وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین انتخابات کے لیے بھر پور آمادہ ہے اوروفاقی حکومت کو بتائیں گے کہ انتخابات لڑنا کس چیز کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین تمام حلقوں کے امیدواروں کے ناموں کا اعلان بہت جلد کیا جائے گااور اپنے منشور کو بھی عوام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ لاکھ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرے اورپری پول رگینگ کرے کسی بھی حلقے میں انکی پوزیشن واضح نہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز لیگی قیادت ریاستی طاقت کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پھیلانے اور جمہوری اقدار کو ترک کر کے دھونس دھمکی سے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش نہ کرے۔ انتظامیہ کسی جماعت کی پالیسیوں پر عملدرآمدکرنے کی بجائے غیر جانب دار ہو کر شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے کوشش کرے تاکہ علاقہ اور وطن عزیز پاکستان کی استحکام اور خوشحالی ممکن ہوں۔ علامہ آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ مجلس وحدت عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی اور ہر حلقے میں اہل امیدواروں کو سامنے لاکر گلگت بلتستان کے حقوق کی جنگ لڑی جائے اور عوام کی ترجمانی کرتے ہوئے خطے میں خوشحالی ،امن ،ترقی،مساوات اورفلاح و بہبود کے لیے کوشش کی جائے گی۔ مجلس وحدت عوام کی آواز ہے اور عوامی طاقت سے ہی الیکشن میں کامیابی حاصل کرے گی۔