وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصرعباس جعفری نے گلگت میں انتخابی مہم کے دوران خومر بشوٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خدا نے ان لوگوں کو خدمت کا موقع فراہم کیا، جسے ان جماعتوں نے ضائع کر دیا اور عوامی خدمت سے آنکھیں چرا کر اقتدار کے مزے لوٹتے رہے۔ گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں، جنہوں نے مصائب و مشکلات سے مقابلہ کرنا سیکھا ہے، 67 سالوں سے وفاقی حکمرانوں سے اپنے حقوق کا مطالبہ کرتے رہے لیکن حکمرانون نے آج تک اس خطے کے باوفا عوام کو بنیادی حقوق دینے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی بازیابی ہے، ہم عوامی جدوجہد کے ذریعے گلگت بلتستان کے عوام کو انکے حقوق دلا کر دم لیں گے۔ سابقہ ظالم حکمرانوں نے عوام کو محرومی اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا، عوامی مینڈیٹ کے ذریعے برسراقتدار آنے والی حکومتون نے عوام سے خیانت کی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین کی پوزیشن بہت مضبوط ہے، واضح اکثریت سے فتح حاصل کرکے اس خطے کو روشن اور بااختیار بنائیں گے اور عوام کو محرومی سے نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی کوشش ہے کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر غیر جمہوری حکومت بنائے اور یہان کے وسائل پر قبضہ کرے لیکن ہم بتا دینا چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے عوام کے حق رائے دہی پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں، وہ زمانہ گزر گیا جب گلگت بلتستان کے عوام کے پیچھے کوئی کھڑا نہیں تھا، آج پورے پاکستان میں اس خطے کے مظلوموں کی آواز میں آواز ملانے والے لاکھون افراد موجود ہیں، جو انکے حقوق کو دبنے نہیں دیں گے۔