وحدت نیوز (بلتستان) علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی مجلس وحدت مسلمین صوبہ گلگت بلتستان کے دوبارہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ گلگت بلتستان کی صوبائی تنظیم نو کا انعقاد ڈویژنل سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین بلتستان ڈویژن میں ہوا۔ صوبائی کنونشن میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، سیکرٹری امور خارجہ علامہ شفقت شیرازی اور مرکزی سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ان کے علاوہ گلگت بلتستان بھر سے کثیر تعداد میں علمائے کرام بھی شریک ہوئے، جن میں بزرگ عالم دین علامہ آغا مظاہر حسین موسوی حسین آباد،علامہ بلال ثمائری ، علامہ شیخ احمد علی نوری اسکردو، علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی گلگت، علامہ شیخ حفاظت علی جعفری استور، علامہ شیخ علی اصغر طاہری گلگت، علامہ شیخ اکبر علی رجائی کھرمنگ، علامہ محمد یعقوب محمدی کھرمنگ، علامہ شیخ علی یوسف اخونزاد، علامہ اشرف حسین مفتی اسکردو، علامہ محمد ابراہیم اور علامہ احمد شاہدی شامل تھے۔
صوبائی کنونشن دو روز جاری رہا، کنونشن میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ان میں ضلع بلتستان، ضلع گلگت، ضلع ہنزہ نگر، ضلع گنگچھے، ضلع شگر اور ضلع کھرمنگ کی بھی نمائندگی تھی۔ صوبائی کنونشن میں سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ناصر عباس جعفری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی اور سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی نے خطاب کیا۔ ضلعی اراکین نے اکثریت رائے سے علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی کو مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کا سیکرٹری جنرل منتخب کیا۔ تنظیمی کنونشن میں گلگت بلتستان کے تمام یونٹس سیکرٹری جنرلز اور نمائندگان نے شرکت کی۔ کنونشن کا آغاز نماز مغرب کے بعد ہوا، جس سے ابتدائی خطاب ڈویژنل سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کیا۔ ان کے بعد مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے خطاب کیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں گلگت بلتستان بھر سے آنے والی تنظیمی شخصیات اور ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں سے مختصر اطلاع پر تشریف لانے والے یونٹس مسؤلین اور ذمہ داروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور یہ آپ سب کے خلوص اور جذبہ دینی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت کی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ہم نے اپنی سرگرمیوں کو جاری و ساری رکھنے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا اور اسلام و وطن عزیز پاکستان کے استحکام و سلامتی کے لیے سرگرم عمل رہے۔ ہمیں گلگت بلتستان میں اسلام دشمن اور پاکستان دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنے صفوں میں وحدت پیدا کرنی ہے اور اس خطے امن آشتی اور تمام مسالک کے درمیان وحدت کے فروغ کے لیے جدوجہد کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اس وقت عالمی سامراجی طاقتوں کے نرغے میں ہے، وطن عزیز کے دشمنوں کی نگاہیں اس سرزمین پر ہیں، ہمیں ہوشیار اور آمادہ رہنے کی ضرورت ہے۔