وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی نے ایک قراداد کو متفقہ طور پر منظور کیا ہے جس میں پاکستانی حکومت سے پاک چین اقتصادی کوریڈور کے مشاورتی کمیٹی میں گلگت بلتستان کو نمائندگی دینے اور گلگت بلتستان میں اقتصادی کوریڈور کے کم سے کم دو اکنامک زون بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔قراداد میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان جغرافیائی لحاظ سے نہایت ہی اہمیت کا حامل خطہ ہے۔یہ خطہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا گیٹ وے ہے اور منصوبے پر عملدرآمد کے نتیجے میں خطہ گلگت بلتستان دونوں ممالک کے علاوہ سنٹرل ایشیائی ممالک مشروقی وسطیٰ اور یورپی ممالک کے مابین تجارتی مرکز میں تبدیل ہوسکتا ہے۔یہ قراداد مجلس وحدت مسلمین کے رکن اسمبلی حاجی رضوان نے ایوان میں پیش کی، قرارداد میں بحث کا آغاز کرتے ہوئے نون لیگ کے رکن اسمبلی میجر (ر) محمد امین نے پاکستانی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلسل 68 سالوں سے گلگت بلتستان کو نظرانداز کر رہا ہے ہر دور حکومت میں ہمارے حقوق پامال ہو رہے ہیں قائد حزب اختلاف شاہ بیک نے کہا کہ اس منصوبے سے گلگت بلتستان کو کیافائدہ اور نقصان ہے ہمیں آگاہ کیا جائے۔اس قراداد کی کسی بھی رکن نے مخالفت نہیں کی جس پر اسپیکر فدا نادشاد نے قراداد کو متفقہ طور پر منظور ی کا اعلان کیا۔