وحدت نیوز(گلگت) حکومت گلگت بلتستان میں نجی اور سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کے فلاح و بہبود کیلئے منصوبہ بندی کرے اور ان ملازمین کے جاب سیکورٹی سمیت ای او بی آئی میں رجسٹریشن کو یقینی بنائے ۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری امور سیاسیات غلام عباس نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے نجی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کا مستقبل انتہائی تاریک ہے ،ان اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کی نہ تو جاب سیکورٹی ہے اور نہ ہی کوئی ریٹائرمنٹ پیکیج ہے حالانکہ پرائیویٹ کمپنی ایکٹ کے تحت تمام ملازمین کے حقوق کا تحفظ حاصل ہے۔گلگت بلتستان میں حکومت کی جانب سے اس جانب توجہ ہی نہیں دی گئی ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں ملازمین کا مستقبل تااریک دکھائی دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لیبر ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان اپنی ذمہ داریوں سے یا تو آگاہ نہیں یا پھر انہیں کوئی دلچسپی نہیں حالانکہ ای او بی آئی میں تمام نجی اداروں کے ملازمین کی رجسٹریشن کے ذریعے ان ملازمین کے مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔ گلگت بلتستان میں تمام نجی اداروں کے ملازمین کی تفصیلات اکھٹی کرکے ان تمام ملازمین کی رجسٹریشن کروائی جائے تو ساٹھ سال کے بعد یہ ملازمین پنشن کی سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں اور ملازمت سے فارغ ہونے کے بعد معقول پنشن اپنے گھر کے خرچے چلاسکتے ہیں جس جانب حکومت کی عدم توجہ مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔انہوں نے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا کہ وہ لیبر ڈیپارٹمنٹ اور ای او بی آئی کے حکام کی اس غفلت کا نوٹس لیکر متعلقہ حکام کو فوری طور پر پرائیویٹ اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کی تفصیلات جمع کرنے اور ان کی رجسٹریشن کویقینی بنانے کیلئے احکامات صادر فرمائیں تاکہ ان غریب ملازمین کی حوصلہ افزائی ہوسکے ۔
حکومت گلگت بلتستان میں نجی اور سرکاری اداروں کے ملازمین کی فلاح وبہبودکیلئے اقدامات کرے،غلام عباس