وحدت نیوز(گلگت)گلگت بلتستان کے عوام آزمائے ہووں کو مسترد کرکے تعلیم یافتہ نوجوان قیادت کو خطے کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے کا موقع دیں،روائتی اور مورثی سیاست نے علاقے کو محرومی اور بدحالی کے سوا کچھ نہیں دیا،آج بلند و بانگ دعویٰ کرنے والے بتائیں کہ جب عوام 12 دن تک سڑکوں پر اپنے بنیادی حق سبسڈی کے لئے بیٹھی تھی تب یہ لوگ کہا ں تھے؟اب وہ دور نہیں رہا کہ عوام کو بیووقف بنا کر اقتدار کے مزے لوٹیں،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیا ت سید ناصر شیرازی نے گلگت میں ورکرز اجلاس سے خطاب میں کیا ۔
انہوں نے کہا کہ عوام اسمبلی میں صرف چہروں کی تبدیلی نہیں چاہتی بلکہ نظام کی مکمل تبدیلی کے خواہاں ہیں،پیپلز پارٹی کے سابق حکمرانوں نے اس علاقے کے ساتھ جو سلوک کیا ہے اس کے نتائج 8 جون کو مل جائے گا،موجودہ حکمران بھی لولی پوپ کے سہارے الیکشن کو ہائی جیک کرنا چاہتے ہیں،اگر یہ حکمران علاقے اور اس کے عوام کے ساتھ مخلص ہیں تو ان کو ان کا آئینی حق دیا جائے،چند مفاد پرستوں کو نواز کر عوامی رائے خریدنے کی باتیں کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،خطے کے عوام ان بہروپیوں سے بخوبی واقف ہیں،انشااللہ 8 جون عوامی فتح کا دن ہوگا اور خلق خدا ہی اس خطے پر راج کریگی۔