداری کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم نے ایم ڈبلیو ایم کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ گلگت بلتستان کے تین سو سے زائد شیعہ سنی علما ایم ڈبلیو ایم کا حصہ بن کر ان کی انتخابی مہم میں دن رات مصروف ہیں۔اس کے علاوہ بیشتر نامور سیاسی و سماجی شخصیات بھی مجلس وحدت میں شمولیت کا اعلان کر چکی ہیں جس کے باعث ہمیں شانداراور حوصلہ افزا نتائج ملنے شروع ہو گئے ہیں۔